عبقات الانوار جلد اول صفحہ 170 میں ابو القاسم بغوی کی مندرجہ ذیل روایت مذکور ہے۔ اور کتاب فوائد السمطین حموی سے یہ روایت صاحبِ عبقات نے نقل کی ہے۔
"انبأنا ابو القاسم عبداللّٰه بن محمد بن العزيز بغوی انبأنا بشر بن الوليد الكندی انبانا محمد بن طلحة عن الاعمش عن عطية عن ابی سعيد الخدری عن النبی صلى اللّٰه عليه وسلم قال انی اوشك ان ادعى فاجيب وانی تارك فيكم الثقلين كتاب اللّٰه عز وجل حبل ممدود من السماء الى الارض وعترتی اهل بيتی وان اللطيف الخبير اخبرنی انهما لن يتفرقا حتىٰ يردا على الحوض فانظروا ما تخلفونی فیهما"
(عبقات الانوار: جلد 1 صفحہ 170 بحوالہ فوائد السمطین حموی)
اس روایت کا اصل ماخذ تو کتاب فوائد السمطین حموی ہے جو ہم کو تاحال میسر نہیں ہوسکی۔ اللہ اعلم کس پایہ کی کتاب ہے، موثق و معتبر روایت اس میں جمع کی گئی ہیں یا رطب و یابس کا مجموعہ ہے۔ تاہم اس اسناد میسر شدہ مندرجہ بالا، میں غور و فکر سے ثابت ہوا ہے کہ اس سند میں عطیہ بن سعد عوفی کوفی تشریف فرما ہے۔ یہ بزرگ کثیر الخطا ہے، ضعیف الحدیث ہے اور مشہور شیعہ ہے، عجیب قسم کا مدلس ہے۔ اپنے شیخ محمد بن السائب کلبی سے روایات نقل کرکے ابوسعید کے نام سے لوگوں میں پھیلاتا تھا۔ اس کی پوری اور ضروری تشریح ہم طبقات ابن سعد کی سند کے تحت درج کر چکے ہیں۔ تفصیل وہاں ملاحظہ کر لی جائے اور شیعوں کے ہاں یہ شخص اصحاب محمد باقر میں شمار کیا گیا ہے۔
جامع الرواة اور رجال مامقانی نے اس چیز کی خوب وضاحت کی ہے. فلہذا یہ روایت قابلِ تسلیم نہ متصور ہوگی۔
تنبیہ:صاحبِ عبقات نے آگے چل کر 393ھ میں ابو طاہر محمد بن عبدالرحمٰن المخلص الذہبی کی ایک روایت مستقل درج کی ہے۔ ناظرین کرام کی خدمت میں یہ عرض کرنا ہے کہ وہ کوئی الگ اسناد کے ساتھ علیحدہ روایت نہیں ہے۔ وہ روایت بھی کتاب "فوائد السمطین" حموِی میں ابوالقاسم بغوی مذکور کی سند مندرجہ بالا کے ساتھ مروی ہے جس میں عطیہ عوفی وغیرہ بزرگ موجود ہیں۔
فلہٰذا ابو الطاہر محمد بن عبدالرحمٰن المخلص الذہبی کی روایت کی خاطر الگ بحث کی حاجت نہیں، یہ مخلص ذہبی کی روایت "عبقات الانوار": صفحہ 198 جلد اول پر آپ ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔ میر صاحب نے المخلص ذہبی کی الگ اسناد قائم کرکے کثرتِ اسانید دکھانے کی بےجا کوشش کی ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ کتاب ضخیم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، بیشتر مقامات میں انہوں نے یہی روش اختیار کر رکھی ہے۔