سبط ابن جوزی کا اجمالی تذکرہ - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

سبط ابن جوزی کا اجمالی تذکرہ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

سبط ابن جوزی کا اجمالی تذکرہ(المولود 581ھ المتوفی ذوالحجہ 654ھ)
1: اس کا نام یوسف بن فرغلی ہے۔ ابوالمظفر کنیت ہے لقب شمس الدین ہے۔ مشہور علامہ ابن جوزی کی لڑکی کا بیٹا ہے یعنی ابن بنت الجوزی ہے۔
2' اپنے نانا کی صحبت و تاثرات کی وجہ سے پہلے حنبلی مسلک رکھتا تھا بعد میں موصل و دمشق کے علماء (شیخ جمال الدین محمود الحصیری وغیرہ) سے استفادہ کیا تو حنفی مسلک اختیار کر لیا۔ نیز سلطان صلاح الدین ایوبیؒ کے برادر زادہ ملک معظم عیسیٰ کے دربار میں اس کی آمدورفت پیدا ہو گئی تو اس کے مسلک حنفی کو قبول کر لیا۔
(تاریخ ابن خلکان: جلد 2 صفحہ 250، 
فوائد الہبیہ مولانا لکھنوی صفحہ 96،
جواہر المضیہ: جلد 2 صفحہ 230)
3: پھر اس سبط ابن جوزی نے حنفی مسلک کی تائید میں کئی تصانیف مدون کی ہیں انتیس جلدوں میں ایک تفسیر قرآن مجید لکھی ہے۔ امام محمدؒ کی جامع کبیر کی ایک مفصل شرح بھی ہے۔ امام ابوحنیفہؒ کے مناقب میں ایک مجلد تصنیف کیا ہے اور تاریخ و تراجم میں ایک کتاب کلاں لکھی ہے جس کا نام ہے "مراۃ الزمان فی تاریخ الاعیان"
(مراۃ الجنان یافعی: جلد 4 صفحہ 136،
جواہر المضیہ: صفحہ 231، جلد 2،
کشف الظنون: جلد 2 صفحہ 1647)
تنبیہ: دائرۃ المعارف حیدر آباد دکن میں اس کتاب مراۃ الزمان کے بعض اجزاء شائع بھی ہوئے ہیں۔
4: سبط مذکور مشہور واعظ اور مقبول خطیب بھی تھے۔ حنفیوں میں مدرس و مفتی رہے ہیں بڑے پایہ کے مشہور و فاضل تھے۔ بنابریں بعض مؤرخین کے ہاں ان کے مناقب ہی مناقب نظر آئیں گے۔
مثلاً 1:مراۃ الجنان یافعی، 2:تاریخ ابن خلکان،3: تراجم رجال القرنین اور 4:فوائد البہیہ فی تراجم الحنفیہ ہیں۔ البتہ دوسرے بعض محققین علماء مثلاً حافظ ذہبیؒ نے میزان الاعتدال میں اور حافظ ابن تیمیہؒ نے منہاج السنتہ صفحہ 133، جلد 2 میں
اور عبدالقادر القرشی نے جواہر المضیہ :صفحہ 231 جلد 2 فی طبقات الحنفیہ میں
اور کاتب چلپی نے کشف الظنون میں
اور حافظ ابن حجرؒ نے لسان المیزان صفحہ 328 جلد 6 میں اس کا مسلک واضح کر دیا ہے کہ یہ بزرگ حنفیوں میں حنفی تھے، حنبلیوں میں حنبلی تھے اور شیعوں میں شیعہ اور رافضی تھے اور شیعوں کے لیے انہوں نے تصانیف مدون کی ہیں چنانچہ ایک تصنیف جس کا نام "اعلام الخواص" ہے اور اسی کتاب کو تذکرۃ الخواص کے نام سے شیعوں نے مطیع العلمیہ نجف اشرف سے شائع کیا ہے یہ تصنیف بھی سبط مذکور کی ہے۔
5: اور ان کا عقیدہ ہے کہ: قلت ومن شرط الامام ان يكون معصوماً لئلا يقع فی الخطاء الخ
(تذکرۃ الخواص الائمہ: صفحہ 380، طبع نجف اشرف)
اور وہ امام مہدی کو زندہ فی الحال منتظر تسلیم کرتے ہیں اور اس کو آخر الائمہ کہتے ہیں۔ (تذکرۃ الخواص الائمہ: صفحہ 377، از سبط ابن جوزی)
مختصر یہ ہے کہ یہ بزرگ اندرون قلب تشیع کا روگ رکھتے ہیں ان کی تصانیف اور ان کی مرویات ہم پر حجت نہیں ہیں نہ ہی ان پر ہم کو اعتماد ہے کئی جعلی سندیں صحیح تیار کر کے چلا دیتے ہیں۔ فلہٰذا ناظرین کرام ان کے اقوال کو سوچ بچار کے بعد تسلیم کریں اور وہ بھی پوری جرح و قدح کے بعد اگر جمہور علماء اہل سنتہ کے موافق کوئی چیز بیان کریں وہ قابل تسلیم ہوگی ورنہ نہیں۔
تنبیہ: اہل علم کی اطلاع کے لیے ذکر کیا جاتا ہے کہ سبط ابن جوزی کی کئی روایات ہماری کتابوں میں چلتی رہتی ہیں جن علماء کو اس کے مسلک کا علم نہیں تھا انہوں نے اس کی روایات اپنے ہاں درج کرلی ہیں چنانچہ ایک روایت سیرۃ حلبیہ جلد 3 صفحہ 400 پر سبط ابن جوزی کی کلام سے منقول ہوکر درج ہے۔ اس میں سیدنا فاروق اعظمؓ پر طعن ثبت کرنا مقصود ہے کہ سیدنا صدیق اکبرؓ نے ایک وثیقہ (رقعہ) سیدہ فاطمہؓ کو فدک کے بارے میں لکھ دیا مگر وہ رقعہ عمر نے حضرت فاطمہ سے چھین کر چاک کر دیا۔ شیعہ یہ روایت مناظروں میں مطاعن فاروقی میں ہماری کتب سے پیش کرتے ہیں اور حقیقتاً الامر اس کے برعکس ہے روایت ان کے ہی آدمی کی ساختہ پر داختہ ہے ہم پر الزام قائم کرنے کا کیا مطلب ہے یہ سراسر دھوکا بازی اور جعل سازی ہے اہل علم ان فریبوں سے ہوشیار رہیں اور اس قسم کی بےسروپا روایات کو بغیر تحقیق کے ہرگز قبول نہ کریں۔