سنتِ رسولﷺ سے استدلال - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

سنتِ رسولﷺ سے استدلال

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 3
ذیل میں چند احادیث اس مسئلہ کی خاطر بطورِ استدلال پیش کی جا رہی ہیں۔ ان میں کتاب و سنت کی اطاعت و تابعداری کا مفہوم بالتصریح موجود ہے، ضمناً و استطراواً نہیں، اب ان احادیث کو درج کیا جاتا ہے:
روایتِ اول: موطا امام مالک رحمۃاللہ متوفی 179ھ:
قال مالك انه بلغه ان رسول الله صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: تركت فيكم امرين لن تضلوا ما تمسكتم بهما كتاب الله وسنة نبيه۔
1: موطا مالک صفحہ 363 باب الباب النبی عن القول فی القدر طبع مجتبائی)
2: الاحکام فی اصول الاحکام لابن حزم الظاہری صفحہ 1075، الجزء الثامن الفصل الاول طبع جديد مصری)
یعنی امام مالکؒ کو یہ بات پہنچی ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ میں نے تمہارے اندر دو چیزیں چھوڑی ہیں جب تک ان دونوں کو پکڑے رکھو گے ہرگز گمراہ نہ ہوگے ایک اللہ کی کتاب ہے دوسری اس کے نبی کی سنت ہے۔
فائدہ: یہاں یہ ذکر کرنا منفعت سے خالی نہیں ہے کہ روایت مذکورہ مرسل ہے اور "مرسلات" و "بلاغیات" مالک مقبول ہیں۔
1: امام مالکؒ کے متعلق ترمذی کتاب العلل صفحہ 239 میں مندرج ہے کہ: قال علی بن عبداللّٰه قلت ليحيىٰ مرسلات مالك؟ قال هی احب الى ثو قال يحيى ليس فی القوم احد اصح حديثا من مالكؒ۔ 
یعنی علی بن عبداللہ کہتے ہیں میں نے یحییٰ سے مالکؒ کی مرسل روایات کے متعلق گفتگو کی۔ یحییٰ نے کہا کہ یہ میرے نزدیک پسندیدہ ہیں. اور قوم میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو مالک سے زیادہ صحیح حدیث رکھتا ہو۔
2: اور حنیفہ کے ہاں مرسل روایات نیز معتبر ہیں چنانچہ "توضیح وتلویح" (الرکن الثانی فصل فی الانقطاع) میں لکھا ہے کہ:
فرسول الصحابی مقبول بالاجماع و مرسل القرن الثانی والثالث يقبل عندنا وعند مالك۔
یعنی صحابی کی مرسل روایات تو بالاجماع مقبول ہے اور تابعین و تبع تابعین کی مرسل روایات حنفیہ اور مالکیہ کے نزدیک مقبول ہیں۔
تنبیہ: حافظ ابن عبدالبرؒ نے اپنی تصنيف "تجريد التمهيد" میں موطا کی حدیث مندرجہ بالا کے متعلق یہ تحقیق لکھی ہے کہ:
هذا حديث محفوظ مشہور عن النبی صلى اللّٰه عليه وسلم وعند اهل العلم شهرة يكاد يستغنىٰ بها عن الاسناد وقد ذكرناه مسنداً فی كتاب التمهيد
(تجريد التمهيد لابن عبد البر: صفحہ 251 طبع مصر)
یعنی اہل علم کے نزدیک نبی کریمﷺ سے یہ حدیث محفوظ و مشہور چلی آرہی ہے اور اتنی قدر اس کو شہرت حاصل ہے کہ اسناد کے ذکر سے مستغنیٰ ہونے کے قریب ہوگئی ہے۔
اب ناظرین کرام کے افادہ کے لیے حافظ ابن عبدالبرؒ کی کتاب (التمھید: قلمی) سے دو عدد روایات نقل کی گئی ہیں جن کا اسناد اصل کتاب میں موجود ہے۔ یہاں اختصار کے پیش نظر صرف متن درج کیا جاتا ہے امام مالکؒ کی مرسل روایت کی تائید میں ابن عبدالبرؒ نے دو عدد مرفوع روایات اس مقام میں نقل کی ہیں وہ پیش خدمت ہیں۔
اول: عن ابی صالح عن ابی هريرة قال قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم انی قد خلفت فيكم اثنين لن تضلوا بعدهما كتاب اللّٰه وسنتی.
(کتاب التمهيد لما فی الموطا من المعانی والاسانيد: صفحہ 451 جلد 6 قلمی، پیر جھنڈا سندھ لابن عبدالبر تحت البلاغيات)
یعنی سیدنا ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسالت مآبﷺ نے فرمایا کہ میں نے دو چیزیں تم میں پیچھے چھوڑی ہیں، ان کے (تمسک کے) بعد تم ہرگز گمراہ نہ ہوگے، وہ اللہ کی کتاب اور میری سنت ہے۔
دوم: عن كثير بن عبداللّٰه بن عمرو بن عوف عن ابيه عن جده قال قال رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم تركت فيكم امرين لن تضلوا ما تمسكتم بهما كتاب اللّٰه وسنة نبيه (صلى اللّٰه عليه وسلم)
(كتاب التمهيد لما فی الموطا من المعانی والاسانيد: صفحہ 451 جلد 6 قلمی، پیر جھنڈا سندھ سختی کلاں تحت بلاغات امام مالکؒ)
یعنی عمرو بن عوفؓ صحابی کہتے ہیں کہ نبی اقدسﷺ نے فرمایا کہ میں نے تم میں دو (چیزیں) چھوڑی ہیں۔ جب تک تم ان کے ساتھ تمسک کرو گے تو ہرگز گمراہ نہیں ہوگے، وہ اللہ کی کتاب اور اس کے نبی کی سنت ہے.
روایت دوم:سیرۃ ابن ہشام متوفی 218ھ
عن ابی سعيد الخدریؓ قال النبی صلى اللّٰه عليه وسلم قاعقلوا ايها الناس قولی فانی قد لغت وقد تركت فيكم ما ان اعتصمتم به فلن تضلوا ابدًا أمرا بيناً
کتاب اللہ و سنّت نبیّه (سیرة ابن ہشام خطبہ حجۃ الوداع)
ترجمہ: سیدنا ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ نبی کریمﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا کہ اے لوگو! میری بات کو سمجھو! تحقیق میں نے دین کی تبلیغ کی اور میں نے تم لوگوں میں وہ واضح روشن چیز چھوڑی ہے اگر تم اس کو اخذ کرو گے تو ہرگز گمراہ نہ ہوگے، وہ اللہ کی کتاب ہے اور اس کی سنت ہے۔
روایتِ سوم (ابن ابی الدنيا متوفی 281ھ):
"اخرج ابن ابی الدنيا عن ابی سعيد الخدری قال خرج علينا رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم فی مرضه الذی توفى فيه ونحن فی صلاة الغداة فقال انی تركت فيكم كتاب اللّٰہ عزوجل وسنتی فاستنطقوا القراٰن بسنتی فانه لن تعمى ابصاركم ولن تزل اقدمكم ولن تقصر ايديكم ما اخذتم بهما"
ترجمہ: سیدنا ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ نبی کریمﷺ جس مرض میں فوت ہوئے ہیں، اس میں ہمارے پاس تشریف لائے ہم صبح کی نماز میں تھے۔ فرمایا کہ میں نے تمہارے درمیان اللہ کی کتاب اور اپنی سنّت چھوڑی ہے پس قرآن کی تشریح میری سنّت کے ذریعے کرو، تمہاری آنکھیں اندھی نہ ہوں گی اور تمہارے قدم نہ پھسلیں گے اور تمہارے ہاتھ کوتاہی نہ کریں گے جب تک تم لوگ کتاب و سنت کو اخذ کیے رکھو گے۔
(الصواعق المحرقہ لابن حجر فضائل علی المرتضٰی الفصل الثانی تحت حديث اربعين: صفحہ 75 بحوالہ ابن ابی الدنيا)
(روایت ھٰذا خطیب بغدادی نے اپنے اسناد کے ساتھ "کتاب الفقیہ والمتفقہ" صفحہ 940، جلد اول طبع سعودی عرب میں تحت "ذکر الخبر بان السنة الاتفارق الكتاب" بہ تفصیل درج کیا ہے)
روایت چہارم: ابن جریر طبریؒ متوفی 310ھ:
طبریؒ نے ابن ابی نجیح سے اپنے اسناد کے ساتھ ذکر کیا ہے کہ نبی کریمﷺ نے حجۃ الوداع کے خطبہ میں فرمایا کہ: ايها الناس اسمعوا قولی فانی قد بلغت و تركت فيكم ما ان اعتصمتم به فلن تضلوا ابدا کتاب اللّٰه وسنة نبيه
صفحہ 1 از 3