حصہ اول - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

حصہ اول

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

معلوم ہونا چاہیے کہ دوستوں نے اپنے اس وضع کردہ اصول کو کہ اہل بیتؓ و عترت نبیﷺ وجوبِ تمسک میں کتاب اللہ کی مثل ہیں، یعنی باعتبار حجیت ان میں کوئی فرق نہیں، (کے اثبات کے لیے جو دلائل فراہم کیے ہیں، ان میں روایتِ ثقلین جو فریقین کی کتابوں میں عام طور پر مروی ہے) کو اصل اصول کے درجہ میں بنیاد و اساس قرار دیا گیا ہے۔ حقیقت میں تمام مسئلہ ہٰذا کی بنیاد اسی روایت پر رکھی گئی ہے۔ دوسری کوئی آیت یا روایت اس مقصد کی خاطر اگر تلاش کر کے ملائی جاتی ہے تو صرف بطورِ تائید مزید کے اس کو منطبق کیا جاتا ہے ورنہ اس روایتِ ثقلین کے ہوتے ان کو مزید کسی استدلال کی احتیاج نہیں. اسی وجہ سے ان دوستوں نے روایتِ ثقلین کے لفظاً و معناً متواتر ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور یہ دعوائے تواتر کے بڑے مشاہیر علماء اور مصنفین (ان کے متاخرین علماء و مجتہدین میں مثلاً میر حامد حسین مجتہد لکھنؤی نے تحفہ اثناء عشریہ شاہ عبدالعزیز رحمۃاللہ کے بابِ امامت کی تردید میں جو کتاب طبقات الانوار متعدد جلدوں میں لکھی ہے، اس کی مستقل دو ضخیم جلدیں صرف روایت ثقلین پر مرتب کی ہیں۔ اس میں اپنے خیال کے مطابق انہوں نے اس روایت کو لفظی و معنوی متواتر ثابت کرنے کے لیے آخری کلام کر دیا ہے اور اپنے اس گمان کے اثبات میں انہوں نے اپنی تمام تر قوت صرف کر دی ہے۔ مِنْہُ) نے مدت سے کر رکھا ہے اور اس روایت ثقلین کو متواتر ثابت کرنے کے لیے بڑی بڑی ضخیم جلدیں مرتب کی گئی ہیں۔
زمانہ حال کے شیعی (ہر زمانہ میں شیعی علماء نے روایتِ ثقلین پر بہت کچھ لکھا ہے. نت نئے رسالہ جات اس پر تدوین ہوتے رہتے ہیں چند سال ہوئے ہیں ان کے ایک شیعی عالم محمد قوام الدین الوشنوی القمی نے 1370ھ میں ایک رسالہ روایتِ ثقلین پر اہل سنت والجماعت علماء کے حوالہ جات یکجا کر کے مرتب کیا ہے۔ اس کو پھر دار التقریب المصریہ سے 1374ھ میں شائع کرایا گیا۔ پھر اسی رسالہ کو ضلع سرگودھا (بھیرہ) کے شیعہ مولوی محب حسین کاظمی نے اردو ترجمہ کر کے یہاں شائع کیا۔ اس رسالہ کا نام "ارشاد رسول الثقلین المعروف بحديثِ الثقلین" ہے۔ اس میں علماء کے دور مقرر کر کے (ناقلین ہوں یا مخرجين )دکھلایا گیا ہے کہ کن کن علماء نے اس کا ذکر کیا ہے۔ تحریر ہٰذا کے وقت یہ رسالہ بھی پیشِ نظر ہے۔ مجوزہ تفصیلات پیش ہونے کے بعد ہمچوں قسم رسائل کے فرداً فرداً جوابات کی حاجت نہ رہے گی۔ مِنْہُ) علماء نے بھی اپنے سابق مجتہدین کے موافق بحثِ ثقلین کو جزرِ اعصم سمجھتے ہوئے بڑے بلند بانگ دعوؤں کے ساتھ اس روایت کو بزعم خود متواتر ثابت کرنے کی کوشش کی ہے اور روایت ہٰذا کو اسلام کی چکی کا محور قرار دیا ہے. ہم ناظرینِ باتمکین کی خدمت میں بطور نمونہ اس دور کے شیعی فاضل کی بزعم خود مایہ ناز تصنیف کا صرف ایک اقتباس پیش کرتے ہیں جو اس مقصد کے لیے کافی ہے:
قال انیّ تارك فيكم الثّقلين الحدیث وھو (حدیثِ الثقلین) حدیث متواتر تلقتہ الامۃ بالقبول ولو انکرہ الجھول۔ 
آگے فرماتے ہیں: وھو الحدیث الثّقلین الذی ھو مدار المھام بحیث یدرو علیہ رحی الاسلام 
ترجمہ: میں تم لوگوں میں دو بڑی بھاری چیزیں چھوڑے جاتا ہوں جن کی پیروی تم پر واجب ہے، قرآن واہلبیت، (آخر حدیث تک) اور یہ حدیث متواتر ہے جس کو امت نے قبول کر لیا ہے۔ اگرچہ کوئی جاہل انکار بھی کر دے پس اب ہم حدیثِ ثقلین کا ذکر کرتے ہیں جس پر) کل مدار مقصود ہے۔ اس حیثیت سے گویا اسلام کی چکی اسی پر پھرتی ہے۔
(کتاب فلک النجات صفحہ 26 طبع اول مترجم، باب الاول فی معیار اہل الحق۔ از مولوی علی محمد شیعی استاذ، و مترجم کتاب ہٰذا مولوی امیر الدین (شاگرد مصنف مذکور) سکنہ چک جلال الدین علاقہ چلیہ رجانہ، ضلع جھنگ پنجاب،
(کتاب فلک النجات عربی میں مولوی علی محمد نے لکھی تھی پھر اس کے شاگرد مولوی حکیم امیر الدین نے اس کا ترجمہ اور حواشی مرتب کیے) مِنْہُ
مولوی امیر الدین جو مصنف کتابِ ہٰذا کے شاگرد رشید ہیں انہوں نے کتاب فلک النجاۃ کا اردو ترجمہ بھی کیا ہے اور حواشی بھی ترجمہ کے ساتھ ساتھ مرتب کیے ہیں۔ اسی کتاب کی بحثِ نصوص خلافتِ علیؓ میں اس روایتِ ثقلین کو ذکر کر کے حواشی میں یہ بات دوسرے طریقہ سے دہرائی ہے۔ اہل سنت پر طنز کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ اور محبیّنِ ثلاثہؓ نے اگرچہ ثلاثہ کی شان میں ایڑی چوٹی کا زور لگا کر احادیث وضع کر کے اپنے سلاطین زمانہ کو خوش کیا ہے مگر پھر بھی حدیث ثقلین و حدیث ولایت من کنت مولاہ الخ) وغیرہ احادیث صحیحہ متواترہ مسلّمہ واردہ بجقِ اہل بیت علیہم السلام برابر کوئی حدیث نہیں بنا سکے۔
(حواشی فلک النجات: صفحہ 492 جلد 1 نصوص خلافت علیؓ تحت حدیث الثقلین)
ان حوالہ جات کا حاصل یہ ہے:
1: کہ روایت ہٰذا (حدیث الثقلین کتاب اللہ عترتی اہل بیتی) ان کے زعم میں متواتر ہے۔
2: مدارِ مقصود یہی روایت ہے یعنی حجیت و تمسک کے باب میں ان کے ہاں اصل چیز یہی روایت ہے۔
3: اسلام کی چکی کے لیے یہ روایت محور کی حیثیت رکھتی ہے۔ دوسرے لفظوں میں اس اساسِ اسلام اور بنیادِ دین کا درجہ اسی روایت کو حاصل ہے۔
اب اصل مبحث میں شروع ہونے سے قبل چند تمہیدات یہاں قابلِ ذکر ہیں، انہیں پیشِ نظر رکھیے۔