عبقات الانوار (میر حامد حسین لکھنوی جلد اول صفحہ 120، 311 میں ذکر کیا ہے کہ شیخ کنجی موصوف نے اس روایت ثقلین کو اپنی کتاب "کفایۃ الطالب فی مناقب علی بن ابی طالب" میں تخریج کیا ہے وہ فرماتے ہیں کہ:
"اخرجـه مسلم فی صحيحه كما اخرجنا ورواه ابو داؤد وابن مجة فی كتابيهما"
یعنی حدیثِ ثقلین کو مسلم نے اپنے صحیح میں ذکر کیا ہے۔ جیساکہ ہم نے تخریج کیا اور ابو داؤدؒ و ابن ماجہؒ نے بھی اس کو اپنی اپنی کتابوں میں روایت کیا ہے۔
یہاں ناظرینِ کرام کی خدمت میں چند گزارشات ہیں:
1: اول یہ کہ صاحبِ "عبقات" مذکور نے شیخ کنجی کا پورا اسناد نقل نہیں کیا جس سے صحت و سقمِ روایت کا ٹھیک اندازہ ہو سکتا، کتاب کفایۃ الطالب خود میسر نہیں ہو سکی۔ البتہ شیخ کنجی کے کچھ متعلقات جستجو سے دستیاب ہو گئے ہیں وہ ان کے مسلک کی وضاحت کے لیے بشرطِ انصاف کافی وافی ہیں، مزید کسی جواب کی حاجت ہی نہیں چونکہ میر حامد حسین عبقات نے مذکورہ کتاب "کفایۃ الطالب" سے بہت کچھ مواد پیش کیا ہے، بنابریں ضروری معلوم ہوا کہ شیخ کنجی مذکور کا مسلک واضح کیا جائے فی الحال مندرجہ ذیل حوالہ جات سے جو مال دستیاب ہوا ہے وہ درج کیا جاتا ہے۔ ان حوالہ جات سے ان کا مقام اور ان کا مسلک بالکل عیاں ہو گیا ہے۔
1: نور الابصار (للشیخ المؤمن الشبلنجی) میں مذکور ہے کہ: قال الشيخ ابو عبداللّٰه محمد بن يوسف الكنجی فی كتابه "البيان فی اخبار صاحب الزمان" من الادلة على كون المہدی حيا باقياً بعد غيبوبته الى الٰان وانه لا امتناع فی بقائه بقاء عيسى بن مريم والخضر والياس من اولياء اللّٰه تعالٰى وبقاء الاعور الرجال فيه وابليس اللعين من اعداء اللّٰه تعالٰى الخ
یعنی شیخ کنجی نے امام مہدی کی حیات کے اثبات میں ایک کتاب بنام "البیان فی اخبار صاحب الزمان" لکھی ہے اس میں مہدی کے غائب ہونے کے بعد تاحال زندہ رہنے پر دلائل ذکر کیے ہیں، کہا ہے کہ جیسا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام باقی ہیں، خضر اور الیاس اللہ کے دوست باقی ہیں اور کانا دجال اور ابلیس شیطان خدا کے دشمنوں میں سے باقی ہیں۔ اسی طرح مہدی کے زندہ رہنے میں کیا اشکال ہے؟ اس شیخ نے آگے چل کر مزید حیاتِ مہدی کی خاطر برعم خود قرآن و حدیث سے دلائل جمع کئے۔
(صفحہ 86 انوار البصار للمومن الشبلنجی فصل فی ذکر محمد بن الحسن المهدی مطبوعہ مصر تختی کلاں طبع جدید)
تنبیہ: یاد رہے کہ صاحب نور البصار نے شیخ کنجی کے مزعومات ذکر کرنے کے بعد خود ان دلائل کا جواب دیا ہے اور خوب رد کیا ہے تاہم اس چیز سے شیخ کنجی کے خیالات واضح ہو گئے کہ یہ صاحب مسلک اہل السنتہ والجماعت کے عقائد اور مسلمہ اصولوں کے برخلاف اپنے عقیدے سے قائم کئے ہوئے ہیں اور شیعوں کے من وعن موافق نظریات رکھتے ہیں۔
2: اسی طرح کتاب "ینابیع المودة" جز ثالث باب السادس والثمانون صفحہ 138 پر کنجی صاحب مذکور کی کتاب "البیان" سے منقول ہے کہ:
(قال الشيخ الكنجی) ان المهدی ولد الحسن العسكری فهو حی موجود باق منذ غيبته الىٰ الاٰن الخ
یعنی کنجی صاحب فرماتے ہیں کہ مہدی بن حسن عسکری زندہ ہیں اور غائب ہونے سے لے کر اب تک زندہ اور باقی ہیں۔
3: تیسرا ابو شامہ القدوسی ہے جسے اپنی کتاب "رجال القرنین" (السادس والسابع) صفحہ 208 پر شیخ کنجی مذکور کا تذکرہ ان الفاظ کے ساتھ کیا ہے:
وفی التاسع والعشرين من رمضان سنة 658ھ قتل بالجامع الفخر محمد بن يوسف الكنجی وكان من اهل العلم بالفقه والحديث لكنه كان فيه كثرة كلام وميل الى مذهب الرافضة جمع له كتبا توافق اغراضهم ويقرب بها الىٰ الرؤسا منهم
فی الدولتين الاسلامية والتاتارية الخ۔
(رجال القرنین: صفحہ 208)
یعنی محمد بن یوسف کنجی 27 رمضان 658ھ میں "جامع فخر" میں قتل کر دیا گیا۔ یہ حدیث و فقہ کا بڑا عالم تھا۔ لیکن رافضیوں کے مذہب کی طرف راغب تھا اور رافضیوں کے اغراض کے موافق اس نے کتابیں بھی لکھی ہیں ان کتابوں کے ذریعہ رافضی رئیسوں و امیروں کا مقرب بنا ہوا تھا خواہ وہ رئیساء دولت اسلامی میں تھے یا دولت تاتاری سے تعلق رکھتے تھے۔
یاد رہے کہ اب اس قدر مسلک کی وضاحت اور تصریحات کے بعد مزید "عبقات" کے جواب کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ یہ بزرگ کنجی صاحب مسلک اہل السنتہ کے برخلاف اپنے مزعومات اور نظریات رکھتے ہیں رافضیوں کے مذہب کے دل دادہ ہیں ان کی روایات ہم پر کیسے حجت ہو سکتی ہیں؟
2: نیز گزارش ہے کہ شیخ کنجی کے حوالے سے "صاحبِ عبقات" نے روایتِ ثقلین کا سنن ابی داؤدؒ اور سنن ابن ماجہؒ میں بھی موجود ہونا ذکر کیا ہے۔ ہماری جستجو کے پیشِ نظر یہ بات صحیح نہیں ہے۔ جہاں تک ہمارا خیال ہے یہ تکثیرِ حوالہ جات کی خاطر اضافہ کر دیا گیا ہے."صحاح ستہ" میں سے صرف صحیح مسلم شریف اور جامع ترمذی میں یہ روایت ثقلین موجود ہے۔ باقی چار کتبِ صحاح میں ہمیں تلاش کے باوجود نہیں نظر آئی۔ صحیح مسلم کی سند بالکل صحیح اور ازروئے قواعد درست ہے اور ترمذی کی سند غیر صحیح ہے جیسا کہ ہم نے قبل ازیں ہر ایک کی بحث اپنے اپنے موقع پر درج کر دی ہے۔ تسلی کی خاطر دوبارہ ملاحظہ فرمائی جائے۔
اگر دعویٰ محبت کرنے والے علماء تکلیف فرما کر روایتِ ثقلین کو سنن ابی داؤد، سجستانی و سنن ابن ماجہ قزوینی ہر دو کتب سے تلاش کر کے ہمیں مطلع فرمائیں تو بڑی نوازش ہوگی اور صحیح سند کے ساتھ روایت مل گئی تو تسلیم کر لینے میں کوئی عذر نہ ہوگا۔
بصورتِ دیگر "شیعی اکابر علماء" پر بڑا اعتراض وارد ہوگا کہ ان کے بڑے بڑے مشاہیر معتمد اہل علم بھی دروغ گوئی اور کذب بیانی سے نہیں چوکتے اور اس قسم کی غلط بیانیاں کرکے اپنی تالیفات اور تصانیف کا حجم بڑھایا کرتے ہیں۔ (فیاللجب)