قرآنی آیات - فتاویٰ جات | دفاع اسلام

قرآنی آیات


آیت نمبر 1:
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ:
مُحَمَّدٌ رَّسُوۡلُ اللّٰهِ‌ وَالَّذِيۡنَ مَعَهٗۤ اَشِدَّآءُ عَلَى الۡكُفَّارِ رُحَمَآءُ بَيۡنَهُمۡ تَرٰٮهُمۡ رُكَّعًا سُجَّدًا يَّبۡتَغُوۡنَ فَضۡلًا مِّنَ اللّٰهِ وَرِضۡوَانًا‌سِيۡمَاهُمۡ فِىۡ وُجُوۡهِهِمۡ مِّنۡ اَثَرِ السُّجُوۡدِ‌ ذٰلِكَ مَثَلُهُمۡ فِى التَّوۡرٰٮةِ وَمَثَلُهُمۡ فِى الۡاِنۡجِيۡلِ كَزَرۡعٍ اَخۡرَجَ شَطْئَـهٗ فَاٰزَرَهٗ فَاسۡتَغۡلَظَ فَاسۡتَوٰى عَلٰى سُوۡقِهٖ يُعۡجِبُ الزُّرَّاعَ لِيَـغِيۡظَ بِهِمُ الۡكُفَّارَ‌ ۞( سورة الفتح آیت 29)
ترجمہ: محمد(ﷺ) اللہ کے رسول ہیں، اور جو لوگ اُن کے ساتھ ہیں، وہ کافروں کے مقابلے میں سخت ہیں، (اور ) آپس میں ایک دوسرے کے لیے رحم دل ہیں۔ تم انہیں دیکھو گے کہ کبھی رکوع میں ہیں، کبھی سجدے میں، (غرض) اللہ کے فضل اور خوشنودی کی تلاش میں لگے ہوئے ہیں۔ اُن کی علامتیں سجدے کے اثر سے اُن کے چہروں پر نمایاں ہیں۔ یہ ہیں اُن کے وہ اوصاف جو تورات میں مذکور ہیں۔ اور انجیل میں ان کی مثال یہ ہے کہ جیسے ایک کھیتی ہو جس نے اپنی کونپل نکالی، پھر اُس کو مضبوط کیا، پھر وہ موٹی ہو گئی، پھر اپنے تنے پر اس طرح سیدھی کھڑی ہو گئی کہ کاشت کار اس سے خوش ہوتے ہیں، تاکہ اللہ ان (کی اس ترقی) سے کافروں کا دل جلائے۔
فائدہ: اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے محمد رسول اللہ ارشاد فرما کر نبی کریمﷺ کا تذکرہ فرمایا ہے اور اس کے بعد آقا علیہ السلام کی پیاری جماعت کا مفصل تذکرہ مختلف صفات ذکر کر کے فرمایا ہے، تاکہ امت ان صفات کی وجہ سے بھی ان کی محبت و عقیدت میں ڈوب جائے اور وہ صفات یہ ہیں۔
1: یہ صحابہ کرامؓ رسولﷺ کے ساتھی ہیں۔ 
2: وہ کفار پرسخت ہیں۔
3: اور آپس میں بہت ہی رحم دل ہیں۔
4: آپ ان کو اکثر رکوع وسجود میں دیکھیں گے یعنی صحابہ کرامؓ کی کثرت عبادت کا تذکرہ۔ 
5: اور کثرت عبادت سے ان کا مقصود صرف اللہ کا فضل اور اس کی رضا ہے۔
6: سجدوں کی کثرت سے ان کے چہروں پر نشان پڑ گئے ہیں۔
7: صحابہ کرامؓ کی ان صفات کا تذکرہ تورات و انجیل میں بھی موجود تھا۔ 
8: یہ جماعت نبیﷺ کی کھیتی ہے جو آپﷺ کی محنت سے تیار ہوئی ہے۔
 9: جس کو دیکھ کر آقا علیہ الصلوۃ والسلام بہت خوش ہوتے ہیں۔ 
10: اور نبیﷺ کے دشمن نبیﷺ کی محنت کو اس رنگ و بہار میں دیکھ کر غضب کا شکار ہو جاتے ہیں، جن کا تذکرہ اللہ تعالیٰ نے کفار کے لفظ سے کیا ہے۔
آیت نمبر 2:
رئیس المنافقین عبد اللہ بن ابی اور اس کے ساتھیوں نے نبی کریمﷺ اور صحابہ کرامؓ کے خلاف سازش کی اور ان کو نعوذ باللہ مدینہ منورہ سے نکالنے کا پروگرام بنایا اور کچھ نامناسب جملے بھی انہوں نے ذکر کیے، جس کا تذکرہ قرآن مجید نے ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے:-
يَقُوۡلُوۡنَ لَئِنۡ رَّجَعۡنَاۤ اِلَى الۡمَدِيۡنَةِ لَيُخۡرِجَنَّ الۡاَعَزُّ مِنۡهَا الۡاَذَلَّ وَلِلّٰهِ الۡعِزَّةُ وَلِرَسُوۡلِهٖ وَلِلۡمُؤۡمِنِيۡنَ وَلٰـكِنَّ الۡمُنٰفِقِيۡنَ لَايَعۡلَمُوۡنَ۞(سورة المنافقون آیت 8)
ترجمہ: کہتے ہیں کہ: اگر ہم مدینہ کو لوٹ کر جائیں گے تو جو عزت والا ہے وہ وہاں سے ذلت والے کو نکال باہر کرے گا حالانکہ عزت تو اللہ ہی کو حاصل ہے، اور اس کے رسولﷺ کو، اور ایمان والوں کو لیکن منافق لوگ نہیں جانتے۔
فائدہ: اس آیتِ مبارکہ میں یہ ارشاد فرمایا گیا ہے کہ جو بات ابن ابی نے کہی تھی، اس کا جواب اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا جس کا خلاصہ یہ ہے۔
 1: عزت اللہ ہی کے لیے ہے۔
2: اس کے رسولﷺ کی ہے۔
3: اور مؤمنین یعنی صحابہ کرامؓ کے لیے ہے۔ 
4: لیکن اللہ و رسولﷺ اور صحابہؓ کی عزت کو منافق لوگ نہیں جانتے۔
آیت نمبر 3:
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے کہ: 
 وَلٰـكِنَّ اللّٰهَ حَبَّبَ اِلَيۡكُمُ الۡاِيۡمَانَ وَزَيَّنَهٗ فِىۡ قُلُوۡبِكُمۡ وَكَرَّهَ اِلَيۡكُمُ الۡكُفۡرَ وَالۡفُسُوۡقَ وَالۡعِصۡيَانَ‌ اُولٰٓئِكَ هُمُ الرّٰشِدُوۡنَ۞ (سورۃ الحجرات آیت 7)
ترجمہ:لیکن اللہ نے تمہارے دل میں ایمان کی محبت ڈال دی ہے، اور اُسے تمہارے دلوں میں پرکشش بنا دیا، اور تمہارے اندر کفر کی اور گناہوں اور نافرمانی کی نفرت بٹھا دی ہے۔ ایسے ہی لوگ ہیں جو ٹھیک ٹھیک راستے پر آچکے ہیں۔
فائدہ: اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرامؓ کے ایمان اور ان کے معصیت سے دوری کا بہت خوبصورت انداز میں تذکرہ فرمایا ہے، جن کا خلاصہ یہ ہے:
1: اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرامؓ کے لیے ایمان کو پسند کر لیا ہے۔ 
2: اور ایمان کو خوبصورت اور مزین کر کے صحابہؓ کے دلوں میں بسا دیا ہے۔ 
3: اور اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرامؓ کے لیے کفر و فسق کو ناپسند فرمایا ہے۔ 
4: اور عصیان کو ناپسند فرمایا ہے۔ 
5: اور یہی لوگ یعنی صحابہ کرامؓ ہی ہدایت یافتہ ہیں۔
اور اسی طرح اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں رضی الله عنهم و رضوا عنہ کے لفظ کے ساتھ صحابہ کرامؓ سے اپنی دائمی رضا کا اعلان بھی فرمایا ہے۔
اور فَاِنۡ اٰمَنُوۡا بِمِثۡلِ مَآ اٰمَنۡتُمۡ بِهٖ فَقَدِ اهۡتَدَوْا۞
(سورۃ البقرةآیت 137)کے ذریعہ صحابہ کرامؓ کو معیارِ ایمان قرار دیا ہے، تاکہ لوگوں کے پاس نمونہ موجود رہے کہ نبی کریمﷺ کے لائے ہوئے دین و شریعت پر ایمان ایسے لانا ہے جیسے صحابہ کرامؓ لائے اور عمل ایسے کرنا ہے جیسے صحابہ کرامؓ نے کر کے دکھایا۔
اسی طرح سینکڑوں آیات ہیں جن میں اصحابِ مصطفیٰﷺ کا بہت عمدہ اوصاف کے ساتھ تذکرہ کیا گیا ہے، جن کو میرے محبوب دوست وکیل صحابہ، خطیب اسلام، مصنف کتب کثیرہ مولانا ابن ظہیر کلیانوی دامت برکاتہم العالیہ نے تفسیر آیات عظمتِ صحابہؓ میں بہت خوبصورت اور حسین انداز میں جمع کر کے شائع کر دیا ہے، اسی طرح عظمتِ صحابہؓ پر مبنی آیات کی مفصل تفسیر ہمارے مہربان، معروف سیرت نگار مولانا ثناء اللہ شجاع آبادی صاحب مدظلہ العالی نے تین جلدوں میں شائع کی ہے، شائقین مطالعہ کر کے اپنے ایمانی ذوق کی تسکین کر سکتے ہیں۔