مندرجہ روایات میں پانچ عدد حدیثیں جو جابر بن عبد اللہؓ سے مروی ہیں مختلف محدثین نے ان کو اپنے اپنے اسناد کے ساتھ نقل کیا ہے۔ اس میں یہ بات شیعہ احباب کے لیے نہایت فرحت بخش واقع ہوئی ہے کہ سیدنا جابر بن عبد اللہؓ سے روایت کرنے والے سیدنا محمد باقرؒ ہیں اور سیدنا محمد باقرؒ سے روایت کرنے والے سیدنا جعفر صادقؒ ہیں، پھر سیدنا جعفر صادقؒ سے مختلف تلامذہ نے روایت نقل کی ہے۔ ان تمام مواضع میں کتاب اللہ کا تذکرہ ان ائمہ کرام نے کیا ہے اور عمل بلکتاب کے ضمن میں عمل بالسُنّتہ کے دوسرے دلائلِ قطعیتہ کے پیشِ نظر لازمی طور پر آ جاتا ہے، لیکن اہلِ بیت و عترت کا ذکر کہیں ایک جگہ بھی نہیں کیا گیا اور مقامِ ذکر میں ایک چیز کا نہ ذکر کیا جانا اس کے غیرضروری ہونے کی دلیل ہوتا ہے۔
پس ائمہ کرام کی روایات سے بھی یہ بات واضح ہوئی کہ کتاب و سُنّت کے درجے میں اہلِ بیت کی اطاعت واجب نہیں ہے اور نہ ہی ضروری ہے۔ ورنہ ان جمیع مواضعات میں "کتاب و سُنّت" کے تذکرہ کے ساتھ ساتھ اہلِ بیتؓ کی طاعت کا ذکر خیر بھی ضرور کیا جاتا۔