ان روایات کے متعلق مختصر اتنا عرض ہے کہ صاحب ینابیع نے ابن عقدہ کی روایات اس حیثیت سے مدون کر کے پیش کی ہیں کہ اور محدثین کی طرح یہ بھی اہلسنت کا مسلم محدث ہے اور صاحب اسناد ہے حالانکہ معاملہ دگرگوں ہے۔ ابن عقدہ 332ھ کا متوفی ہے۔ صاحب اسناد ضرور ہے مگر یہ بزرگ شیعہ ہے اور اس کا تشیع مسلم بين الفریقين ہے۔ زیدی جارودی شیعہ ہے اور ان کی اصول اربعہ کا معتبر و کثیر راوی ہے۔
عبقات کی روایات کے جوابات میں ابوالقاسم بغوی کے بعد ابن عقدہ کی روایات (عبقات سے) آٹھ عدد نقل کر کے ہم نے اس کا مفصل باحوالہ تذکرہ کر دیا ہے رجوع کر کے وہاں ملاحظہ فرما لیا جائے جس کا حاصل یہ ہے کہ:
1: یہ بزرگ ابوالعباس احمد بن محمد بن سعید کوفی ابن عقدہ کے نام سے مشہور ہے۔
2: شیعہ و سنی کے ہاں اس کا زیدی جارودی ہونا مسلم مسئلہ ہے.
3: اہلبيت کے فضائل مناقب میں لاکھوں روایتیں ازبر کر رکھی تھیں، ان کو لوگوں میں مروج کرنا ان میں ثقلین کی روایت بھی ہے۔
4: بڑے عمدہ و معتبر اسانید مرتب کرکے چلا دیتا اور خود سلسلہ اسناد سے غائب رہتا۔
5: موقعہ پا کر معائب صحابہ کرامؓ و مثالب لوگوں کو بیان کرتا۔
مندرجہ ذیل سنی کتب ملاحظہ ہوں:
1: میزان الاعتدال: جلد 1 صفحہ 65 جلد اول طبع مصر
2: لسان المیزان: جلد 1 صفحہ 266
3: البدایہ والنہایتہ لابن کثیر دمشقی: جلد 6 صفحہ 78
مندرجہ ذیل شیعہ کتب ملاحظہ ہوں:
1: جامع الرواۃ: صفحہ 65، 66، 67 جلد اول
2: روضات الجنات: صفحہ 58
3: تحفۃ الاحباب قمی: صفحہ 14
تنبیہ:یہ صرف تین تین حوالہ جات ہر دو جانب سے نقل کئے ہیں، باقی تفصیل اور حوالہ جات بقایا وہاں گزشتہ مقام میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
ان گزارشات کے بعد واضح ہو گیا کہ صاحب ینابیع المودۃ نے جتنی روایات ابن عقدہ کے حوالہ سے درج کی ہیں وہ سب ہم پر حجت نہیں ہیں۔ نہ ان کا جواب ہمارے ذمہ ہے۔
ہمارے سامنے اہلسنت علماء کی جو صحیح روایت صحیح اسناد کے ساتھ پیش کی جائے گی وہ ان شاءاللہ قابل قبول ہے اور وہ اہلسنت علماء جن پر ابن عقدہ کی حیثیت اعتماد واضح نہیں تھی ان سے اس معاملہ میں فروگذاشت ہوئی ہے وہ لوگ بیشک ایک گونہ معذور ہیں۔ ابن عقدہ کی تصویر کا اگر ایک رخ ان کے سامنے نہیں آسکا تو ان کو الزام دینا اور ان پر اعتراض قائم کرنا صحیح نہیں ہے جو کچھ بھی ان علماء سے صادر ہوا ہے صرف غلط فہمی ہے جو ان لوگوں کے تقیہ کی وجہ سے ہوئی ہے اور بس!
وہ روایات جو و فى المناقب کے الفاظ سے اس باب میں درج ہیں:
صاحب ینابیع نے اس باب میں کثرت سے تو وہی روایات درج کی ہیں جن کی مکمل سند نہیں دی۔ صرف محدث کا حوالہ دے دیا ہے اور بعض روایتیں بالکل گول مول رکھیں "و فی المناقب" کے الفاظ سے شروع کرکے درج کر دی ہیں۔ اب یہ معلوم و متعین کرنا کہ یہ کون مناقب مراد ہیں؟ کون ان کا مصنف ہے؟ یہ کچھ درج نہیں کیا۔ بڑے غور و خوض کے بعد یہ رائے ٹھہری ہے کہ خود کتاب "ینابیع" کی روش اور سیاق و سباق کے اعتبار سے اس سے مراد متعین کرنا صحیح ہوگا۔ اپنی جانب سے کچھ کہہ دینا کہ فلاں مناقب یہاں مراد ہیں درست نہ ہوگا۔ اس لیے ہماری دانست کے موافق
1: یا تو سلیم بن قیس ہلالی کی کتاب (جو ہر قسم کی روایات کا کشکول ہے) مراد ہے جیسا کہ صفحہ 32 پر ان الفاظ کے ساتھ شروع کیا ہے۔ و فی المناقب فی كتاب سلیم بن قیس قال علی علیہ السلام الخ
2: یا پھر مناقب سے مراد مناقب اخطب خوارزم ہیں جو فضائل والے لوگوں میں مشہور ہیں ان سے شیعہ مصنفین بھی بہت کچھ مواد حاصل کرتے ہیں جیساکہ کتاب کشف الغمہ عیسٰی اردبیلی میں اخطب خوارزم سے بہت سی فضائل کی چیزیں منقول ہیں۔ بعض سنی متساہل اور ناواقف حضرات بھی اس سے مواد اخذ کرتے ہیں حالانکہ یہ اخطب خوارزم کوئی قابل اعتماد آدمی نہیں ہے۔
اگر صاحب کتاب مذکور سلیم بن قیس ہیں تو بھی معاملہ صاف ہے اور اگر اخطب خوارزم کے مناقب یہاں مراد ہیں تو بھی بات واضح ہے کہ اخطب موصوف زیدی شیعہ ہے۔ شاہ عبدالعزیزؒ نے "تحفہ اثناء عشریہ" میں اس امر کی تصریح کر دی ہے اس کا پورا حوالہ سابقا دیا گیا ہے اور ابن تیمیہ نے بھی اس پر سخت جرح کی ہے۔
اس کی تمام عبارت ہم نے ابوبکر البیہقیؒ کی روایت کے تحت قبل ازیں مفصل لکھ دی ہے۔ وہاں رجوع کر لیا جائے۔ یہ شخص کوئی لائق اعتماد نہیں ہے جس کی روایت کو بغیر تحقیق کے قابل قبول تسلیم کیا جائے اگر اس کی روایت باسند میسر ہو جائے تو قواعد و ضوابط کے موافق نقد کر کے لی جائے گی۔ یہاں سند ہی ندارد ہے۔
قصہ تمام شد۔