Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

سیدنا عمرو بن العاص اور سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہما پر تہمت طرازی

  علی محمد الصلابی

سیدنا عمرو بن العاص اور سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہما پر تہمت طرازی

ابو مخنف نے شوریٰ کی روایت میں سیدنا عمرو بن العاص اور سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہما سے متعلق بیان کیا ہے کہ یہ دونوں مشاورت کے وقت دروازے پر جا بیٹھے، اور سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے ان دونوں کو وہاں سے بھگا دیا، اور کہا کیا تم یہ چاہتے ہو کہ بعد میں کہو کہ ہم بھی ممبرانِ شوریٰ میں سے تھے؟

یہ انتہائی غلط بات ہے، عام لوگوں کے سلسلہ میں بھی یہ تصور نہیں کیا جا سکتا چہ جائیکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں یہ سوچا جائے۔ لوگ، ممبران شوریٰ کون ہیں انہیں اچھی طرح جانتے اور پہچانتے تھے، اور یہ خبر ان کے درمیان مشہور و عام تھی کہ کوئی غیر متعلق شخص اس کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔

حقیقت میں ابو مخنف کی روایت میں تناقضات کی بھرمار ہے، غور و فکر کرنے اور صحیح اصولوں سے اس کا مقارنہ کرنے والوں کے لیے یہ بالکل واضح ہے، اور اس کے عجائب و غرائب مشہور ہیں، انہیں ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر یحییٰ الیحییٰ نے اس کی بعض مثالوں کی طرف اشارہ فرمایا ہے جو اس روایت کے ابطال اور عدمِ اعتبار کے لیے کافی ہیں۔ 

(مرویات ابی مخنف: صفحہ، 179)

 تنبیہ و تحذیر کی خاطر ان زہر آلودگیوں سے متعلق بعض اشارے ذکر کیے ہیں جو ہماری تاریخ و ثقافتی میراث کے اندر پھیلی ہوئی ہیں اور مؤلفین و مؤرخین اور مفکرین کو متاثر کر رکھا ہے۔