ضروری تنبیہ - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

ضروری تنبیہ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

ناظرین کرام پر واضح ہو کہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ ایک عالم دین یا مصنف مشہور کا ہم نام ایک دوسرا شخص بھی اسی نام کے ساتھ معروف ہوتا ہے مثلاً ابن قتیبہؒ ابن جریرؒ وغیرہما مشاہیر مصنفین ہیں۔ اسی نام سے اور بھی کئی ابن قتیبہ اور ابن جریر و غیرہ پائے جاتے ہیں۔ اس تشابہ اسمی یا ہم نامی کی وجہ سے کئی خرابیاں پیش آتی ہیں اور کئی مفاسد چل نکلتے ہیں۔ یہاں بھی ٹھیک اسی طرح ”اخطب خوارزم“ کا لقب متعدد لوگوں کے حق میں پایا گیا ہے۔ ایک فقہ حنفی کے مشہور عالم ہیں وہ بھی اسی نام اور اسی لقب سے (اخطب خوارزم) سے مشہور ہیں یہاں جو اخطب خوارزم ہیں یہ اور ہیں المناقب کے مصنف یہی ہیں یہ بزرگ زیدی شیعہ ہیں اور پختہ حاذق و ماہر شیعہ ہیں۔ اسی بزرگ سے متعلق ابن تیمیہؒ نے (منہاج السنۃ جلد سوم صفحہ 10 تحت الفصل العاشر میں) خوب جرح کی ہے لکھا ہے کہ اس کی روایتیں جعلی اور جھوٹی ہیں یہ علماء حدیث میں سے نہیں ہے اس کی طرف اس باب میں رجوع نہ کیا جائے وغیرہ۔
اور شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ نے بھی تحفہ اثناء عشریہ میں (بحث احادیث امامت و خلافت تحت حدیث ہفتم) میں اس شخص کی روایات کا خوب رد کیا ہے۔ مزید فرمایا ہے کہ یہ بزرگ تو زیدی شیعہ ہے۔ بس اب معاملہ بالکل صاف ہو گیا کہ اس کی مرویات ہم پر حجت نہیں ہیں اور نہ قابل تسلیم ہیں۔ بہرکیف ہمنامی کی مشابہت کی وجہ سے یہ سب خرابیاں پیش آگئی ہیں اور مخالفت دوست اسی نام اور تشابہ اسمی کے تحت آڑے لے کر اس کی مرویات پیش کرتے ہیں۔ اب اس دفعہ شبہ کے بعد مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ علماء کرام خبردار رہیں!! اس اخطب خوارزم کی تمام روایات جس کتاب سے بھی منقول ہوں گی ہمارے لیے قابل قبول نہ ہوں گی۔