روایت ثقلین اسد الغابہ فی معرفتہ الصحابہ لابن اثير الجزری…

روایت ثقلین اسد الغابہ فی معرفتہ الصحابہ لابن اثير الجزری رحمۃ اللہ علیہ متوفی 630ھ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

 وروىٰ عنه ابنه ايضاً انه قال خطبنا رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم بالجحفة فقال الست اولىٰ بكم من انفسكم قالوا بلى يا رسول اللّٰہ قال انی سائلكم عن اثنين عن القراٰن و عن عترتی قال الترمذی عبداللّٰہ بن حنطب لم يدرك النبی صلى اللّٰه عليه وسلم۔

(اسد الغابہ طبع طہران: جلد 2 صفحہ 147)

پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ابن اثیر جزریؒ نے اسدالغابہ میں دو جگہ اس روایت کا ذکر کیا ہے۔ اول سیدنا حسنؓ کے تذکرہ میں سیدنا زید بن ارقمؓ سے منقول ہے۔(اسد الغابہ طبع طہران: صفحہ 12 جلد 12 )
یہ اول روایت بالکل بمع اسناد تمام امام ترمذیؒ والی ہے اور ترمذی کی روایت پر پہلے بحث ہو چکی ہے اس کی طرف رجوع کر لینا کافی ہے اس میں متعدد شیعہ بزرگ رواۃ ہیں:
على بن المنذر الكوفى عطية العوفی وغيرهما۔
بار دوم اس روایت کو جز ثالت صفحہ 147 تذکرہ عبداللہ بن حنطب کے تحت اس کو درج کیا ہے۔ بالفاظہ اس کو بالا عبارت کے ساتھ نقل کیا ہے۔ اب اس کے متعلق چند معروضات پیش کی جاتی ہیں جو اہل علم کے لائق ہیں۔
1: اوپر مندرجہ الفاظ کی تشریح اس طرح ہے (رویٰ عنه ابنه) ابن سے مراد مطلب بن عبداللہ بن حنطب بن الحارث المخزومی ہے لفظ عنہ کی ضمیر عبداللہ بن حنطب کی طرف راجع ہے، اور مطلب کا بیٹا عبد العزیز اپنے باپ مطلب سے راوی ہے۔
2: محدثین اور اکابر علماء نے اس باپ بیٹے مطلب بن عبداللہ کے متعلق جو کچھ کلام کیا ہے اس کو قبول روایت کے وقت ملحوظ رکھنا مناسب ہے۔ استیعاب لابن عبد البر صفحہ282 جلد 2 معہ اصابہ میں لکھا ہے کہ حدیثه مضطرب الاسناد لا یثبت، یعنی اس کی حدیث مضطرب الاسناد ثابت نہیں ہے۔
حافظ ابن حجرؒ نے اصابہ میں اس کے صحابی ہونے کا اقرار کیا ہے لیکن ساتھ یہ درج ہے کہ امام ترمذیؒ صفحہ 208 جلد 2 باب مناقب شیخینؓ میں کہتے ہیں کہ عبداللہ بن حنطب لم یدرک النبیﷺ۔ نیز یہ اختلاف بھی ذکر کیا ہے کہ بعض محدثین کے نزدیک اس عبداللہ کے والد حنطب سے اصل روایت مروی ہے۔ وہ حنطب صحابی ہے۔ بعض کہتے ہیں کہ عبداللہ اور حنطب کے درمیان مطلب واقع ہے جو اس عبداللہ کا والد ہے اور حنطب کا بیٹا ہے پس صحبت نبویﷺ "مطلب" کے لیے ہے نہ کہ عبداللہ کے لیے پس ان اختلافات کی بنا پر مطلب بن عبداللہ کی روایت میں اضطراب و تشتت موجود ہے۔
(اصابہ معہ استیعاب: صفحہ 290 جلد 2،
تہذیب: جلد 5 صفحہ 192)
3: مطلب بن عبد اللہ بن حنطب
1: المطلب بن عبداللّٰه المخزومى صدوق كثير الارسال والتدليس(تقريب: صفحہ 492 طبع لکھنؤ)۔
2: ترمذی میں ہے:
قال (محمد بن اسماعيل البخارى) لا اعرف المطلب بن عبداللّٰه سماعا من احد من اصحاب النبی صلى اللّٰه عليه وسلم الا قوله حدثنی من شهد خطبة النبی صلى اللّٰه عليه وسلم وسمعت عبداللّٰہ بن عبدالرحمٰن يقول لا نعرف للمطلب سماعا من احد من اصحاب النبی صلى اللّٰه عليه وسلم۔ 
(ترمذی: صفحہ 15 جلد 2 باب ماجاء فی من قرأ حرفا من القرآن مالہ من الاجر)
3: قال ابن سعد كان كثير الحديث وليس يحتج بحديثه لا نہ يرسل كثيرا اوليس له لقاء وعامة اصحابه يدلسون (تہذيب: جلد 10 صفحہ 178)
ان ہر سہ حوالہ جات بالا کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ شخص بہت تدلیس کرتا ہے اور مرسل روایات لاتا ہے صحابہؓ سے اس کا لقاء و ملاقات نہیں ہے۔ کثیر الحدیث ہے لیکن اس کی حدیث کے ساتھ احتجاج پکڑنا (دلیل بنانا) ٹھیک نہیں ہے۔
4: ھو یرسل ون کبار الصحابۃ کابی موسیٰؓ و عائشۃ قال ابو حاتم و عامۃ احادیثہ مراسیل قال ابن سعد کثیر الحدیث و لیس یحتج بحدیثہ۔
(میزان الاعتدال: جلد 3 صفحہ 177 )
5: ابن اثیر جزریؒ نے اس روایت کی سند مکمل نہیں ذکر کی تھی جو کچھ حصہ سند بیان کیا تھا اس کے متعلقات درج کیے گئے۔ اگر مکمل سند میسر ہو جاتی تو اور بہتر ہوتا۔ صاحب عبقات بھی یہی پسند کرتے ہیں کہ ادھوری سند سے ہی کام چلایا جائے۔
تنبیہ: یہی روایت عبداللہ بن حنطب والی طبرانیؒ کے حوالے سے سیوطی نے رسالہ "احياء الميت" میں درج کی ہے اس کا درجہ اعتماد مندرجہ بالا احوال سے واضح ہے لہٰذا "احياء الميت" کے حوالے کے لیے الگ جواب کی حاجت نہیں ہے۔