تمہید - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

تمہید

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 2
اول:ناظرین کرام پر واضح ہو کہ صاحبِ فلک النجات نے روایتِ ثقلین کو صرف لفظاً متواتر کہنے پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ آنے والے تمام مسائل متنازعہ فیہ سے پہلے اسی بحث ثقلین کو مکمل کرنے کے لیے نئے پورا زور صرف کیا ہے۔ ہماری اہل سنت والجماعت کی کتابوں سے بےشمار رطب و یابس حوالہ جات جمع کیے ہیں۔
لیکن اپنی جستجو اور تلاش کتب کے اعتبار سے ہم یقیناً کہہ سکتے ہیں کہ بحث ثقلین کے سلسلہ میں جتنا کچھ مواد حوالہ جات کی شکل میں استاد و شاگرد دونوں نے اس کتاب میں جمع کیا ہے، اس کا بیشتر حصہ میر حامد حسین صاحب لکھنوی، شیعی مصنف طبقات الانوار کا اندوختہ ہے، یہ ان کا اپنا علم نہیں۔
میر صاحب مذکور نے اپنے زعم میں ان روایات (ثقلین و ولایت وغیرہما) کو، اہل سنت کی کتابوں سے متواتر ثابت کرنے کے لیے بڑی محنتِ شاقہ کی ہے۔
دوم:چونکہ ہمارے مدمقابل دوستوں نے حقیقت سے متجاوز ہو کر فریقین کے ہاں روایتِ ہٰذا کو متواتر ثابت کرنے کی سعی لاحاصل کی ہے اور اہل سنت والجماعت پر اس روایت کے انکار کرنے اور اسے معمول بہ نہ ٹھہرانے کا الزام قائم کیا ہے۔ اس بنا پر ہم چاہتے ہیں کہ زیرِ تالیف رسالہ میں روایتِ ثقلین کے اصل مقام کو جو اہل سنت کے قواعد کی رو سے متعین ہو سکتا ہے واضح کریں۔ روایتِ ہٰذا جس درجہ میں قابل قبول ہو سکتی ہے،اس کو پیش کیا جائے۔ اس کے جتنے طرقِ اسانید ہم کو میسر آ سکتے ہیں ان کی تحقیق و جستجو کی جائے کہ ان میں کون کون اسانید صحیحہ ہیں اور کون غیر صحیحہ؟ پھر جو اسانید صحیحہ (رسالہ ہٰذا ملاحظہ کرنے سے معلوم ہو سکے گا کہ کس کس روایت کے اسناد کو صحیح تسلیم کیا گیا ہے۔ مثلاً مسند احمدؒ کی روایت ہشتم اور مسند دارمیؒ کی روایت و صحیح مسلم کی روایت وغیرہ کی صحت اسناد کو درست کہا ہے اور صرف ان کے متنوں کے مطالب سے بحث کی گئی ہے۔ بنابریں مؤلف رسالہ ہٰذا کے حق میں یہ کہنا غلط ہو گا کہ اس نے روایتِ ثقلین کے تمام اسانید پر جرع کر کے انہیں رد کر دیا ہے۔ مِنْہُ) کے ذریعے روایتِ ہذا کا صحیح متن ثابت ہو اس کا مفہوم متعین کیا جائے۔
اس بحث و تمحیص سے ناظرین پر واضح ہو سکے گا کہ مدعیانِ حبِّ اہل بیتؓ کا دعوائی تواتر کہاں تک درست ہے؟ اور روایتِ ہٰذا کے انکار کا الزام و اعتراض جو ہم پر قائم کیا جاتا ہے وہ کہاں تک صحیح ہے؟ معاملہ برعکس تو نہیں؟ نیز ان تفصیلات کے بعد یہ بھی عیاں ہو جائے گا کہ یہ روایت دوستوں کے مدعیٰ وجوب التمسک بالعترة کے لیے مثبت بھی ہو سکتی ہے یا نہیں؟ یا ان کی جانب سے ادّعا ہی ادّعا ہے اور تقریبِ تام نہیں۔
سوم:روایت ثقلین کے جس قدر اسانید ہم کو اپنی کتب سے میسر آ سکے ہیں (خواہ وہ ہماری جستجو کے ذریعہ حاصل ہوۓ ہوں یا ان دوستوں کی نشان دہی کے طریقے سے مل سکے ہوں، حتیٰ الوسع ان سب کو فراہم کرنے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔ "فلک النجاة" میں چونکہ "عبقات الانوار" کی ہی نقل در نقل ہے اس سے کوئی سند مستقل ہم کو نہیں مل سکی۔ البتہ "عبقات الانوار" سے متعدد اسانید پر روایتِ ہذا ہم کو حاصل ہوگئے ہیں اور کچھ مواد "ینابیع المودۃ" سے میسر ہوا ہے۔
اور اپنی کتب سے جو باسند روایت لانے والے مصنفین ہیں، ان سے روایت ہٰذا جمع کی گئی ہے۔ جو مصنفین باسند روایت نہیں لایا کرتے بلکہ روایت لانے میں خود نقل سے کام لیتے ہیں، یعنی اصحابِ تخریج نہیں بلکہ ناقل ہیں، ان لوگوں سے اس روایت کو نہیں نقل کیا گیا اور نہ ہی اس نقل در نقل کا کوئی ثمرہ مرتب ہو سکتا ہے، اگرچہ ہمارے ان "مہربانوں" نے حوالہ جات کی کثرت پیدا کرنے کے لیے روایت ہذا کے مبحث میں جب بھی کوئی تالیف مرتب کی ہے تو یہ کوئی تمیز نہیں رکھی کہ کس قسم کے مصنف سے اس روایت کو نقل کیا جائے۔ آیا وہ خود صاحب سند ہے یا ناقل ہے۔ حالانکہ نقل در نقل کرنے والے مؤلفین سے حوالہ نقل کرنے میں حوالہ جات کی کثرت تو پیدا کی جاسکتی ہے لیکن کثرت اسانید" جو اصل مطلوب ہے وہ ہرگز نہیں ہوتی۔
اس بنا پر صاحبِ اسناد علماء اور باسند مصنفین سے ہی حوالہ جات جمع کیے گئے ہیں اور علماء ناقلین کے حوالہ جات کی جانب روۓ سخن مبذول نہیں کیا گیا اور نہ ہی اصولاً ان کے جوابات کی کوئی حاجت تھی اور اسی طرح وہ حوالہ جات بھی قابلِ جواب نہیں قرار دیے جا سکتے جن میں روایت ہٰذا کی نسبت کسی باسند محدث مشہور کی طرف رواہ فلان یا اخرجه فلان کہہ کر کی گئی ہے مگر اس کی سند تمام یا ناتمام بالکل پیش نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ اس محدث نے اپنی فلاں تصنیف میں روایتِ ہٰذا کو درج کیا ہے۔ اس قسم کے گمنام انتسابات اور بےسند حوالہ جات قواعدِ بحث کے لحاظ سے التفات کے لائق اور قابلِ جواب نہیں تھے، بالخصوص جب کہ ایسے مجہول انتساب کے دعویدار تقیہ کو بہترین عبادت سمجھتے ہوں تو پھر ایسے بےسروپا انتسابات اور حوالہ جات اور بھی لائقِ ترک ہو جاتے ہیں۔
چہارم:معلوم ہونا چاہیے کہ روایتِ ثقلین کے حوالہ جات تاحال جس قدر ہم کو فراہم ہو سکے وہ تقریباً 66 چھیاسٹھ عدد ہیں اور 38 اٹھتیس عدد کتابوں سے ان کو جمع کیا گیا ہے۔
اُن میں اکثر حوالہ جات ایسے ہیں جن کی سند باوجود تلاش کے کہیں سے میسر نہیں ہو سکی اور بعض کی نامکمل سند بھی ہے۔ ان سب حوالہ جات کو ایک ترتیب سے سامنے رکھا گیا ہے۔
پنجم:صاحب "عبقات الانوار" کے طریقہ کے موافق، ہر ایک حوالہ کو لے کر بحث کرنے کے لیے ہم بھی سن وار ترتیب قائم کرتے ہیں جو محدث مقدم ہے اس کی روایت پر پہلے بحث ہوگی پھر جو اس کا بعد کا مصنف ہوگا اس کا متعلقہ کلام بعد میں ذکر ہوگا۔ اسی ترتیب سن ہجری کے مطابق بحث ہٰذا کو مکمل کیا جائے گا، ان شاءاللہ تعالیٰ۔
صفحہ 1 از 2