الحمدللہ رب العٰلمین والصَّلوٰۃ والسَّلامُ علٰی سیّدنا ومولانا محمدﷺ وَ عَلٰی اٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ وَاَزوَاجِہٖ وَاھْلِ بَیْتِہٖ وَاتبَاعِهٖ باحسَانٍ اِلیٰ یومِ الدّین۔
جن لوگوں کو آنحضرت سرورِ کائناتﷺ کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے نفرت اور حضورﷺ کی آل و اولاد کے ساتھ دعویٰ محبت ہے وہ اس محبت کے دعویٰ میں حد سے متجاوز کر چکے ہیں۔ ان کے ہاں جیسے قرآن مجید کتاب اللہ کی اطاعت اور تابعداری علی الاطلاق واجب ہے، اسی طرح اہلِ بیت نبیﷺ و عترتِ رسولﷺ کی اطاعت بھی مطلقاً فرض اور لازم ہے۔ جیسے کتاب اللہ کے فرامین کو نہ ماننا انکارِ قرآن ہے، ان کے ہاں اسی طرح عترتِ رسولﷺ کے قولی و عملی فرمودات کو تسلیم نہ کرنا اللہ اور رسول اللہﷺ کا انکار ہے۔ حاصل یہ ہے کہ وجوبِ تمسک اور وجوبِ اطاعت کے اعتبار اور حجتِ شرعی ہونے کے لحاظ سے عترت رسولﷺ اور کتاب اللہ میں ان کے ہاں کوئی فرق نہیں۔
یہ مسئلہ ان کے نزدیک مسلمہ ہے۔ اس پر خاص کسی کتاب سے حوالہ پیش کرنے کی حاجت نہیں ہے۔ اگر مزید تسلی مقصود ہو تو تفسیر مجمع البیان ابو علی طبرسی صفحہ 269 تحت آیت اُولِى الۡاَمۡرِ مِنۡكُمۡ (سورۃالنساء: آیت 59) ملاحظہ کیجیے۔ ہمارے اہل سنت والجماعت (جمہور علماء) کے نزدیک علی الاطلاق اطاعت صرف کتاب اللہ و سنت رسول علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کی لازم اور واجب ہے، مستقل اطاعت اللہ جل مجدہ اور اس کے رسول علیہ الصلوۃ والتسلیم کی ضروری ہے۔ ان ہر دو کے ماسوا جن لوگوں کی تابعداری لازم اور ضروری ہے، وہ کتاب و سنت کے فرمان کے تحت ہے مستقل طور پر واجب نہیں مسلمان حاکم کی اطاعت ہو یا والدین کی تابعداری، اکابرِ امت اور علمائے دین کی پیروی ہو یا بزرگان اہل بیتؓ کی فرماں برداری، یہ سب اطاعتیں کتاب و سنت کی اطاعت کے تابع رہیں گی۔ ان کی اطاعت معروف (اچھے) امر میں ہوگی، غیر معروف یا کتاب و سنت کی مخالفت میں ان کی اطاعت ہرگز جائز نہیں، (اس مضمون کی تائید کے لیے قول خداوندی:
يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَاَطِيْعُواالرَّسُوۡلَ وَاُولِى الۡاَمۡرِ مِنۡكُمۡ فَاِنۡ تَنَازَعۡتُمۡ فِىۡ شَىۡءٍ فَرُدُّوۡهُ اِلَى اللّٰهِ وَالرَّسُوۡلِ (سورۃالنساء: آیت 59)
اور حدیث نبوی: اِنَّمَا الطَّاعَةُ فِی الْمَعْرُوفِ کافی ہے۔ مِنْہُ)
چہ جائیکہ لازم ہو۔ فریقین میں قواعد و ضوابط کے اعتبار سے یہ ایک اصولی فرق اور امتیاز ہمیشہ سے قائم ہے۔ پھر ہر ایک فرق نے اپنے اپنے مقرر کردہ اصول اور ضابطہ کو مدلّل کرنے کے لیے بےشمار تحریرات لکھی ہیں۔ بعونہٖ تعالیٰ ہم بھی ارادہ رکھتے ہیں کہ فریقین کے ان ہر دو مجوزہ اصول کو بمعہ استدلال سامنے لا کر واضح کریں کہ کون حق سے زیادہ قریب ہے؟
بنابریں ہم تحریر ہٰذا کے دو حصے کرتے ہیں: حصہ اول میں "مدعیان حبِّ اہل بیتؓ کے مجوزہ اصول" اور ان کے استدلال پر متعلقہ کلام تفصیلاً پیش کیا جائے گا، ان شاءاللہ تعالیٰ اور تحریر ہٰذا کے حصہ ثانی میں جمہور اہل سنت و الجماعت کے قاعدہ کی تشریح و توضیح اور اس کے دلائل کتاب و سنت سے پیشِ خدمت کرنے کا قصد ہے۔
وَاللّٰهُ وَلِیّ التَّوْفِيقِ۔