اس عنوان کے تحت ہم سبّ اور اس کی قسمیں مع حکم ذکر کریں گے تاکہ یہ معلوم ہو جائے کہ صحابہ کرامؓ پر سبّ سے کیا مراد ہے اور کس قسم کا سبّ موجبِ کفر ہے اور کس قسم کا موجبِ گمراہی ہے کیونکہ اہل اسلام جانتے ہیں کہ حضراتِ صحابہ کرامؓ وہ جماعت ہیں جو اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبرﷺ کی محنت سے تیار ہوئی اور اس کا تزکیہ خود امام الانبیاءﷺ نے فرمایا ہے اور جن کے قلوب و اذھان کو اسلام سے منور خود صاحبِ اسلام نے کیا ہے اب جو شخص حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرتا ہے تو وہ شخص اشارتاً و کنایتاً حضرت رسول کریمﷺ کے تعلیم و تزکیہ میں نقص کا دعویدار ہے اور حضورﷺ کی 23 سالہ محنت کو شبہ کی نظر سے دیکھتا ہے اس لیے ایسے شخص کی صحبت سے خود کو بچانا ضروری ہے۔ اور ایسے شخص کی تعلیمات زہرِ قاتل ہیں لہٰذا حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرنے والے کا حکم جاننا انتہائی ضروری ہے تاکہ ہمیں معلوم ہو جائے کہ وہ شخص کس درجہ کا گمراہ ہے۔
سبّ کا معنیٰ:
شیخ الاسلام امام ابن تیمیہؒ نے سبّ کا معنیٰ بیان کرتے ہوئے تحریر فرمایا ہے کہ: الكلام الذی يقصد به الانتقاص والاستخفاف وهو ما يفهم منه السب فی قول الناس على اختلاف اعتقاداتهم كاللعن و التقبيح ونحوه (الصارم المسلول: صفحہ 412)
ترجمہ: وہ ایسا کلام ہے جس سے توہین و استخفاف مقصود ہو اور ایسا کلام ہے جس کو لوگ سبّ سمجھیں اپنے عقائد کے اختلاف کے باوجود جیسے لعنت کرنا، مذمت کرنا وغیرہ۔
حضرت مولانا معاویہ سعدی گورکھپوری مدظلہ تحریر فرماتے ہیں کہ سبّ اور شتم یہ دونوں عربی الفاظ ہیں جن کے معنیٰ ہیں۔
نقد و تبصرہ اور برا تذکرہ اس لیے ان الفاظ کو بازاری قسم کی گالم گفتار کے لیے خاص سمجھنا درست نہیں۔
علامہ سخاوی فرماتے ہیں: ان الوصف لهم بغير العدالة سبّ۔( فتح المغیث: صفحہ 96 جلد 4)
یعنی ان کی طرف خلافِ عدالت کوئی بھی بات منسوب کرنا سبّ کے تحت آتا ہے۔ (حرمت صحابہؓ: صفحہ 34)
اسی طرح مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیعؒ سبّ کا معنیٰ بیان کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں کہ لفظ سبّ کا ترجمہ اردو میں عموماً، گالی دینا کیا جاتا ہے جو اس لفظ کا صحیح ترجمہ نہیں کیونکہ گالی کا لفظ اردو زبان میں فحش گالی کے لیے آتا ہے حالانکہ لفظِ سبّ عربی زبان میں اس سے زیادہ عام ہے۔ ہر اس کلام کو عربی میں سبّ کہا جاتا ہے جس سے کسی کی تنقیص ہوتی ہو۔ (مقامِ صحابہؓ: صفحہ 44)
فائدہ: ان اکابر کی تصریحات سے یہ بات معلوم ہوئی کہ عربی زبان میں سبّ کا معنیٰ فحش گالی نہیں ہے (کیونکہ فحش گالی کا حکم اس سے زیادہ سخت ہے) بلکہ ہر ایسا کلام مراد ہے جس میں کسی کی تنقیص ہو۔ کسی کی برائی ہو۔ اور اسی طرح حضرات صحابہ کرامؓ کا ایسا تذکرہ جو ان کی عدالت کے خلاف ہو وہ بھی سبّ ہے لہٰذا صحابہ کرامؓ پر اگر کوئی شخص سبّ کرنے سے بچنا چاہتا ہے (جیساکہ اسلامی تعلیمات بھی یہی ہیں) تو اُسے حضرات صحابہ کرامؓ کی برائی تنقیص اور عدالت کے خلاف بات کرنے سے رکنا ہوگا جیسا کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا ہے
لاَ تَسُبُّوْا أَصْحَابِی
(میرے صحابہ کو برا مت کہو) (بخاری شریف )
سبّ کی قسمیں اور ان کا حکم:
امام اہلسنت ، حامل علوم لکھنویؒ، استاذ محترم علامہ علی شیر حیدری شہیدؒ، حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرنے کی تفصیل بیان فرماتے ہیں کہ حضرات صحابہ کرامؓ پر سب و قدح کی تین قسمیں ہیں:
1: حضرات صحابہ کرامؓ کے دین اور عدالت میں سبّ کرنا اور قدح کرنا۔
حکم: ایسا شخص بالاتفاق کافر ہے۔
2: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ کے دین اور عدالت کے علاوہ میں سبّ و قدح کرتا ہے اور اس کو حلال اور جائز بھی سمجھتا ہے۔
حکم: یہ شخص بھی بالاتفاق کافر ہے۔
3: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ کے دین اور عدالت کے علاوہ میں سبّ و قدح کرتا ہے اور اس کو حلال اور جائز بھی نہیں سمجھتا جیسا کہ کسی صحابی کو بزدل یا بخیل کہ دیا۔ نعوذ باللہ ۔
حکم: ایسا کرنے والا شخص پرلے درجے کا گمراہ ہے اور فاسق ہے اور حرام کا مرتکب ہے لیکن کافر نہیں ہے۔ (افادات حضرت حیدری شہیدؒ)
استادِ محترم حضرت حیدری شہیدؒ کی بیان کردہ یہی تین قسمیں شیخ الاسلام امام ابنِ تیمیہؒ نے بھی اپنی معروف کتاب الصارم المسلول علی شاتم الرسولﷺ میں تحریر فرمائی ہیں جسکی عربی عبارت یہ ہے۔
وقال القاضی ابو يعلى الذی عليه الفقهاء فى سب الصحابة ان كان مستحلاً لذالك كفر. وان لم يكن مستحلاً فسق ولم يكفر ان سبّهم سباً يقدح فی دينهم او عدالتهم كفر بذالك. وان سبهم سباً لا يقدح مثل ان يسب ابا احدهم او يسبّه سبا يقصد به غیظه و نحو ذالک لم يكفر۔(الصارم المسلول: صفحہ 421)
ترجمہ: قاضی ابو یعلیٰ فرماتے ہیں کہ صحابہؓ پر سبّ کرنے کے بارے میں فقہاء کا مذہب یہ ہے کہ اگر وہ اس کو حلال سمجھتا ہے تو کافر ہو گیا ہے اور اگر حلال نہیں سمجھتا ہو تو فاسق ہوا ہے کافر نہیں ہوا۔ اگر وہ ان کو ایسا سبّ کرے جس سے ان کے دین یا عدالت میں طعن ہوتا ہو تو اس سے وہ شخص کافر ہو گیا ہے اور اگر ایسا سبّ کرے جس سے (دین یا عدالت) میں طعن نہ ہوتا ہو تو اس سے وہ شخص کافر نہ ہو گا جیسے ان میں سے کسی کے والد کو سبّ کرنا ( بشرطیکہ والد صحابی نہ ہو یا اس لیے سبّ کرنا تاکہ وہ غصہ ہو۔
اسی طرح شیخ الاسلام امام ابنِ تیمیہؒ اپنی اس کتاب کے ایک اور مقام پر تحریر فرماتے ہیں کہ:
وامّا من سبّهم سباً لا يقدح فى عدالتهم ولا فی دينهم مثل وصف بعضهم بالبخل او الجبن او قلة العلم او عدم الزهد و نحو ذالك فهذا هو الذی" يستحق التاديب والتعذير ولا نحكم بكفره بمجرد ذالك وعلى هذا يحمل كلام من لم يكفر هم من اهل العلم واما من لعن و قبح مطلقا فهذا محل الخلاف فيهم لتردد الامر بين لعن الغيط ولعن الاعتقاد واما من جاز ذالک الى ان زعم انهم ارتدوا بعد رسول الله ﷺالا نفرا قليلا لا يبلغون بضعة عشر نفسا او انهم فسقوا عامتهم فهذا لا ريب ايضاً فی كفره لانه مكذب لما نصه القرآن فی غير موضع من الرضى عنهم والثناء عليهم بل من يشك فی كفر مثل هذا فان كفره متعين(الصارم المسلول: صفحہ 434)
ترجمہ: جو شخص صحابہؓ پر ایسا طعن کرے جس سے ان کی عدالت اور دین داری مجروح نہ ہوتی ہو مثلاً بعض صحابہؓ کو بخیل یا کم علم یا غیر زاہد کہ دیا تو یہ شخص تعزیر کے ذریعہ تادیب کا مستحق ہے۔ محض اس وجہ سے ہم اس کی تکفیر نہیں کرتے چنانچہ جن اہل علم نے ان کی تکفیر نہیں کی ان کے کلام کو اسی صورت پر محمول کرنا چاہیے۔ مگر جو شخص صحابہؓ پر لعن کرے یا ان کی مطلقاً مذمت کرے (یعنی نہ یہ لین دین میں ہو اور نہ حلال سمجھتا ہو) تو یہ سبّ محلِ اختلاف ہے اس لیے کہ یہ معاملہ دو پہلوؤں کے درمیان متردد ہے کہ آیا یہ غصے کی لعنت مراد ہے یا اعتقادی لعنت مراد ہے؟ اور کوئی شخص اس سے تجاوز کرے اور یہ دعویٰ کرے کہ چند ایک صحابہؓ کے علاوہ تمام کے تمام مرتد ہو گئے تھے رسول اللہﷺ کے بعد مگر جو مرتد نہ ہوئے وہ دس یا اس سے زیادہ تھے یا ان میں سے اکثر فاسق ہو گئے تھے تو ایسے شخص کے کفر میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں کیونکہ قرآن نے جس کی چند مقامات پر تصریح کی ہے یہ اسے جھٹلاتا ہے مثلاً یہ کہ اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہے یا یہ کہ قرآن میں ان کی مدح و توصیف کی گئی ایسے آدمی کے کفر کے بارے میں کون شک کر سکتا ہے اس کا کفر تو متعین ہے۔
فائدہ: شیخ الاسلام امام ابن تیمیہؒ گی ان عبارات سے چند امور واضح ہو رہے ہیں
1: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرتا ہے اور اس کو حلال اور جائز بھی سمجھتا ہے تو وہ شخص کافر ہے۔
2: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ کے دین یا عدالت میں طعن کرتا ہے تو وہ بھی بالاتفاق کافر ہے۔
3: لیکن اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ کے دین یا عدالت میں طعن نہیں کرتا اور نہ صحابہؓ پر سبّ کرنے کو حلال سمجھتا ہے بلکہ وہ یوں کہتا ہے کہ فلاں صحابی بخیل ہے یا بزدل ہے یا کم علم ہے یا کم پر ہیزگار ہے تو یہ شخص سزا کا تو مستحق ہے لیکن کافرنہیں ہے۔
4: امام ابن تیمیہؒ فرماتے ہیں کہ اہل علم میں سے جس نے بھی سبّ صحابہؓ کے مرتکب کی تکفیر نہیں کی اس کے عدم تکفیر والے قول کو اسی تیسری صورت پر محمول کیا جائے گا کہ وہ شخص نہ تو صحابہؓ کے دین یا عدالت میں سبّ کرتا ہے اور نہ صحابہؓ پر سبّ کرنے کو حلال سمجھتا ہے۔
اور اگر کوئی شخص بغیر ارادے کے مطلقاً حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرتا ہے یعنی نہ تو اس کا ارادہ سبّ کو حلال سمجھنے کا ہے اور نہ ہی صحابہؓ کے ایمان یا عدالت میں سبّ کرنے کا ہے تو ایسے شخص کے کفر میں اختلاف ہے کیونکہ اس کے کلام میں یہ دونوں پہلوں موجود ہیں (اس کا حکم ہم آگے ملا علی قاری کے قول میں پیش کرتے ہیں)
6: اگر کوئی شخص نبی علیہ الصلاۃ والسلام کے تمام صحابہ کرامؓ کے مرتد ہونے کا عقیدہ رکھتا ہے کہ چند صحابہؓ کے علاوہ تو وہ شخص بھی بالاتفاق کافر ہے۔
7: یا اکثر صحابہؓ کے فاسق ہونے کا عقیدہ رکھتا ہے تو وہ شخص بھی بالاتفاق کافر ہے۔
شارح مشکوۃ ملا علی قاریؒ سبّ صحابہؓ کا حکم بیان کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں کہ:
واما من سبّ احدا من الصحابة فهو فاسق و مبتدع بالاجماع اذا اعتقد انه مباح كما عليه بعض الشيعة واصحابهم او يترتب عليه ثواب كما هو داب كلامهم او اعتقد كفر الصحابة واهل السنة فی فصل خطابهم فانه كافر بالاجماع فاذا سبّ احد احدا فمنهم فينظر هل معه قرائن حالية او قالية على ما تقدم من الكفريا ت أم لا؟ فهى الاول كافر وفي الثانی فاسق وانما يقتل عند علمائنا بالسياسية لدفع فسادهم وشر عنادهم
(شم العوارض فی ذم الروافض: صفحہ 28)
(رسائل ابن عابدین: صفحہ 368 جلد 1)
ترجمہ: جو شخص صحابہؓ میں سے کسی ایک صحابیؓ پر بھی سبّ کرتا ہے تو وہ فاسق اور مبتدع ہے لیکن اگر وہ اس سبّ کے مباح ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے جیسا کہ بعض شیعہ اور ان کے اصحاب کا مذہب ہے۔ یا وہ اس سبّ کرنے پر ثواب حاصل ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے جیسا کہ ان (شیعوں) کے کلام سے ظاہر ہے یا صحابہؓ کے کفر کا اعتقاد رکھتا ہے یا اہل سنت کے کفر کا اعتقاد رکھتا ہے تو وہ شخص بالا جماع کافر ہے پس اگر ان میں سے کوئی کسی ایک صحابیؓ پر سبّ کرتا ہے تو پھر دیکھا جاۓ گا کہ اسکے ساتھ قرینہ حالیہ یا قرینہ قالیہ ماقبل میں مذکور کفریات میں سے ہے یا نہیں؟ پس پہلی صورت میں وہ شخص کافر ہے (جب کوئی قرینہ پایا جائے کہ وہ سبّ کو مباح سمجھتا ہے یا تکفیرِ صحابہؓ کا قائل ہے) اور دوسری صورت میں وہ شخص فاسق ہے (جب سبّ کو نہ حلال سمجھتا ہو اور تکفیرِ صحابہؓ کا قائل نہ ہو) اور اس کے شر اور فساد کو ختم کرنے کے لیے ایسے شخص کو سیاستہً قتل کیا جائے گا۔
فائدہ: شارح مشکوۃ شریف ملا علی قاریؒ کی اس عبارت سے چند امور واضح طور پر معلوم ہو جاتے ہیں کہ
1: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ میں سے کسی ایک صحابیؓ پر بھی سبّ کرتا ہے اور اس سبّ کو مباح بھی نہیں سمجھتا تو وہ شخص فاسق اور بدعتی ہے بالاجماع۔
2: لیکن اگر کوئی شخص کسی صحابیؓ پر سبّ کرتا ہے اور اس کو مباح بھی سمجھتا ہے تو وہ شخص بالاجماع کافر ہے۔
3: یا کوئی شخص ثواب سمجھ کر کسی صحابی پر سبّ کرتا ہے تو وہ شخص بھی بالاجماع کافر ہے۔
4: اگر کوئی شخص صحابہ کرامؓ کی تکفیر کا عقیدہ رکھتا ہے تو وہ شخص بھی بالاجماع کافر ہے۔
5: لیکن اگر کوئی شخص کسی صحابی پر سبّ کرتا ہے اور وہ کہتا ہے کہ یہ سبّ مباح سمجھ کر نہیں کیا یعنی اس نے مطلقاً سبّ کیا ہے (جیسا کہ ماقبل میں ذکر کر چکے ہیں کہ اس کا حکم ملا علی قاریؒ کی عبارت سے ذکر کریں گے) تو پھر اگر کوئی قرینہ ایسا پایا جاتا ہے جس سے معلوم ہو کہ یہ سبّ کو حلال سمجھتا ہے یا اس پر ثواب کا قائل ہے یا تکفیرِ صحابہؓ کا قائل ہے تو پھر وہ شخص کافر ہے جیسے کوئی شخص دشمن صحابہ کرامؓ ہے کہتا ہے کہ میں نے یہ سبّ مباح سمجھ کر نہیں کیا تو صحابہؓ سے عداوت ہی قرینہ ہے کہ یہ شخص سبّ کو مباح سمجھتا ہے اس لیے کافر ہے لیکن اگر ان قرائن میں سے کوئی قرینہ نہیں پایا جاتا تو پھر وہ شخص فاسق اور بدعتی ہے کافر نہیں ہے۔