ایک سوال: بعض طبائع کی طرف سے یہ سوال وارد کیا جا سکتا ہے کہ سخاوی اور سہمودی و غیرہما جیسے بڑے بڑے اکابر علماء تو اس کے مسلک پر اعتراض نہ کر سکے، نہ انہوں نے یہ گرفتیں پیدا کیں آج چودھویں صدی میں اگر اس کی روایات رد کرنے کی یہ تدبیریں تیار کی گئی ہیں۔
اس کے جواب میں اول بات تو یہ ہے کہ جو کچھ ہم نے ابن عقدہ کے متعلق چیزیں فراہم کی ہیں، ان سب میں ہم ناقل ہیں اہل سنت کے سات عدد مشاہیر اہل علم ابن عقدہ پر مذکورہ تنقیدات اپنی اپنی تصنیفات میں ثبت فرما چکے ہیں ان حقائق کو آج کی خود ساختہ تدابیر قرار دینا بڑی ناانصافی ہے۔ صحت نقل کے ہم ذمہ دار ہیں مذکورہ مقامات مکمل دیکھ لیے جائیں۔ اس میں خیانت نہ ہوگی ان شاءاللہ۔ البتہ ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ابن عقدہ کے متعلق ہمارے مصنفین و اہل تراجم نے بڑی بڑی توثیق بھی درج کی ہے لیکن جن علماء پر اس کی حقیقت منکشف ہو گئی ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی اس پر مفصل تنقید بھی درج کر دی ہے اور جن لوگوں کے ہاں اس کی تصویر کا دوسرا رخ سامنے نہیں آسکا اس انہوں نے صرف مدح و توثیق لکھ دی ہے اور وہ اس درجہ میں ایک گونہ بالکل معذور ہیں۔ البتہ قاعدہ الجرح مقدم علی التعدیل کے تحت ان کی توثیقات کی طرف التفات نہ کیا جائے گا۔
2: دوسری بات یہ ہے کہ شیعی علماۓ کے تراجم کی تصریحات ہمارے علماء کی تنقیدات کی تائید کرتی ہیں اس طرح کہ سنی علماء کہتے ہیں یہ شخص (ابن عقدہ) زیدی جارودی شیعہ ہے، شیعی اہل علم بھی کہتے ہیں کہ بالکل صحیح ہے۔ یہ زیدی جارودی شیعہ ہے، ہمارے ہاں معتبر و مستند راوی ہے، اس کی بڑی بڑی تصنیفات مقبول ہیں ایسے حالات میں جب کہ یہ شخص بین الفريقین مسلّم شیعہ ہے تو اس کی مرویات تنازعہ فیہ مسائل میں بے چوں و چرا کیوں تسلیم کی جا سکتی ہیں؟ اور اس فن کے علماء نے فرمایا ہے کہ بدعتی (مثلاً شیعہ، خارجی وغیرہ) کی روایت جبکہ وہ اس کے مذہب کی طرف داعی ہو تو قبول نہیں کی جاتی۔ یہ ہماری معروضات اپنے قواعد کے موافق پیش کی جا رہی ہیں۔ تحکم اور سینہ زوری کو اس میں کوئی دخل نہیں ہے۔ حاصل یہ ہے کہ اس باب میں ابنِ عقدہ کی روایات پر بالکل اعتماد نہیں ہے فلہٰذا یہ متروک ہیں۔