امہات المومنین رضی اللہ عنہن کے ساتھ حج
علی محمد الصلابیامہات المومنینؓ کے ساتھ حج
جب 13 ہجری میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ مسند خلافت پر جلوہ افروز ہوئے تو اس سال سیدنا عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کو امیرِ حج مقرر فرمایا۔ انہوں نے لوگوں کے ساتھ حج کیا، اور اسی طرح 23 ہجری میں جو آخری حج سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کیا، سیدنا عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ آپؓ کے ساتھ تھے۔ اس سال سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ازواجِ مطہرات کو حج کرنے کی اجازت دی، انہیں ہودج میں سوار کیا گیا۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ان کے ساتھ حضرت عثمان بن عفانؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کو روانہ کیا۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اپنی سواری پر سوار ازواجِ مطہرات کے آگے آگے چلتے اور کسی کو بھی ان کے قریب نہ آنے دیتے اور جہاں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ پڑاؤ ڈالتے وہاں ازواجِ مطہرات بھی منزل کرتیں، سیدنا عثمانؓ اور سیدنا عبدالرحمٰن رضی اللہ عنہ انہیں گھاٹیوں میں اتارتے اور یہ دونوں گھاٹی کے بالکل کنارے رہتے اور کسی کو ان کے پاس سے گزرنے نہ دیتے۔
(طبقات ابنِ سعد: جلد، 3 صفحہ، 134 انساب الاشراف: جلد، 1 صفحہ، 465، 466 مجلۃ البحوث الاسلامیۃ، العدد العاشر: صفحہ، 263)