دونوں روایتوں میں تطبیق - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

دونوں روایتوں میں تطبیق

  علامہ ڈاکٹر خالد محمود رحمہ اللہ

مجھے ایک واقعہ یاد آیا ایک جگہ غالباً مناظرہ تھا تو مخالفین میں سے کسی نے کہا کہ جی سیدنا علیؓ نے چھ ماہ بیعت کیوں نہ کی؟ میرے پاس تشریح کا وقت نہیں تھا جیسا کہ آپ اب بیٹھے ہیں اور میں تقریر کر رہا ہوں اور الحمدللہ آپ آرام سے بیٹھے ہیں آپ یہ نہیں کہیں گے کہ ٹائم زیادہ ہو گیا ہے لیکن جب کسی مخالفانہ اجتماع میں ہوں تو یکدم کوئی بات کرے تو جواب دینا پڑتا ہے؟ یکدم انہوں نے کہا کہ جی سیدنا علیؓ نے چھ مہینے بیعت نہیں کی؟ مطلب ان کا یہ تھا کہ اہلِ سنت کے عقیدے پر ضرب لگائی جائے کہ تمہارے بڑے امام اول نے بیعت نہیں کی تھی مفہوم تھا کہ کسی کمزوری کی طرف اشارہ کریں تو اس وقت تشریح کا وقت نہیں تھا آپ کو جو میں نے تشریح کی وہ سمجھ آ گئی؟ (سامعین: جی آ گئی) لیکن اس وقت میں نے کہا کہ سیدنا علیؓ نے چھ ماہ کے بعد جو بیعت کی کیا آپ کو معلوم بھی ہے کیوں کی؟ اس لیے کہ یہ بیعت جبری نہیں تھی بلکہ سیدنا علیؓ بتانا چاہتے تھے کہ میں نے بیعت اپنے اختیار سے کی ہے اور اگر جبری ہوتی تو پہلے دن ہی ہو جاتی۔
آپ بتانا چاہتے تھے کہ اگر جبراً بیعت ہوتی تو پہلے دن ہوتی یا چھ ماہ کے بعد ہوتی؟ جبراً بیعت پہلے دن ہوتی تو جب انہوں نے چھ ماہ بعد کی تو لوگوں کو دکھانے کے لیے کہ کوئی شخص آئندہ تاریخ میں اسے اس موڑ سے نہ موڑے کہ جبری بیعت ہوئی تھی اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے خلافت پر جبری قبضہ کیا تھا اگر جبری قبضہ ہوتا تو سیدنا علیؓ کی بیعت پہلے دن ہوتی۔
بہر حال اس وقت اللہ تعالیٰ نے نیا جواب سمجھایا کہ وہاں پورے مجمع میں ایک سکون پیدا ہو گیا اور جو اب تک پراپیگنڈا کرتے ہیں کہ سیدنا ابو بکر صدیقؓ و سیدنا عمرؓ زور سے اقتدار پر آئے تھے تو سامعین بتائیے اگر زور سے اقتدار پر آتے تو سیدنا علیؓ کی بیعت کب ہوتی؟ (سامعین: پہلے) تو اگر پہلے دن نہیں ہوئی تو معلوم ہوا کہ اسلام میں اس سوسائٹی میں مسلمانوں میں ایک تصور یہ تھا کہ بیعت کوئی کرے ایک بات یا پھر مقابلے میں آئے دوسری بات یا پھر خاموشی اختیار کرے تیسری بات تو یہ تینوں طرح کے Element ہو سکتے ہیں۔
(سیدنا علی المرتضیٰؓ نے سیدنا ابو بکر صدیقؓ کی بیعت کی تھی اس پر یہاں حضرت مولانا عبد الستار تونسوی رحمۃاللہ کی ایک تحریر ہدیہ قارئین کی جاتی ہے:
سیدنا علی مرتضیٰؓ کا جناب صدیق اکبرؓ کے ہاتھ پر بیعت کرنا اور ان کے پیچھے نمازیں پڑھنا اور باہم مشورے کرنا اور ہر طرح کی عبادات و معاملات میں ان کے ساتھ شریک و شامل رہنا کتب معتبرہ سے ثابت اور تاریخ اسلام کا نہایت زریں باب ہے اور اخوتِ صحابہ کی اپنی جگہ بہترین مثال ہے اہلِ سنت کی کتابوں میں تو یہ مضمون بکثرت موجود ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ شیعہ حضرات کی نہایت معتبر روایات میں بھی اس قسم کی کافی شہادتیں موجود ہیں شیعہ کی معتبر کتاب احتجاج طبرسی مطبوعہ نجف اشرف کے صفحہ 52 پر سیدنا علی مرتضیٰؓ کے متعلق ہے:
ثم تناول يد ابی بكر فبايعه۔
پھر سیدنا علی مرتضیٰؓ نے سیدنا ابو بکر صدیقؓ کا ہاتھ پکڑا اور ان سے بیعت کی۔
اور اسی احتجاج طبرسی کے صفحہ 56 پر موجود ہے:
قال اسامه له بايعته فقال نعم يا اسامة۔
سیدنا اسامہؓ نے سیدنا علیؓ سے پوچھا کیا آپ سیدنا صدیقِ اکبرؓ کی بیعت کر چکے ہیں تو سیدنا علیؓ نے جواب دیا کہ ہاں بیعت کر چکا ہوں۔
اور روضہ کافی: صفحہ 139، 115
اور کشف الغمہ: صفحہ 68
اور حق الیقین: جلد 1، صفحہ 148، 138
اور شرح نہج البلاغہ درہ نجفیہ: صفحہ 88
اور جلاء العیون فارسی: صفحہ 88 غزوات حیدری وغیرہ کتب شیعہ میں مختلف طریقوں سے سیدنا علی المرتضیٰؓ کا سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے ہاتھ پر بیعت ہونا ثابت ہے۔
سیدنا ابو بکر صدیقؓ اور سیدنا علی المرتضیٰؓ اور تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے پیرو مرشد تو جناب سید الاولین والآخرین جناب محمد مصطفیٰﷺ تھے سیدنا علیؓ نے سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے ہاتھ پر جو بیعت کی تھی یہ بیعتِ خلافت تھی اور شریف مرتضیٰ علم الہدیٰ شیعہ کے مجتہد اعظم نے اپنی معتبر کتاب الشافعی کے صفحہ 398 پر لکھا ہے:
ثم مديده فبايعه۔
پھر سیدنا علیؓ نے اپنا ہاتھ پھیلایا اور سیدنا صدیقِ اکبرؓ سے بیعت کرلی۔
اگر سیدنا علی المرتضیٰؓ کو سیدنا صدیقِ اکبرؓ کی دیانت و صداقت پر پورا پورا اعتماد نہ ہوتا اور ان سے عقیدت و محبت نہ ہوتی تو سیدنا علیؓ جیسے دیندار و دلاور ان کے ہاتھ پر کبھی بیعت نہ کرتے جن کے بیٹے سیدنا حسینؓ نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے عزیز و اقارب اور ساتھی کٹوا دیے اور خود بھی جان دے دی مگر فاسق فاجر کے ہاتھ پر بیعت گوارا نہ کی ۔ع
کٹا کر سر شہِ کرب و بلا نے یہ بتایا ہے
درِ باطل پہ جھک سکتی نہیں مومن کی پیشانی
بھلا جس کے بیٹے کی ایمانی استقامت و حمیت کا یہ حال ہو اس کے باپ کی نسبت یہ گمان ہو سکتا ہے کے شیر خدا ہو کر بخوف جان یا طمع مال و دنیا کسی غاصب کے ہاتھ پر بیعت ہو۔
(خلفائے راشدینؓ: جلد 1، صفحہ 200)