روایت ابو موسیٰ مدینی - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

روایت ابو موسیٰ مدینی

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

روایت ابو موسیٰ مدینی(محمد بن عمر بن احمد بن عمر اصفہانی 581ھ)
عبقات جلد اول صفحہ 274 پر لکھا ہے کہ ابو موسیٰ مدینی نے "تتمہ معرفۃ الصحابۃ" میں بذریعہ ابن عقدۃ یہ روایت ثقلین نقل کی ہے قال انہ غریب جداً۔
1: حضرات کتاب "تتمہ معرفۃ الصحابۃ" لابی موسیٰ مدینی ہم کو میسر نہیں البتہ ہم کو عبقات کے ذریعہ یہ واضح ہو گیا کہ ابو موسیٰ مدینی اس روایت کے نقل کرنے میں "ابن عقدہ" کے مرہون منت ہیں جو خالص شیعی بزرگ ہے۔
ابن عقدہ کی پوزیشن اس سے قبل ہم 332ھ میں اس کی ہشت گانہ اسانید کے تحت مفصل لکھ چکے ہیں۔ سن کی ترتیب کے لحاظ سے (332) کے مواقع دوبارہ ملاحظہ فرما لیے جائیں۔ اس کے تشیع کی تسلی ہو جائے گی۔ یہ بزرگ بین الفریقین مسلم شیعہ ہے اور بڑا خطرناک قسم کا ہے۔
2: دوسری یہ عرض ہے کہ اس روایت کو خود ابو موسیٰ مدینی اپنی تحقیق کے اعتبار سے غریب جدا تعبیر کر رہے ہیں یعنی اس روایت کے رواۃ میں تفرد پایا گیا ہے۔ حاصل یہ ہوا کہ اس کا لفظاً و معنیٰ متواتر ہونا تو درکنار رہا۔ یہ روایت تو غریب ہے۔ صاحب عبقات کی دلیری تو قابلِ داد ہے جو لوگ اس روایت کے غریب ہونے کے قائل ہیں اور اس کو نہایت درجہ کی غریب کہتے ہیں، ان کو بھی تواتر ثابت کرنے کے لیے اپنے ساتھ ملا کر کثرت حوالہ جات پیدا کیے جا رہے ہیں۔
تنبیہ: 1: امام ترمذیؒ نے صفحہ 220 جلد 2 پر روایت ثقلین کو غریب کہا ہے۔
2: اور امام بخاریؒ نے امام احمدؒ کے حوالے سے تاریخ صغیر امام بخاریؒ صفحہ 126 میں لکھا ہے کہ:
قال احمد فی حديث عبد الملك عن عطية عن ابی سعيد قال النبی صلى اللّٰه عليه وسلم تركت فيكم الثقلين احاديث الكوفيين هذا منكایر
یعنی یہ کوفیوں کی منکر روایات ہیں جو ثقہ لوگوں کے خلاف مروی ہیں۔
3: حافظ ابن کثیرؒ نے البدایہ والنہایہ صفحہ 209 جلد 5 میں سنن کبریٰ امام نسائیؒ کے حوالے سے روایت ثقلین نقل کر کے لکھا ہے کہ تفرد بہ النسائی من ہذا الوجہ یعنی روایت ہٰذا کو اس طریقہ سے ذکر کرنے میں فاضل نسائی متفرد ہیں اور کوئی دوسرا محدث اس کے ساتھ شریک نہیں ہے۔
4: مولانا بحرالعلوم (عبد العلی) لکھنؤی نے شرح مسلم الثبوت میں روایت ثقلین کی تشریحات کرتے ہوئے صراحت کر دی ہے کہ:
ورد هٰذا الحديث من راو واحد بالفاظ شتى ولا يدرى الفاظ رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم ماهى؟ ثم انّه خبر الواحد لا يستطيع معارضة القاطع الخ
(شرح مسلم الثبوت کامل كلاں تختی طبع نولکشور لکھنؤ صفحہ 509 بحث الاصل الثالث الاجماع)
یعنی یہ روایت ثقلین ایک راوی سے مختلف الفاظ کے ساتھ مروی ہے یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ رسول اللہﷺ کے صحیح الفاظ کیا ہیں پھر یہ خبر واحد ہے جو قطعی و یقینی کے معارضہ و مقابلہ کی طاقت نہیں رکھتی، فافهـم۔
اکابر علماء کی ان تصریحات کے بعد ہمارے دوستوں کے دعویٰ تواتر کی طرف توجہ کیجیے۔ کہاں تک دوست ہے (شتان بینہما) تواتر تو ایک طرف رہا یہاں تو شہرت بھی نہیں ندارد ہے صرف خبر واحد اور غریب جداً ہے جبکہ انتہائی غریب ہے اور ساتھ ہی متعدد علماء نے اس خبر کو ضعیف اور غیر صحیح قرار دیا ہے جیسا کہ ہم نے ترمذی کے اسناد کی بحث کے آخر میں ابن تیمیہؒ کے حوالے سے پوری عبارت درج کر دی ہے رجوع فرما کر دوبارہ ملاحظہ فرما لی جائے، اور امام بخاریؒ نے منکر روایت قرار دے کر اپنی صحیح بخاری میں درج ہی نہیں فرمایا۔