بصورتِ دیگر - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

بصورتِ دیگر

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

اگر روایتِ ہٰذا (تارک فیکم) کے خطاب میں خود اہل بیت و عترتِ و قرابت دارانِ رسولﷺ مخاطب نہیں ہیں، تو ان پر کس کی اتباع اور کس کی طاعت فرض ہے؟

اگر کہا جائے کہ کتاب اللہ و سنتِ رسولﷺ کی اتباع اور تابعداری ان پر واجب ہے تو معلوم کرنا چاہیے کہ وہ کون سی روایت ہے جس میں مخصوص اہل بیت و عترتِ نبوت کو خصوصی خطاب فرمایا گیا ہو اور دیگر امت کو وہاں مخاطب نہیں بنایا گیا، بلا شبہ ایسی روایت کی نشاندہی ہونی چاہیے۔
اگر کوئی صاحب اس باب میں یہ موقف اختیار کریں کہ کتاب اللہ (قرآن مجید) اہل بیت کے لیے کافی ہے، اس میں کتاب اللہ اور سنت رسول اللہﷺ کی اطاعت اور تابعداری کے فرمان موجود ہیں تو ان کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ قرآن مجید میں تو سب مسلمانوں کو خطاب عام کے ساتھ کتاب و سنت کی اطاعت کا حکم دیا گیا ہے۔ اس میں کسی مخصوص خاندان کے حق میں مخصوص حکم کا جاری ہونا مذکور نہیں ہے۔ فلہٰذا کسی ایسی روایت کو تلاش کرنا ہوگا، جس میں صرف خاندانِ نبوت کو ہی کتاب و سنت کی پیروی کا حکم دیا گیا ہو۔
دوم: اس کے بعد یہ عرض ہے کہ ان دوستوں کے نزدیک روایتِ ہٰذا میں اہل بیت سے مراد صرف بارہ امام ہیں جن کا عدد سیدنا علیؓ سے شروع ہو کر امام مہدی پر ختم ہوتا ہے۔
1: اب پہلے یہاں یہ دریافت کرنا ناموزوں نہیں کہ نبی کریمﷺ کے ازواج مطہراتؓ اہل بیت سے کیوں خارج ہیں؟ حالانکہ اہل بیت کا اطلاق ازروئے لغتِ عرب زوجہ پر بالکل صحیح ہے اور ازروئے قرآن مجید بھی اہل بیت کا اطلاق زوجہ پر بالکل درست ہے۔ جیسے سورۃ ہود بارہویں پارہ میں سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی بیوی کے ذکر میں فرمایا گیا ہے: (رَحۡمَتُ اللّٰهِ وَبَرَكٰتُهٗ عَلَيۡكُمۡ اَهۡلَ الۡبَيۡتِ‌ آیت 73)
یہاں قطعی طور پر فریقین کے ہاں سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی بیوی کو اہل بیت کہا گیا ہے اور پارہ بیسواں سورۃ قصص کے پہلے رکوع میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی بہن کا قول مذکور ہے کہ: هَلۡ اَدُلُّكُمۡ عَلٰٓى اَهۡلِ بَيۡتٍ يَّكۡفُلُوۡنَهٗ لَكُمۡ وَهُمۡ لَهٗ نٰصِحُوۡنَ۔
یہاں بھی حضرت موسیٰ علیہ السلام کے والد عمران کی بیوی کو اہل بیت سے تعبیر کیا گیا ہے اور فریقین کے نزدیک ٹھیک ہے۔
جب ازروئے لغت عرب اور قرآن مجید کے اطلاقات کے موافق ازواج مطہرات" اہل بیت کے مفہوم میں داخل ہیں تو ان کو اہل بیت کے "اصلی معنیٰ" اور "حقیقی مصداق" سے کیوں خارج کیا جائے۔
2: دوسرا اشکال یہ درپیش ہوتا ہے کہ اگر اہل بیت سے مراد صرف بارہ امام لیے جاتے ہیں تو سیدہ فاطمہؓ بھی اہل بیت سے خارج ہوتی ہیں۔ حالانکہ کون صاحبِ علم و دانش مسلمان ہے جو حضورﷺ کے اہل بیت سے آپﷺ کی صاحبزادیوں کو بھی خارج قرار دے حب "بیبیاں" بھی اہل بیت سے خارج ہوں اور "لڑکیاں" بھی اہل بیت سے خارج ہوں تو کون اہل بیت رہ گیا؟ اور اگر دامادِ نبی اہل بیت میں شامل ہیں تو سیدنا علیؓ تو سیدنا عثمان بن عفانؓ اور حضرت ابوالعاصؓ بن ربیع تینوں اہل بیت میں واجب الاتباع ہوں گے۔
3: تیسری یہ گزارش ہے کہ اگر اہل بیت سے نبی کریمﷺ کی اولاد مراد ہے جیساکہ روایت ہٰذا کے سے بعض طریق میں عترتی کے الفاظ وارد ہیں تو اس لحاظ سے ثقل اول کتاب اللہ ہے اور ثقل ثانی حضور علیہ السلام کی اولاد مبارک ہوئی پھر جتنی اولاد ہوئی اس روایت ثقلین کے مفہوم کے اعتبار سے تمام کے تمام واجب الاطاعت ہونی چاہیے۔ ایک قول کے تحت سیدنا حسنؓ کے آٹھ صاحبزادے ہیں اور سیدنا حسینؓ کے بالاتفاق چھ لڑکے اور بااختلاف گیارہ کی تعداد ہے۔ پھر ہر ایک کی اولاد اور اولاد تا اس دور تک شمار کر لی جائے۔ اسی طرح سیدنا زین العابدینؒ کی اولاد دس یا گیارہ صاحبزادے ہیں۔ پھر ان میں ہر ایک کی اولاد تا اس زمانہ تک شمار کر لی جائے۔ پھر سیدنا محمد باقرؒ کی اولاد پانچ عدد ہیں پھر ان کی اولاد در اولاد ہمیشہ کے لیے شمار کر لی جائے اور سیدنا جعفرؒ کے نو عدد بیٹے ہیں پھر ان کی اولاد تا زمانہ حال گن لی جائے علی ہذا القیاس سیدنا حسن عسکریؒ کی اولاد تک اسی طرح تمام نسل در نسل کا حساب لگایا جائے یا اولاد جو سیدہ خاتونِ جنت فاطمہؓ کے نسب شریف سے ہے یہ سب عترتِ رسولﷺ اور آلِ بتولؓ سے ہے روایتِ ہٰذا کے مفہوم کے اعتبار سے بتمامہا واجب الاطاعت ٹھہرتی ہے۔
اگر عترتِ واجب التمسک اور واجب الاطاعت ہے تو سب کی سب ہے۔ اگر عترت کی تابعداری لازم نہیں ہے تو تمام کی نہیں ہے۔ اثناء عشری یعنی بارہ عدد کی تخصیص وتعیین کے لیے کون سی نصِ قطعی موجود ہے؟ اگر اس تخصیص کی خاطر کوئی نص نہیں مل سکتی تو اہل بیت سے اثناء عشر مراد لینا سراسر سینہ زوری ہے اور ادعاء بلادلیل ہے۔
سوم: روایت کے مفہوم کا تقاضا یہ ہے کہ کتاب اللہ اور اہل بیت دونوں لوگوں کے سامنے قیامت تک موجود رہیں گے تاکہ لوگ کتاب اللہ پر عمل درآمد کر کے اہل بیت سے محبت و ولایت رکھ کر نبی کریمﷺ کی وصیت کو پورا کر سکیں مگر شیعی مسلمات کے اعتبار سے یہ دونوں چیزیں لوگوں کے درمیان سے مدتوں سے غائب ہیں۔ قرآن مجید لے کر 269ھ میں امام صاحب ان کے گمان موافق غار سر من رائے میں غائب ہو گئے ہیں اب 1383ھ ہے مدتِ غیبوبتہ کا حساب لگا لیا جائے بنابریں حالات اب پیغمبر کی تاکیدی نصیحت اور وصیت کو پورا کرنے کے لیے لوگوں کے ہاں کیا صورت ہو سکتی ہے؟ بینوا توجروا!
چہارم: ان دوستوں نے روایتِ ثقلین کا جو مطلب تجویز کیا ہے وہ اگر صحیح ہے تو اہل اسلام کے لیے واجب التمسک اور واجب الاتباع صرف دو چیزیں ٹھہرتی ہیں ایک کتاب اللہ اور دوسری اہل بیت اور سنتِ نبوی کا واجب الاتباع ہونا مسلمانوں کے لیے ضروری نہیں رہتا حالانکہ جمہور اہل اسلام کے نزدیک "کتاب و سنت" کا حجتِ شرعی ہونا بداہتاً مسلم ہے۔ نیز سنتِ نبویﷺ کی "حجیت" سے انکار کرنا تو شیعی روایات کے اعتبار سے بھی درست نہیں ہے، چنانچہ ہم شیعہ کی ان روایات کو جو سنتِ نبویﷺ کی مویدات میں وارد ہیں، جمع کر کے رسالہ ہٰذا کے حصہ ثانی میں پیش کریں گے۔
ان شاءاللہ تعالیٰ۔
پنجم: نیز یہ چیز بھی قابلِ غور ہے کہ ان دوستوں کے ہاں عترت و اہل بیت کا واجب الاتباع ہونا منصوص من اللہ ہونے کی وجہ سے ہے نہ کہ روایتِ ثقلین کی وجہ سے، پھر روایتِ ہٰذا سے استدلال کرنا بیکار رہے گا۔