روایت از معجم اوسط طبرانی رحمۃاللہ 320ھ - ردِ رافضیت | دفاع…

روایت از معجم اوسط طبرانی رحمۃاللہ 320ھ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

عن ابی سعید الخدری قال قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلّم انی تارك فيكم الثقلين احدھما اکبر من الاٰخر كتاب اللّٰه وعترتی اهل بيتی الخ رواه الطبرانی فی الاوسط فی اسناده رجال مختلف فيهم۔
(مجمع الزوائد: جلد 9 صفحہ 163، الحافظ نور الدین علی بن ابی بکر الہیثمی)
اولاً: اہل علم خوب جانتے ہیں کہ طبرانی کی معجم اوسط ہو یا معجم کبیر ہو اس کو زمانہ کے نوادرات میں شمار کیا جاتا ہے، اصالۃً یہ ہر دو معجم ہم کو میسر نہیں ہیں جس کا از حد افسوس ہے۔ البتہ مجمع الزوائد ہیثمی کے ذریعہ ہم ان معاجم کی روایات سے منتفع ہو رہے ہیں۔ حافظ ہیثمی نے مذکورہ روایت کے اسناد کے حق میں یہ الفاظ ثبت فرما دیے ہیں کہ یہ ایسا اسناد ہے جس کے رواۃ مختلف فیہ لوگ ہیں یعنی اسماء رجال والوں کے نزدیک یہ لوگ متفق علیہ نہیں اور معتمد علیہ بالاتفاق نہیں ہیں۔
دوسرے لفظوں میں یہ روایت صحیح الاسناد نہیں ہے۔ اصل مقصد یہ تھا کہ کوئی روایت صحیح اسناد کے ساتھ (جس کے رواۃ مجروح نہ ہوں اور ثقہ ہوں نیز بدعتی بھی نہ ہوں،) دستیاب ہو جائے بصد افسوس یہ اظہار کیا جاتا ہے کہ طبرانی سے معیار صحت پر پوری اترنے والی تاحال کوئی روایت ثقلین کی نہیں مل سکی۔
ثانياً: یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ اس سند میں صرف ایک آدمی مجروح نہیں ہے بلکہ متعدد رجال ہیں جن میں کلام ہو سکتا ہے. پھر یہ بحث کہ وہ رجال مختلف فیہ کون کون بزرگ ہیں ہمارا خیال یہ ہے کہ ابو سعید خدری کے نیچے عطیہ عوفی ہے اور پھر عطیہ عوفی کے نیچے اور کچھ لوگ قابل قدح و جرح چلے گئے ہیں جن کی صحیح تعیین یا کم از کم نشان دہی بہت مشکل ہے جب تک کہ خود کتاب معجم اوسط طبرانی نہ مل جائے۔
اب ہم اس بات پر قرائن پیش کرتے ہیں کہ مذکورہ سند میں ابو سعید کے تحت عطیہ صاحب ہی تشریف فرما ہیں وجہ یہ ہے کہ ہم کو جتنی روایات "روایات ثقلین" جتنی کتابوں سے دستیاب ہوئی ہیں ان میں جہاں جہاں بھی ابو سعید خدری سے روایت نقل کی گئی ہے وہاں سب جگہ ابو سعید کا شاگرد عطیہ عوفی ہی ہے ایک جگہ بھی ابو سعید سے ناقل عطیہ کے بغیر کوئی دوسرا صاحب ہم کو نہیں مل سکا۔
1:طبقات بن سعد کی سند میں بھی ابو سعید کا شاگرد عطیہ ہے۔
2: مسند احمد کی چار سندوں میں بھی ابو سعید کا شاگرد عطیہ ہے۔
3: ترمذی کی ایک سند میں بھی اسی طرح ابو سعید کا شاگرد ہے۔
4: مسند ابی یعلی کی سند میں بھی یہی ابو سعید کا شاگرد ہے۔
5: "تذکرۃ الخواص سبط ابن جوزی" کی ایک سند میں بھی ابو سعید کے نیچے متصلاً عطیہ عوفی ہی جلوہ افروز ہے۔ پہلی چار کتابوں کے اسانید تو آپ ملاحظہ فرما چکے ہیں۔ اب دوبارہ غور سے توجہ فرما لیں اور آخری کتاب "تذکرۃ الخواص" کے اسانید ان شاءاللہ عنقریب آپ کے سامنے رکھے جائیں گے اور یہ حقیقت واضح ہو جائے گی۔
6: معجم صغیر طبرانی کی ہر دو روایات مندرجہ بالا میں بھی ابو سعید کا شاگرد عطیہ ہی ہے تو کل دس عدد اسانید ایسے ٹھہرے جن میں ابو سعید کے تحت متصلاً عطیہ صاحب کارفرما ہیں۔
فلہٰذا ان مشاہدات کے پیشِ نظر ہمیں تو یقین ہے کہ مذکورہ بالا سند میں جو رجال قابلِ کلام قرار دیے گئے ہیں۔ ان میں پہلے نمبر پر یہی عطیہ صاحب ابو سعید کا شاگرد رشید ہے اور ابو سعید سے مراد صحابی نہیں بلکہ محمد بن السائب کلبی ہے جیسا کہ متعدد بار یہ نکتہ واضح کیا گیا ہے۔
تنبیہ:مذکورہ بالا روایت جو اوسط طبرانی سے منقول ہے اس میں مشکل یہ در پیش آ رہی تھی کہ صاحب مجمع الزوائد نے اس کے اسناد کے حق میں یہ کہہ دیا تھا کہ "فی اسناده رجال مختلف فيهم" اب ان رجال کی تعیین میں محض گمان و تخمین سے کام لے کر ہم نے یہ رائے قائم کی تھی ابوسعید خدری کے نیچے عطیہ عوفی ہے اور عطیہ کے تحت اس سند میں اور لوگ بھی غیر معتبر و معتدبہ موجود ہیں، پچھلے دنوں حسن اتفاق سے طبقات الانوار میر حامد حسین لکھنوی شیعی کے وہ جلد مطالعہ سے گزرے جو خاص بحث ثقلین کے لیے میر صاحب شیعی موصوف نے مدون کیے ہیں اس میں جہاں طبرانی کے اسانید ذکر کیے گئے ہیں۔ وہاں میر حامد حسین نے مذکورہ اسناد کے حق میں تصریح کی ہے کہ "رواه الطبرانی فی الاوسط من حديث كثير النواء عن عطية" (طبقات الانوار: صفحہ 182 جلد اول)
الحمدللہ جو بات محض تخمین کے ذریعہ ہم نے متعین کی ہے وہ واقع میں بھی صحیح ثابت ہوئی یعنی اسناد بالا میں ابو سعید کا شاگرد عطیہ عوفی ہے اور عطیہ کا شاگرد کثیر النواء ہے اور عطیہ اور کثیر النواء دونوں مجروح ہیں اور خالص شیعہ ہیں لہٰذا قبول روایت کا مسئلہ واضح ہو گیاـ الحمدللہ!