اسناد صحيح مسلم شريف - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

اسناد صحيح مسلم شريف

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 3

اسناد صحيح مسلم شريف از مسلم بن الحجاج القشيری (متوفی 261ھ)

روایتِ ثقلین کے جتنے اسانید ہم جمع کر کے میدانِ تحقیق میں پیش کر رہے ہیں، ان میں سب سے زیادہ صحیح اور متصل اسناد مسلم کا ہے اور مسند احمد کی روایات میں سے ہشتم روایت کا اور دارمی کا اسناد بھی بالکل صحیح و متصل ہے اور یہ تینوں متون دراصل متن واحد ہیں۔ مسند احمد کا روایت اور مسلم کی روایت میں لفظاً بھی کوئی خاص تفاوت ہی نہیں، شاید کسی ایک حرف کا فرق آجائے، البتہ دارمی کی روایت لفظاً مختصر ہے لیکن معناً اس میں بھی کوئی فرق نہیں ہے۔ رواۃ نے روایت بالمعنی ٰکرتے ہوئے اس مضمون کو مختصر کر دیا ہے۔ اس لحاظ سے یہ ایک ہی روایت ہے، فلہٰذا ان کی تفصيل بھی یکجا کرنی مناسب ہے۔ امام احمدؒ اور دارمی کے متون روایت پہلے اپنے اپنے مقامات پر درج ہو چکے ہیں۔ اب صرف مسلم شریف کی روایت مکمل پیش کی جاتی ہے، اس کے بعد ان ہر سہ متون کی تفصیلات یکجا عرض کی جائیں گی۔

حدثنی زهير بن حرب و شجاع بن مخلد جميعا عن ابن علية (اسماعيل بن ابراهيم) قال زهير حدثنا اسماعيل بن ابراهيم، حدثنی ابوحيان حدّثنی يزيد بن حيان قال انطلقت انا وحصين بن سبرة و عمر بن مسلم الى زيد بن ارقم فلما جلسنا اليه قال له حصين لقد لقيت يا زيد خيرا كثيرا رايت رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلّم وسمعت حديثه وعزوت معه وصلّيت خلفه لقد لقيت يا زيد خيراً كثيراً حدثنا يا زيد ما سمعت

من رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلم قال يا ابن اخی واللّٰه لقد كبرت سنّی وقدم عهدی ونسيت بعض الذی كنت اعی من رسول اللّٰه صلّى اللّٰه عليه وسلّم فما حدثتكم فاقبلوه وما لا فلا تكلفونيہ ثم قال قام رسول اللّٰه صلّى اللّٰه عليه وسلّم يوما فینا خطيبا بماء يدعى خمّا بين مكة والمدينة فحمد اللّٰه واثنٰى عليه و وعظ وذكّر ثم قال اما بعد الا ايّها الناس فانما انا بشر يوشك ان يأتینی رسول ربی فاجيب وانا تارك فيكم الثقلين اولهما كتاب اللّٰه فيه الهدى والنور، فخذوا بكتاب اللّٰه واستمسكوا به فحث علے كتاب اللّٰه ورغب فيه ثم قال واهل بيتی اذكركم اللّٰه فی أهل بيتی، اذكركم اللّٰه فی اهل بيتی، اذكركم اللّٰه فی اهل بيتی فقال له الحصين ومن اهل بيته يا زيد اليس نسائه من اهل بيته؟ قال نسائه من اهل بيته ولكن اهل بيته من حرما الصدقته بعده قال من هم؟ قال هم اٰل على و اٰل عقيل و اٰل جعفر و اٰل عباس قال كل هؤلاء حرم الصدقة قال نعم۔

(صحيح مسلم جلد دوم، باب فضائل علیؓ: صفحہ 279، طبع نور محمدی دہلی)

یعنی زید بن حیانؒ کہتے ہیں کہ میں اور حصین بن سبرة وعمر بن مسلم تینوں زید بن ارقمؓ کے پاس گئے، جب ہم لوگ ان کے پاس بیٹھ گئے تو حصین نے ان سے کہا کہ اے زید! آپ تو خیر کثیر حامل کی ہے۔ حضورﷺ کا آپ نے دیدار کیا۔ آپ کی احادیث سنیں اور ان کے ساتھ ہو کر جہاد کیا۔ آپ کے پیچھے نمازیں پڑھیں، اے زید! آپ نے خیر کثیر پائی۔ حضور علیہ السلام سے جو آپ نے سنا ہے وہ ہم کو بیان کیجیے۔ زید جواب میں کہنے لگے: اللہ کی قسم، اے بھتیجے! میری عمر بڑی ہو گئی ہے اور بعض چیزیں جو رسول اللہﷺ کی مجھے یاد تھیں وہ اب بھول گیا ہوں، لہٰذا جو کچھ میں تم کو بیان کروں اس کو قبول کر لو اور جو بیان نہ کر سکوں اس کی مجھے مت تکلیف دو۔ پھر اس کے بعد زید کہتے ہیں کہ ایک روز رسول اللہﷺ نے ہمارے درمیان غدیر خم میں جو مکہ اور مدینہ کے درمیان واقع ہے کھڑے ہو کر خطبہ دیا۔ پس آں حضورﷺ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کی اور وعظ و نصیحت فرمائی۔ پھر اس کے بعد فرمایا کہ اے لوگو! میں بھی ایک انسان ہوں، عنقریب اللہ کی جانب سے قاصد موت میرے ہاں پہنچے گا میں قبول کروں گا اور میں دو بھاری چیزیں چھوڑے جاتا ہوں۔ ان میں سے پہلی چیز اللہ کی کتاب ہے، جس میں ہدایت اور نور ہے۔ پس اللہ کی کتاب کو پکڑو اور اس کے ساتھ تمسک کرو۔ پس حضرت محمدﷺ نے کتاب اللہ کے عمل پر برانگیختہ کیا اور اس کی رغبت لائی۔ پھر اس کے بعد فرمایا اور میرے اہل بیت ہیں۔ تم کو اپنے اہل بیت کے متعلق خدا کی یاد دلاتا ہوں، اپنے اہل بیت کے متعلق خدا کی یاد دلاتا ہوں۔ اپنے اہل بیت کے متعلق خدا کی یاد دلاتا ہوں۔

حاصل یہ ہے کہ اہل بیت کے متعلق وصیت کی جا رہی ہے کہ ان کے ساتھ عمدہ سلوک اور حسن معاملہ کرنا ہوگا۔ ان کے ساتھ مودت اور محبت و توقیر و تعظیم کرنی ہوگی، ان کے حقوق کی رعایت پیش رکھنی ہوگی، تاکہ ان پر مظالم اور سختی وارد نہ ہو۔

مندرجہ ذیل امور اس روایت کے متعلق قابلِ توجہ ہیں:

1: حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی یہ روایت اس زمانہ کی بیان کردہ ہے جیسا کہ وہ خود بڑی وضاحت سے فرما رہے ہیں کہ عمر بڑی ہو گئی ہے۔ واقعات کو دیکھے سُنے ہوتے مدت دراز ہو گئی ہے۔ حضور نبی کریمﷺ سے سنی ہوئی چیزیں اب پوری طرح محفوظ نہیں رہیں۔ زیدبن ارقمؓ نے جیسے یہاں روایت سے قبل ایک معذرت ذکر کی ہے۔ اسی طرح ان سے مسند احمد صفحہ 366، 367 جلد چہارم کی روایت ہشتم میں بھی یہی الفاظِ معذرت مروی ہیں جیسا کہ اپنے مقامِ روایت پر گزر چکا ہے اور ابن ماجہؒ باب التوقی فی الحدیث صفحہ 4 میں بھی یہی اظہار معذرت حضرت زیدؓ موصوف سے منقول ہے چنانچہ عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ حب ان کو ذکر کرتے ہیں کہ:

حدثنا رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلّم قال (زيد) كبرنا ونسينا والحديث عن رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم لشديد۔

یعنی رسول اللہﷺ سے ہمیں حدیث سنائیے تو زیدؓ جواب میں کہتے ہیں کہ ہماری عمر بڑی ہو چکی ہے، نسیان آ گیا ہے، حضور اکرمﷺ سے حدیث نقل کرنا مشکل کام ہے۔

2: روایت ہٰذا کے متصلاً بعد اس مضمون کی ایک دوسری روایت زید بن ارقمؓ سے مسلم کے اسی مقام میں مروی ہے۔ اس میں اہل بیت سے ازواج مطہراتؓ کا خارج ہونا ذکر کیا گیا ہے اور روایت ہٰذا میں اقرار ہے کہ ازواج مطہراتؓ نبی کریمﷺ کے اہل بیت میں شامل ہیں۔ ایک ہی راوی سے ایک ہی روایت میں اس طرح کے متخالف قول کا پایا جانا ضبط کے خلاف ہوا کرتا ہے۔

صفحہ 1 از 3