حدیثِ ثقلین حصہ ثانی - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

حدیثِ ثقلین حصہ ثانی

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

حامداً و مصلیاً و مسلّماً
رسالہ ہٰذا کی ابتدا میں ہم نے ذکر کیا تھا کہ جمہور علماءِ اہل سنت والجماعت کے نزدیک اطاعت صرف کتاب اللہ اور سنتِ رسول اللہﷺ کی علی الاطلاق واجب اور لازم ہے۔ اس کے بغیر جن لوگوں کی اتباع اسلام میں لازم ہے وہ کتاب و سنت کے فرمان کے تحت ہے۔ مستقل طور پر کسی کی اتباع واجب نہیں ہے مسلمان حاكم کی اطاعت ہو یا والدين کی تابعداری یا اکابرِ امت و علماءِ دین کی فرمانبرداری وغیرہ وغیرہ یہ سب کتاب و سنت کی روشنی میں لازم ہیں۔ اور ان کی پیروی معروف و بہتر امر میں ہوگی "معصیتہ" میں، یا کتاب و سنت کی مخالفت میں نہ ہوگی۔ یہ اصول ہمارے ہاں مسلم ہے۔
اور شیعہ احباب نے اس کے خلاف یہ اصول قائم کر رکھا ہے کہ ان کے نزدیک اہل بیتِ عترتِ رسولﷺ کی اطاعت بھی غیرمشروط اور مستقل طور پر کتاب اللہ کی طرح لازم ہے۔ اسلام میں جیسے کتاب اللہ "حجتِ شرعی" ہے۔ ٹھیک اسی طرح ان کے نزدیک "اہل بیت" بھی علی الاطلاق "حجتِ شرعی" ہیں۔ بلکہ ان ائمہ کرام کے لیے یہ حضرات پوری صراحت سے "حجت" کا لقب اختیار کرتے ہیں۔ اصول کافی کا طویل باب "کتاب الحجۃ" ہمارے اس بیان کا شاہد عادل ہے۔ ان حضرات کے ہاں ان دونوں (کتاب اللہ اور اہل بیت) میں واجب الاتباع ہونے اور معصوم ہونے کے لحاظ سے کوئی فرق نہیں ہے۔ ملاحظہ ہو تفسیر مجمع البیان ابو علی طبرسی صفحہ 229 طبع ایران تحت آیتہ (اولی الامر منکم و تفسیر صافی از ملا محسن کاشی)
اس مسئلہ میں ان بزرگوں کی سب سے وزنی دلیل اور انتہائی قوی حجت وہ روایت ثقلین ہے جس کی تفصیل بحث حصہ اول میں کر دی گئی ہے۔ یہ روایت متواتر یا مشہور تو کچھ بھی ثابت نہیں ہوئی بلکہ اس کے اکثر و بیشتر طرق مجروح پائے گئے ہیں، زیادہ سے زیادہ یہ خبر واحد ہے اور وہ جس درجہ کی ہے وہ اپنی جگہ واضح ہے۔ مسلم اور اس کی ہم الفاظ روایت کے سوا دیگر طرق کو متعدد علماء نے منکر اور ضعیف کہا ہے اور جس دعوے کے اثبات کی خاطر اس کو بنیاد قرار دیا جاتا ہے اسے ہرگز ثابت نہیں کرتی۔ دعوے کچھ اور ہے اور اس پر جو دلیل لائی گئی ہے اس کی حقیقت اس مشہور مثل سے زیادہ نہیں کہ "سوال گندم اور جواب چنا" ہمارے دوستوں کے روایت ثقلین کے استدلال کی بعینہٖ یہی نوعیت ہے۔
اب اس مقام میں جمہور اہل سنت کے قاعدہ مذکورہ کے دلائل کی تفصیلات پیش کرنے کا قصد ہے اللہ کریم تکمیل کی توفیق عنایت فرماویں۔ اصل مبحث سے پیشتر چند تشریحات ذکر کی جاتی ہیں۔
تشریح:
1: واضح رہے کہ اس مسئلہ کے اثبات کی خاطر سب سے پہلے ہم قرآن مجید کی بارہ عدد آیات سے استدلال کریں گے۔ اور یہ استدلال اپنے مقام میں صریح اور واضح ہوگا۔ کسی استنباط اور استخراج کی حاجت نہ ہوگی اور نہ ہی کوئی روایت کر دلیل مکمل کرنے کی صورت پیش آئے گی جیساکہ ہمارے دوستوں کے استدلات قرآنی ہوا کرتے ہیں کہ ایک روایت صحیح یا غیر صحیح ساتھ ملانے کے بغیر دلیل کا کوئی جزو مرتب نہیں ہو سکتا۔ یہ حضرات اسی کو استدلالِ قرآنی کہہ دیا کرتے ہیں۔ گو واقعہ میں وہ صرف استدلال بالروایت ہوتا ہے۔
2: دوسری یہ چیز ہے کہ اس مسئلہ میں اہل السنتہ کا اصل استدلال تو آیاتِ قرآنی سے مربوط ہے۔ لیکن حضور سید الثقلین، امام القبلتین، بنی الحرمینﷺ کی احادیثِ طیبہ بھی اس مضمون کی تاکید و تائید کے لیے ہم پیش کیا کرتے ہیں۔ چونکہ ان احادیثِ نبویﷺ کی رو سے آیاتِ قرآنی کے مطالب کی تشریح اور توضیح مزید ہو جاتی ہے اس لیے اس اعتبار سے مقامِ استدلال میں ان روایات کو پیش کرنا بھی نہایت مفید ہے۔
3: اس مسئلہ کے لیے کہ اسلام میں مسلمانوں پر بالاستقلال صرف دو چیزوں کی اتباع لازم ہے۔ ایک کتاب اللہ اور دوسری نبی کریمﷺ کی سنتِ مقدسہ (علیٰ صاحبہا الصلوٰۃ والسلام) ان کے سوا مستقل طور پر کسی کی اتباع واجب نہیں۔ فی الحال ہم بارہ (اثناء عشر) حدیثیں پیش کریں گے چونکہ اثنا عشر کے مبارک عدد کے ساتھ ہمارے دوستوں کو بدعواۓ خویش بہت عقیدت ہے۔ اس لیے موزوں یہی ہے کہ جیسے قرآنی آیات بارہ عدد یہاں مقامِ استدلال میں پیش ہوں گی اسی طرح احادیث بھی بارہ عدد ہی پیش خدمت کی جائیں گی۔
4: نیز یہ چیز ذہن نشین رہے کہ اس مقام میں بارہ عدد احادیث جو ہم پیش کر رہے ہیں۔ یہ نبی کریمﷺ کی اپنی امت کو ایک مشہور اور واضح وصیت ہے جو متعدد طرق سے مروی ہے۔ جس کا مفہوم یہ ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ لوگو! میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑتا ہوں۔ جب تک ان ہر دو کے ساتھ تمسک کرو گے گمراہ نہ ہوگے وہ اللہ کی کتاب اور سنتِ نبیﷺ ہیں۔ محدثین میں یہ متداول حدیث ہے۔ بڑے بڑے اکابر علماء حدیث نے اس کی تخریج کی ہے۔ چنانچہ ہم ناظرین کرام کی سہولت کی خاطر ان مخرجین علماء کی ایک اجمالی فہرست یہاں درج کر دیتے ہیں۔
1: امام مالک رحمۃاللہ متوفی 179ھ
2: ابن ہشام صاحبِ سیرۃ رحمۃاللہ متوفی 281ھ
3: ابن ابی الدنیا رحمۃاللہ متوفی 218ھ
4: ابن جریر طبری رحمۃاللہ متوفی 310ھ
5: الدارقطنی رحمۃاللہ متوفی 385ھ
6: الحاکم نیسا پوری رحمۃاللہ متوفی 405ھ
7: ابو نعیم اصفہانی رحمۃاللہ متوفی 430ھ
8: ابو النصر السجزی رحمۃاللہ متوفی 444ھ
9: البیہقی رحمۃاللہ متوفی 458ھ
10: ابن عبدالبر رحمۃاللہ متوفی 463ھ
11: ابن حزم (الاحکام فی اصول الاحکام) متوفی 456ھ
12: خطیب بغدادی (الفقيہ والمتفقہ) متوفی 463ھ
13: کتاب السنۃ (محمد بن نصر المروزی) متوفی 294ھ
ان کبار علماء نے اس روایت کو اپنی اپنی سند کے ساتھ اپنی تصانیف میں درج کیا ہے۔ آئندہ سطور میں ان محدثین کے الفاظ میں پوری حدیث تحریر کی جا رہی ہے۔
5: یہاں یہ گزارش کر دینا فائدہ سے خالی نہیں ہے کہ مذکورہ روایت کے بیان کرنے والے علماء کی جو ہم نے فہرست درج کی ہے یہ تمام علماء خود صاحبِ اسناد ہیں۔
دوسرے محدثین سے نقل در نقل کرنے والے علماء نہیں۔ پھر ان لوگوں سے اس روایت کو نقل کرنے والے علماء بےشمار ہیں۔ بےحد مصنفین اور شارحین نے اس روایت کو نقل کیا ہے۔ ہر قرن میں ہر دور میں یہ نقل جاری رہی ہے لیکن ہم نے نقل در نقل کرنے والے علماء مؤلفین کے حوالہ جات کو قصداً جمع نہیں کیا ہے کہ اس اس تصنیف ہٰذا کا حجم ضخیم کرنے کے لیے حوالہ جات کی کثرت تو پیدا ہو سکے گی لیکن کثرتِ اسانید نہیں حاصل ہوگی۔ جو اصل مقصد میں مفید ہے بنابریں ہم نے یہ بےاصولی طرز ہی اختیار نہیں کی۔ ہمچوں قسم کی بےاصولیاں اور بےقاعدگیاں دوسرے دوستوں کو مبارک ہوں جیسا کہ "عبقات الانوار" میں اس کی ضخامت بڑھانے کے لیے بہت کچھ بےفائدہ مواد فراہم کیا گیا ہے جس میں نقل در نقل اندوختہ کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہے۔
6: اب اصل مسئلہ کے دلائل شروع کرتے ہیں اولاً اللہ کی کتاب سے دلائل ذکر ہوں گے بارہ عدد آیات قرآنی ہیں اس کے بعد نبی کریمﷺ کی کلام سے دلائل تحریر کیے جائیں گے۔ وہ بھی بارہ عدد احادیث ہیں۔ پھر اثناء عشریوں کی کتابوں سے ائمہ کرام کے فرمودات اصل مسئلہ پر بطورِ تاکید پیش کیے جائیں گے۔ وہ بھی ان شاءاللہ تعالیٰ بارہ عدد ہیں۔ تاکہ دوستوں کو اثناء عشر کے عدد سے قلبی استراحت حاصل رہے۔
 اصل دین آمد کلام اللہ معظم داشتن

 پس حدیث مصطفٰی بر جان مسلم داشتن