سبط ابن جوزی کے "تذكرة الخواص" میں یہ روایت ثقلین دو سندوں کے ساتھ منقول ہے۔ ہر دو اسناد نقل کر کے ان کا متعلقہ کلام پیش کیا جائے گا۔ لیکن اس سے قبل ناظرین حضرات کو معلوم ہونا چاہیے کہ "تذكرة الخواص" سبط ابن جوزی کی تالیف ہے۔ ان کی کنیت ابو المظفر ہے۔ نام یوسف بن فراد علی ہے۔ مشہور علامہ ابوالفرج ابن جوزی کے دختر زادہ ہیں اور خالص شیعہ بزرگ ہیں اور ان کی یہ تصنیف بھی شیعہ مسلک کی تائید و تقویت کے لیے مرتب کی گئی ہے۔ اس کا پس منظر معلوم کرنے کے بعد ہم اب ہر دو اسناد بلفظہٖ درج کرتے ہیں۔
روایت اول:قال احمد فی الفضائل حدثنا اسود بن عامر حدّثنا اسرائیل عن عثمان بن مغیرہ عن علی بن ربیعۃ قال لقیت زید بن ارقم فقلت لہ ھل سمعت رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم یقول ترکت فیكم الثقلین واحدھما اکبر من الاٰخر قال نعم سمعته یقول ترکت فیکم الثقلین کتاب اللّٰه حبل ممدود بین السّمآء والارض وعترتی اهل بيتی الا انهما لن يفترقا حتّٰى يروا علی الحوض الا فانظروا كيف تخلفونی فيهما
(تذکرة الخواص: صفحہ 332، باب الثانی عشر مطبوعہ مطبع علمیہ نجف اشرف)
1: واضح ہو کہ سبط مذکور نے اس روایت کو اپنی جانب سے اضافہ کر کے نقل کیا ہے ۔
اصل روایت امام احمدؒ کے ساتھ اجمالاً اس قدر مروی ہے کہ:
عن علی بن ربيعة قال لقيت زيد بن ارقم وهو داخل علی المختار او خارج من عندہ فقلت له اسمعت من رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم انی تارك فيكم الثقلين قال نعم
ہم نے امام احمدؒ کی یہ روایت مسند احمد جلد چہارم مسندات زید بن ارقمؓ میں تلاش کر لی ہے۔ وہاں روایت ہٰذا اسی قدر ہے یعنی قال نعم تک اس میں ثقلین کی تشریح نہیں ندارد ہے۔ تذکرة الخواص صفحہ 332 میں سبط نے اس کو پھیلا کر ازخود درج کیا ہے۔ جیساکہ ان لوگوں کی اضافہ کرنے کی عادت شریفہ ہے اور اس مجمل روایت کی تشریح ہم نے اس سے قبل امام احمدؒ کے مسند کی روایات میں بقدر ضرورت درج کر دی ہے رجوع کر لیا جائے۔
2: ناظرین کرام پر واضح ہو کہ شیعیت کا خاص حامی اور بڑا مخلص شیعہ کتاب "ينابيع المودة" ہے اس نے بھی جہاں ثقلین کی روایات جمع کر کے ایک خاص فصل میں پیش کی ہیں۔ وہاں اس روایت مذکورہ مندرجہ بالا کو زیاداتِ مسند احمد سے اسی طرح مجمل نقل کیا ہے۔ وہاں تفصیل جو سبط ابن جوزی نے از خود ملائی ہے درج نہیں ہے۔ گویا ہماری بات کی تائید ایک خاص تشیع عالم سے پائی گئی۔
3: تیسری گزارش یہ ہے کہ اگر ہم روایت ہٰذا کو ٹھیک تسلیم کر لیں پھر بھی ان دعویٰ داروں کے مقصد کے لیے مفید نہیں ہے۔ اس لیے عترت کے ساتھ تمسک کرنے کا اور وجوبِ اطاعت کا حکم یہاں مفقود ہے جیساکہ ہم نے اس مفہوم کو متعدد بار واضح کیا ہے فلہٰذا یہ دلیل اپنے اثباتِ دعویٰ کے حق میں مجمل ہے واضح نہیں جو دلیل واضح طور پر اپنے مدعی کو ثابت نہ کر سکے تو وہاں تقریب تام نہیں ہوتی۔
روایت دوم:اخبرنا عبدالوھاب الانماطی عن محمد ن المظفر عن محمد ن العتیق عن یوسف بن الدخیل جعفر نے العقیلی عن احمد الحلوانی عن عبداللّٰہ بن داھر حدثنا عبداللّٰه بن عبدالقدوس عن الاعمش عن عطية عن ابی سعيد عن النبی صلی اللّٰه علیہ وسلم قال ترکت فیكم الثقلین احدھما اکبر من الاٰخر كتاب اللّٰه وعترتی اهل بيتی
(تذکرة الخواص: صفحہ 332، الباب الثانی عشر)
اب اس اسناد کی طرف توجہ کیجیے اس میں متعدد لوگ مجروح ہیں اور شیعہ بزرگوں سے یہ اسناد مملو ہے۔ ہم صرف چار دوستوں کا ذکر ذرا تفصیل سے نقل کرنا چاہتے ہیں قارئین باتمکین منصفانہ جائزہ لگا کر قبول روایت یا عدم قبول کا فیصلہ فرما سکیں گے مزید کسی تبصرہ کی احتیاج نہ ہوگی۔
محمد بن المظفر
1:محمد بن المظفر قال الباجی فيه تشيع ظاهر
(میزان الاعتدال ذہبی: جلد 3 صفحہ 138)
2: محمّد بن المظفر انّ ابا الوليد الباجی قال فيه تشيّع ظاهر
(لسان الميزان: جلد 5صفحہ 383)
ہر دو عبارات کا خلاصہ یہ ہے کہ ابو الولید الباجی کہتے ہیں کہ محمد بن المظفر میں تشیع ظاہر باہر ہے۔
دوسرا بزرگ عبداللہ بن داہر ہے اس کی تفصیلات بھی لسان المیزان عسقلانی و میزان ذہبی سے لکھی جاتی ہیں۔
عبداللہ بن داہر
عبد اللّٰه بن داهر ن الرازی ابو سليمان قال احمد ويحيى ليس بشیء وقال وما يكتب حديثه انسان فيه خير وقال العقيلی رافضی خبيث قال بن عدی عامة مايرويه فی فضائل علی وهو متهم فی ذلك
(میزان الاعتدال ذہبی: جلد 2 صفحہ 3)
لسان المیزان عسقلانی: جلد 3 صفحہ 282)
مطلب یہ ہے کہ امام احمدؒ و یحییٰ بن معینؒ نے کہا ہے کہ یہ شخص کوئی شے نہیں ہے اور کہا ہے کہ جس انسان میں کچھ بھی خیر ہے وہ اس کی روایت نہیں لکھے گا۔ عقیلی نے کہا ہے کہ کٹر قسم کا رافضی ہے۔
ابن عدی ؒکہتے ہیں کہ فضائل علیؓ میں جو روایات یہ شخص لاتا ہے ان میں اس شخص پر وضع کی تہمت ہے۔
عبداللہ بن عبدالقدوس:
تیسرا بزرگ عبداللہ بن عبدالقدوس ہے اس کے کوائف ذیل میں درج ہیں:
1: عبداللّٰه بن عبدالقدوس الكوفی رافضی قال يحییٰ لیس بشیء رافضی خبیث قال الدار قطنی ضعيف
(میزان ذہبی: جلد 2 صفحہ 54، 55)
2: عبداللّٰه بن عبدالقدوس السعدی الكوفی رمی بالرفض وكان ايضا يخطئ
(تقريب التهذيب: صفحہ 275، 276)
3: عبداللّٰه بن عبدالقدوس التميمی السعدی الكوفی ابو محمد قال ابن معين ليس بشیء رافضی خبيث قال محمد بن مهران الحمال لم يكون بشیء قال ابو داود ضعيف الحديث كان يرمى بالرفض
(تهذيب التهذيب: جلد 5 صفحہ 303)
ہر سہ مندرجات کا حاصل یہ ہے کہ یحییٰ کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عبدالقدوس باب حدیث میں کوئی شئی نہیں ہے۔ سخت قسم کا رافضی ہے۔ اور دارقطنیؒ نے اس کو ضعیف کہا ہے رفض کے منسوب ہونے کے ساتھ ساتھ حدیث میں خطا کرتا ہے ابنِ معینؒ کہتے ہیں کہ یہ رافضی ہے اور کچھ بھی نہیں ہے اور ابن مہرانؒ نے بھی یہی کہا ہے ابو داؤدؒ نے اس کو ضعیف الحدیث کہا ہے اور رافضی شمار کیا ہے۔
عطیہ عوفی:
چوتھا بزرگ عطیہ عوفی ہے اس کی تشریح متعدد بار گزر چکی ہے۔ طبقات ابن سعدؒ کی سند کے تحت اس کو دوبارہ ملاحظہ کر لیا جائے۔ اس نے اپنے شیخ محمد بن السائب کلبی سے اس نوعیت کی روایات پھیلائی ہیں اور نام ابو سعید خدری ہی تجویز کیا ہے۔ یہ جعل صریح ہے۔
تنبیہ:
1: سبط ابن جوزی نے اس باب ثانی عشری میں اپنے نانا ابوالفرج ابن جوزی پر طعن و اعتراض بھی کیا ہے مگر اس بزرگ کو اپنی تحقیقات کی خبر نہیں ہے کہ کہاں تک صحیح ہیں۔ اس نے کہا ہے کہ اخرجه فی سننه یعنی حدیث ثقلین کو ابو داؤدؒ نے اپنے سنن میں ذکر کیا ہے۔ حالانکہ سنن ابی داؤد میں یہ روایت ثقلین (کتاب اللہ و عترت یا اہل بیت) والی موجود نہیں ہیں۔ شیعی علماء کو میرا مشورہ ہے کہ وہ ہمت کرکے اپنے ہم مسلک کی تائید کرتے ہوئے اس کا یہ حوالہ سچا کر کے دکھلا دیں۔
2: سبط ابن جوزی کا مختصر سا اجمالی تذکرہ ہم اس بحث کے آخر میں بھی بطورِ نمونہ ذیل میں درج کرتے ہیں۔