تنبیہ - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

تنبیہ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

روایت "کتاب اللہ و سنتی" ہم نے متعدد باسند کتب سے درج کی ہے۔ اس پر بعض لوگوں کو یہ وہم پیدا ہوا کہ "کتاب اللہ و سنتی" کی پیش کردہ سب روایات ضعیف اور متروک ہیں بلکہ بعض موضوع ہیں حالانکہ یہ بات درست نہیں اور علماء کے بیان کردہ قواعد کے برخلاف ہے۔ مزید برآں ہم نے اس ایڈیشن میں "کتاب اللہ و سنتی" کی مزید سات عدد روایات تلاش کرکے سابقہ روایات کے ساتھ اضافہ کر دیا ہے مثلاً ابن حزم الظاہری سے ایک باسند روایت، علامہ ابن عبدالبر ؒسے دو عدد باسند روایات، خطیب بغدادی سے تین عدد باسند روایات، اور شیخ المروزی سے ایک عدد باسند روایت نقل کر کے پیش کر دی ہے۔
اب سابقہ علماء کرام اور مذکورہ بالا حضرات کی روایات کو ملا کر نظر کی جائے تو اسِ روایت کے نقل کرنے والے کبار علماء کا ایک جم غفیر ہے جو اپنی اپنی سند کے ساتھ روایت ہٰذا کو اپنی تصانیف میں درج کر رہا ہے۔
فلہٰذا یہ حدیث کبار علماء میں درجہ شہرت کو پہنچ چکی ہے اور اسناد کے طلب کیے جانے سے مستغنیٰ ہو گئی ہے۔ جیسا کہ ابن عبدالبر نے اپنی کتاب "تجريد التمہيد" کے صفحہ 251 (طبع اول) پر اس چیز کو درج کیا ہے اور ہم اس قول کو سابقاً درج کر چکے ہیں۔
1: نیز اہل علم بطورِ قاعدہ اور ضابطہ کے فرمایا کرتے ہیں کہ جس روایت کو امت کی تلقی بالقبول حاصل ہو تو اس کے صدق کے ساتھ یقین کیا جاتا ہے۔ اور درود روایتِ امت کی تلقی کے بعد طلبِ اسناد کی محتاج نہیں رہتی۔ خطیب بغدادی نے اس مسئلہ کو ذیل مقامات میں تحریر کیا ہے:
1: كتاب: الفقيہ والمتفقہ صفحہ 96 جلد 1 تحت باب، القول فی السنۃ المسموعۃ)من النبی صلى اللّٰه عليه وسلم الخ
2: كتاب الفقيہ والمتفقہ صفحہ 189 جلد 1 صفحہ 190 جلد 1 باب القول فی الاحتجاج صحيح القياس ولزوم العمل بهٖ۔
2: اور ابوبکر الجصاص الحنفیؒ نے اس چیز کو صراحت کے ساتھ لکھا ہے کہ ایک روایت آحاد کے طریق سے مروی ہے اور لوگوں نے اس روایت کو قبول کیا ہے یعنی اس کو تلقی بالقبول حاصل ہے، وہ ہمارے نزدیک متواتر کے معنیٰ میں شمار ہوتی ہے:
لان ما تلتاه الناس بالقبول من اخبار الآحاد فهو عندنا فی  معنى المتواتر
(احكام القرآن للجصاص الحنفی: جلد اول صفحہ 456 طبع اول مصری تحت الطلاق مرتان بحث ذكر الاختلاف فی الطلاق بالرجال)
3: علامہ ابن الہمام حنفی نے فتح القدیر شرح ہدایہ کے متعدد مقامات میں اس مسئلہ کو لکھا ہے: ایک مقام میں روایت طلاق الامۃ ثنتان و عدتها حيضتان کی بحث کے تحت امام مالکؒ کا قول نقل کرتے ہوئے لکھا ہے: "وقال مالك شهرة الحديث بالمدينة تفن عن صحة سنده"
(فتح القدیر: صفحہ 43 جلد 3 تحت روايۃ طلاق الامۃ ثنتان)
یعنی امام مالکؒ فرماتے ہیں کہ مدینہ طیبہ میں (دور اول میں) جو حدیث مشہور (عند العلماء) ہو جائے وہ صحت سند سے مستغنیٰ ہو جاتی ہے۔
4: علامہ السیوطیؒ نے تدریب الراوی (شرح تقریب) میں صحتہ حدیث کی بحث میں مسئلہ ہذا کے لیے الاستذکار سے ابن عبدالبرؒ کے اقوال نقل کیے ہیں وہاں فرماتے ہیں کہ علماء کی طرف سے تلقی بالقبول حاصل ہونے سے روایت صحیح سمجھی جاتی ہے۔
پھر اس فن کے مشہور عالم استاذ ابو اسحٰق الاسفرائینیؒ کا فرمان نقل کیا ہے قال الاستاذ ابو اسحٰق الاسفراینی تعرف صحة الحديث اذا اشتهر عند أئمة الحديث بغیر نکیر منهم
یعنی استاذ اسفرائینی ؒفرماتے ہیں کہ حدیث کے اماموں کے نزدیک جب ایک حدیث مشہور ہو جائے اسے بغیر انکار کے امت قبول فرما لیں تو یہ اس حدیث کی صحت کی علامت ہے اور اس کے صحیح ہونے کا نشان ہے۔
(تدريب الراوی: صفحہ 24، 25، بحث صحۃ الحديث تحت التنبيہ الخامس)
ان معروضات کے بعد روزِ روشن کی طرح یہ مسئلہ واضح ہو گیا کہ جس حدیث کو تلقی است حاصل ہو جائے اور علماء فن اس کو قبول کر لیں اور اس پر نکیر نہ کریں تو وہ روایت درست ہے۔ تو روایت "کتاب اللہ و سنتی" بھی علماء و محدثین میں درجہ شہرت رکھتی ہے اور اس پر علماء و کبار کی طرف سے انکار نہیں پایا گیا۔ بنا بریں وہ طلب اسناد سے مستغنیٰ کے درجہ میں ہے اور عند العلماء مقبول ہے۔
اب اس کے بعض اسانید پر اگر جرح دستیاب ہو جائے تب بھی اس کی قبولیت میں کوئی فرق نہیں آتا۔ یہ امت کے نزدیک مقبول ہوگی۔
فلہٰذا بعض لوگ جو "کتاب اللہ وسنتی" والی حدیث کے رد کرنے کے درپے ہوئے ہیں ان کی تحقیق صحیح نہیں، مذکورہ بالا قواعد کے خلاف ہے۔ اور اللہ ان کو ہدایت بخشے اور تعصب سے نجات دلائے۔