ابن عقدہ کا ذکر خیر - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

ابن عقدہ کا ذکر خیر

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

ابن عقدہ کا ذکر خیر!
1: اول اس کا پورا نام اس طرح ہے ابو العباس احمد بن محمد بن سعيد کوفی المعروف ابن عقدہ۔ یہ زیدی و جارودی شیعہ ہے اور مسلم بین الفرقین ہے۔ کہ یہ زیدی و جارودی شیعہ ہے۔
2: دوم اہل بیت کے فضائل اور بنی ہاشم کے مناقب میں تین لاکھ روایات (علی قول)، یا ایک لاکھ بیس ہزار روایات بااسانید اس بزرگ نے روایت کی ہیں۔ ان میں روایت ثقلین بھی ہے جو متعدد طرق سے اس نے روایت کر ڈالی ہے۔
3: یہ بزرگ مشائخ کوفہ کے سامنے روایات تیار کر کے پیش کرتے کہ ان کو آپ روایت کریں اور بعض اوقات خود ان سے راوی و ناقل بن جاتے ہیں۔ خاص کر منکر روایات لانے میں یہ صاحب بڑے مشہور تھے۔
4: اس نے بڑی ترکیب سے مصنوعی روایات لوگوں میں جاری کی ہیں۔ اس طور پر کہ بڑے بڑے ثقہ و معتمد اسانید مرتب کر کے چلا دیتا ہے اور خود درمیان سے غائب ہو جاتا ہے ( بیان اسناد میں راوی کا اپنے آپ کو غائب رکھنا صریح جعل و فریب ہے۔)
5: موقعہ پاکر مطاعن صحابہ کرامؓ و مثالب و معائب (خصوصاً شیخینؓ کے متعلق) املا کراتا تھا۔ اسی وجہ سے کئی محدثین نے (مثلاً عمر بن حیویہ) نے اس شخص سے روایت کا نقل کرنا ترک کر دیا تھا اور کئی محدثین نے اس کی روایت رد کر دی تھی۔
6: تیز یہ شخص شیعوں کے اصول کے
الف:اصول اربعہ (اصول کافی و فروع
ب:تہذیب الاحکام،
ج:الاستبصار،
د:من لا يحضره الفقيه) کا معتمد و مستند راوی ہے۔ تمام شیعی اصحاب رجال و تراجم نے اس کی توثیق و تصدیق کی ہے۔ چنانچہ ہم سنی رجال کے بعد شیعہ رجال سے بھی اس کی تائید بطورِ الزام درج کرنا چاہتے ہیں۔
7: ابن عقدہ بزرگ نے شیعی علماء کے لیے ایک زبردست علمی کارنامہ مرتب کیا ہے اس طرح کہ چھٹے سیدنا جعفر صادقؒ تک سب ائمہ الگ الگ رجال و تلامذہ ائمہ جمع کر کے کتابیں تدوین کر دی ہیں۔ (اس معاملہ میں متاخرین علماء شیعہ سب اس کے خوشہ چین ہیں اور تاقیامت اس کے مرہون منت ہیں۔)
تاریخ و تراجم اور رجال سنی علماء بحوالہ ذیل ملاحظہ ہوں:
اول: تاریخ بغداد: جلد 5 صفحہ 22،21 22،14
دوم: المنتظم فی تاريخ الملوك و الامم لابن الجوزی: جلد 6 صفحہ 337،336۔
سوم: تذكرة الحفاظ للذہبی: جزء 3 صفحہ 56، 57 طبع دکن۔
 چہارم: میزان الاعتدال ذہبی: صفحہ 65، جلد اول۔
پنجم: مرآة الجنان لليافعی: جلد دوم صفحہ 311
ششم: البدايۃ والنہايۃ: جلد ششم للحافظ ابن كثير دمشقی: صفحہ 78 جلد 6
ہفتم: منہاج السنۃ لابن تیمیہ: جلد 4 صفحہ 186، 192 بحث ردالشمس لعلیؓ.
ہشتم: منہاج السنۃ لابن تیمیہ: جلد 4 صفحہ 186، 192 بحث رد الشمس لعلیؓ.
برائے ابن عقدہ تراجم اور رجال شیعی بحوالہ ذیل ملاحظہ فرمائیں:
اول: رجال نجاشی طبع ایران، تقطيع خورد: صفحہ 68
دوم: رجال تفرشی طبع ایران: صفحہ 31
سوم: رجال علامہ حلی: طبع ایران صفحہ 97
چہارم: مجالس المؤمنين: طبع ایران تقطيع کلاں، صفحہ 88، 174
پنجم: جامع الرواة از محمد بن علی اربیلی: جلد اول صفحہ 65، 66، 67
ششم: منتہی المقال ابو علی: صفحہ 107، 108 طبع ایران
ہفتم: روضات الجنات ازخوانساری: صفحہ 58
ہشتم: رجال مامقانی تنقیح المقال' جلد اول صفحہ 85، 86
نہم: ملخص المقال فی تحقیق احوال الرجال القسم الثانی فی الموثقين: صفحہ 118
دہم: تحفۃ الاحباب شيخ عباس قمی: صفحہ 14 مطبوعہ ایران
یازدہم: تتمہ المنتہیٰ شيخ عباس قمی: صفحہ 304 مطبوعہ ایران 
تنبیہ:رجال کشی میں یہ بزرگ نہیں پائے گئے۔ اس لیے کہ اس میں بہت قدیم رجال کا تذکرہ ہے اور یہ شخص 333ھ کا متوفی ہے۔ قرین قیاس یہ ہے کہ ابن عقدہ سے رجال کشی پہلے مرتب ہوئی ہے اگرچہ بعد میں شيخ طوسی نے رجال کشی کا خلاصہ مرتب کیا ہے گویا اس کی ایک قسم کی نئی ترتیب ہے مگر یہ صاحب اس ترتیب رجال کشی میں بھی نہیں لائے گئے۔ ایک رجال کشی کے بغیر مشہور شیعہ رجال کی کتابوں میں اس کا تذکرہ ملتا ہے جو کتابوں میں بندہ کے ہاں موجود ہیں، اور توثیق و توصیف کے ساتھ پایا جاتا ہے۔ مذکورہ مقامات کی طرف رجوع فرما کر علماء تسلی کر سکتے ہیں امید ہے ہماری گذارشات کی تصدیق ہو جائے گی۔