ایک جملہ معترضہ - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

ایک جملہ معترضہ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

شیعہ دوستوں کی ایک کتاب "مصباح الظلم" ہے نواب امداد صاحب رئیس پٹنہ اس کے مصنف ہیں۔ مجتہدین لکھنؤ کی تصحیح و نگرانی کے ساتھ رام پور میں نواب صاحب کے حکم سے طبع ہوئی تھی۔ اس کتاب میں اس چیز کو طنز کے طور پر دہرایا گیا ہے کہ سیدنا عمرؓ کا قول (حسبنا کتاب اللہ جو روایت قرطاس میں وارد ہے) بڑی قوی تاثیر رکھتا تھا یہ جملہ پولیٹیکل دماغ کی پیداوار تھی اس قول نے حدیثِ ثقلین کو بیکار بنا دیا وغیرہ وغیرہ چنانچہ اس کے بعد چند ایک حوالات بلفظہ پیش کیے جاتے ہیں۔
1: صفحہ 10 پر لکھتے ہیں کہ سیدنا عمرؓ کے خلاف ان تین چار لفظوں (حسبنا کتاب اللہ) نے ایک ایسی نئی اسلامی دنیا قائم کر دی ہے کہ آج تک بڑے زوروں کے ساتھ قائم ہے ہر چند رسول اللہﷺ کا قول بڑی تاکید سے خبر دیتا ہے مگر سیدنا عمرؓ کے قول بالا نے قول نبوی (ثقلین) پر امت کو عمل پیرا ہونے نہ دیا جس کے باعث ارشاد نبویﷺ ایک قولی حیثیت تک محدود رہ گیا۔
2: اسی صفحہ پر آگے چل کر لکھتے ہیں۔
"یہ حدیث نبویﷺ ڈیڈ لیٹر یعنی ایک مردہ قول کی طرح کتابوں میں حوالہ قلم پائی جاتی ہے اور اس سے زیادہ حیثیت کبھی اس کو حاصل نہیں رہی۔
(مصباح الظلم: صفحہ 10 طبع اول)
3: اس میں شک نہیں ہے کہ سیدنا عمر بن الخطابؓ کے اس قول (حسبنا کتاب اللہ) نے بڑی کامیابی پیدا کی اس قول نے عملی طور پر حدیثِ ثقلین کو باطل کر ڈالا۔
(مصباح الظلم: صفحہ 12 طبع اول)
4: امر واقعی یہ ہے کہ سیدنا عمر بن الخطابؓ کی پولیٹیکل قابلیت اپنا جواب نہیں رکھتی سیدنا معاویہؓ بن ابی سفیانؓ گویا ایک بہت بڑے مدبر ذہین اور بطلین بزرگ تھے مگر سیدنا عمر بن الخطابؓ کے پولیٹیکل دماغ سے کوئی نسبت نہیں رکھتے تھے۔ سیدنا عمرؓ ہی کا کام تھا کہ صرف ایک مختصر قول (حسبنا کتاب اللہ) سے رسول اللہﷺ کی حدیثِ ثقلین کو بےاثر کر دیا۔
(مصباح الظلم: صفحہ 19 طبع اول)
نوٹ: یہ ہر چہار حوالہ جات النجم لکھنو نمبر 11، 12 جلد 7 صفحہ 67، 68 المعروف الرابع من المائتین میں مفصل درج ہیں وہاں ملاحظہ ہوں۔
صاحب "مصباح الظلم" بیچارے صرف سیدنا فاروقِ اعظم عمر بن الخطابؓ کی ذات پر یہ الزام ڈالنا چاہتے ہیں کہ ان کے قول حسبنا کتاب اللہ کی وجہ سے روایتِ ثقلین پر عمل درآمد متروک ہو گیا ہے، اور صرف اس قول نے روایتِ ہذا کو ڈیڈ لیٹر بنا دیا ہے۔ حالانکہ یہ واقعہ کے خلاف امر ہے۔ جناب پہلے آپ ہاشمی خاندان، آلِ ابی طالب، اہل بیتِ رسولﷺ، آلِ بتولؓ، اولادِ علیؓ، حضرات سے دریافت کیجیے کہ روایتِ ثقلین کا (بقول شیعہ جو مفہوم و مقتضیٰ ہے) اس کے موافق انہوں نے کہاں تک عمل درآمد کیا ہے؟ کیا ان حضرات نے ہمیشہ اپنے اپنے دور میں وقت کے خلفاء کی بیعت کر کے روایت ہٰذا کو عملی طور پر بیکار اور بے اثر نہیں بنایا؟
انصاف یہ ہے کہ سیدنا عمرؓ کے قول نے اس روایت کو مردہ قول نہیں بنا دیا بلکہ ان ہاشمی حضرات مذکورین نے اپنے عمل اور کردار سے اس روایت کو ڈیڈ لیٹر کی حیثیت دے دی ہے۔