تمہید - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

تمہید

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 2
ششم:نیز یہ بھی واضح رہے کہ اس روایت کے بعض باسند حوالہ جات ایسے بھی ہم نے یہاں جمع کر دیے ہیں جو نہ تو صاحبِ "فلک النجات" نے ذکر کئے ہیں اور نہ صاحبِ "عبقات" کی ان تک رسائی ہوئی تھی۔ چونکہ ہمارے سامنے دیانتاً اس بحث کی تکمیل مقصود تھی۔ اس لیے ان حوالہ جات کو خورد بُرد کرنے کی بجائے ہم نے انہیں بالفاظہا، بمع اسانید پیش کر دیا ہے۔ اگر یہ قواعد کے اعتبار سے قابلِ قبول ہو سکتے ہیں تو ان کو اخذ کیا جائے ورنہ انہیں بھی ترک کر دینا چاہیے۔ مثال کے طور پر "مشکل الآثار" لامام الطحاوی اور "تاریخ بغداد" للخطیب بغدادی وغیرہما سے ہم نے روایت ہٰذا کو بمع سند نقل کر کے پیش کیا ہے۔ حالانکہ ان حوالہ جات کو ان کے مجتہدین و علماء مذکورین نے اپنے مواقع میں پیش نہیں کیا۔
ہفتم:صاحب "فلک النجاة" و دیگر زمانہ حال کے مجتہدین کتاب "ینابیع المؤدۃ" سے مختلف مسائل پر حوالہ جات پیش کیا کرتے ہیں اور خاص اس روایتِ ثقلین پر بھی صاحب
"ینابیع الموَدّۃ" نے اپنے خیال میں بہت کچھ مواد مہیا کیا ہے۔ اس ضرورت کے تحت ہم نے روایت ثقلین کی بحث کے آخر میں مرویات "ینابیع المودّۃ" کے لیے ایک الگ عنوان قائم کر دیا ہے۔ اس مقام میں صاحبِ کتاب ہذا کے معتقدات اور کتاب کی مرویات کی حیثیت عمدہ طریقہ سے واضح کر دی گئی ہے جو منصف مزاج و حق پسند طبائیع کے لیے نہایت مفید ہوگی۔
ہشتم:روایتِ ہٰذا کی بحث کے سلسلہ میں چند ایک قواعد جو اہل سنت کے ہاں اصول روایت کی کتابوں میں مندرج ہیں ذہن نشین رہنے چاہئیں۔ علماء اہل السنت تحقیق روایت کے باب میں ان پر عمل درآمد کیا کرتے ہیں۔ ان شاءاللہ تعالیٰ بحث مروجہ قوانین کے خلاف نہ ہوگی۔ 
اولاً ان تحقیقات کے دوران راویوں پر جہاں نقد و جرح کی گئی ہے وہاں قاعدہ "الجرح مقدم على التعديل" کے پیشِ نظر کلام کیا ہے۔ اب اگر رجال کی کتابوں میں اس راوی کی توثیق بھی منقول ہو تو اس کی طرف توجہ نہ کی جائے گی۔ البتہ اس قاعدہ کے ساتھ علماء نے قیود ذکر کر دیے ہیں۔ ایک یہ کہ وہ جرح مبہم نہ ہو بلکہ تعیین صفت کے ساتھ اس کی وجہ جرح بھی ذکر کر دی جائے۔ دوسری یہ کہ وہ واقف عارفِ فن سے یہ جرح منقول ہو، وغیرہ وغیرہ۔
ثانياً اس قاعدہ کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے کہ اہل بدعت کی روایت اس وقت مقبول ہوتی ہے جبکہ اس بدعی کی بدعت کی روایت سے تقویت و تائید حاصل نہ ہو۔ اگر اس روایت سے راوی کے مسلک کو حمایت و تقویت ہوتی ہو تو اس کی وہ روایت قبول نہ ہوگی۔ چنانچہ اصولِ حدیث کی کتابوں میں درج ہے:
قيل يقبل من لم يكن داعية الٰى بدعتہٖ لان تزيين بدعتہٖ قد يحمله علٰى تحريف الروايات وتسويّتها علٰى ما يقتضيه مذهبهٗ
نہم:یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ جو حوالہ جات شیعہ کتابوں میں سے اخذ کیے گئے ہیں وہ صرف تکمیلِ الزام کی خاطر نقل کیے گئے ہیں۔ راوی کے متعلق جرح و قدح اور تصنعیف و تنقید پہلے سُنی رجال کی کتابوں سے نقل کی گئی ہے۔ پھر کئی جگہ شیعہ رجال سے بھی اس شخص کے متعلقہ حالات پیش کر دیے ہیں۔
دہم:ان تمہیدات کے بعد ہم اب اصل مقصد میں شروع ہوتے ہیں۔ روایتِ ہٰذا کے میسر آمدہ اسانید میں سے ایک ایک سند کو لے کر، اس کی بحث مکمل کی جائے گی۔ پہلے اس روایت کا متن بمع اسناد درج ہوگا۔ پھر اس کا ترجمہ تحریر کیا جائے گا۔ اس کے بعد روایتِ متن کی بحث (صحت و سقم کے لحاظ سے) درج ہوگی۔ پھر بقایا تفصیلات حسب ضرورت پیش کی جائیں گی۔ عربی عبارت کے متعلق یہ کوشش کی گئی ہے کہ عوام کے فائدے کے لیے ساتھ ساتھ تراجم درج ہوں متن روایت کا ترجمہ چند بار ذکر کرنے کے بعد اس وجہ سے ترک کر دیا کہ عموماً تمام روایات کے متون کا ترجمہ قریباً قریباً ایک ہی تھا۔ بار بار اعادہ کرنے کو غیر ضروری سمجھا گیا اور بعض مقامات میں بحث کے اواخر میں مضمون کو مکمل کرنے کے لیے تنبیہات لگا دی گئی ہیں جو تکمیل مقصد کا کام دیں گی۔
 تِلْكَ عَشَرَةٌ كَامِلَةٌ۔ (سورۃ البقرہ: آیت 96)

صفحہ 2 از 2