Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

حضرت خالد بن سعید بن العاص رضی اللہ عنہ

  مولانا اشتیاق احمد ، مدرس دارالعلوم دیوبند

حضرت خالد بن سعید بن العاصؓ

سابقین اولین میں سے ہیں، حضرت صدیق اکبرؓ کے بعد ہی اسلام قبول فرمایا تھا، بعض روایات کے مطابق تیسرے چوتھے یا پانچویں مسلمان ہیں۔ سرکارِ دو عالمﷺ نے آپ کو مذحج اور صنعاء الیمین کے صدقات کا عامل مقرر فرمایا تھا، رحلتِ نبیﷺ تک آپ اس عہدہ پر فائز تھے۔

(الاستیعاب: جلد، 1 صفحہ، 399 اور 400)

حضرت خالد بن سعیدؓ سرکارِ دوعالمﷺ کی خدمت میں تمام امور کی کتابت فرماتے تھے۔

(التنبیہ والإشراف صفحہ، 245)

اور ڈاکٹر محمد حمید اللہ نے ”الوثائق السیاسیہ“ میں درج ذیل وثائق میں کاتب کی حیثیت سے آپ کا اسم گرامی رقم فرمایا ہے: (وثیقہ:213٫19٫20٫114 209٫ 213٫ 214٫ اور 223)

سب سے پہلے ”بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم“ کی کتابت حضرت خالد بن سعیدؓ نے کی تھی۔

(الاصابہ: جلد، 1 صفحہ، 406)

مکہ مکرمہ میں وحی کی کتابت سے بہرہ ور ہوئے، اور جب مدینہ منورہ تشریف لائے، تو نبیِ اکرمﷺ کے دربار میں خطوط نویسی کا شرف حاصل ہوا، طبری کی صراحت کے مطابق حضرت خالد بن سعیدؓ کو خدمتِ نبوی میں بیٹھ کر ضروریات ومعاملات لکھنے کا شرف بھی حاصل ہے، بہت سے مؤرخین نے آپ کا ذکر کاتبینِ رسول اللّٰہﷺ میں کیا ہے، ان میں سرفہرست: ابن اسحاق، ابن سعد، ابن شعبہ، طبری، جہشیاری، ابن الاثیر، ابن کثیر، مزی، عراقی، ابن سید الناس، ابن مسکویہ اورانصاری وغیرہ ہیں۔

(حوالہ کے لیے دیکھیے: البدایہ والنہایہ: جلد، 5 صفحہ، 35 طبقات ابنِ سعد: جلد، 4 صفحہ، 69 المصباح المضئی: صفحہ، 21 تاریخ طبری: جلد، 6 صفحہ، 179 الوزراء والکتاب: صفحہ، 12، التاریخ الکامل: جلد، 2 صفحہ، 313 تہذیب الکمال: صفحہ، 4 شرح الفیہ عراقی: صفحہ، 245 عیون الاثر: جلد، 2 صفحہ، 315 تجارب الامم: جلد، 1 صفحہ،291 وغیرہ بحوالہ نقوش جلد، 7 صفحہ، 152)

ایک قول کے مطابق حضرت خالد بن سعیدؓ کی شہادت 14ھ میں ہوئی۔

(الاصابہ: جلد، 1 صفحہ، 407)