پانچویں بحث سبّ کا معنیٰ، سبّ کی قسمیں اور حکم - فتاویٰ جات…

پانچویں بحث سبّ کا معنیٰ، سبّ کی قسمیں اور حکم


صفحہ 1 از 2
اس عنوان کے تحت ہم سبّ اور اس کی قسمیں مع حکم ذکر کریں گے تاکہ یہ معلوم ہو جائے کہ صحابہ کرامؓ پر سبّ سے کیا مراد ہے اور کس قسم کا سبّ موجبِ کفر ہے اور کس قسم کا موجبِ گمراہی ہے کیونکہ اہل اسلام جانتے ہیں کہ حضراتِ صحابہ کرامؓ وہ جماعت ہیں جو اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبرﷺ کی محنت سے تیار ہوئی اور اس کا تزکیہ خود امام الانبیاءﷺ نے فرمایا ہے اور جن کے قلوب و اذھان کو اسلام سے منور خود صاحبِ اسلام نے کیا ہے اب جو شخص حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرتا ہے تو وہ شخص اشارتاً و کنایتاً حضرت رسول کریمﷺ کے تعلیم و تزکیہ میں نقص کا دعویدار ہے اور حضورﷺ کی 23 سالہ محنت کو شبہ کی نظر سے دیکھتا ہے اس لیے ایسے شخص کی صحبت سے خود کو بچانا ضروری ہے۔ اور ایسے شخص کی تعلیمات زہرِ قاتل ہیں لہٰذا حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرنے والے کا حکم جاننا انتہائی ضروری ہے تاکہ ہمیں معلوم ہو جائے کہ وہ شخص کس درجہ کا گمراہ ہے۔
سبّ کا معنیٰ:
شیخ الاسلام امام ابن تیمیہؒ نے سبّ کا معنیٰ بیان کرتے ہوئے تحریر فرمایا ہے کہ:  الكلام الذی يقصد به الانتقاص والاستخفاف وهو ما يفهم منه السب فی قول الناس على اختلاف اعتقاداتهم كاللعن و التقبيح ونحوه (الصارم المسلول: صفحہ 412)
ترجمہ: وہ ایسا کلام ہے جس سے توہین و استخفاف مقصود ہو اور ایسا کلام ہے جس کو لوگ سبّ سمجھیں اپنے عقائد کے اختلاف کے باوجود جیسے لعنت کرنا، مذمت کرنا وغیرہ۔
حضرت مولانا معاویہ سعدی گورکھپوری مدظلہ تحریر فرماتے ہیں کہ سبّ اور شتم یہ دونوں عربی الفاظ ہیں جن کے معنیٰ ہیں۔
نقد و تبصرہ اور برا تذکرہ اس لیے ان الفاظ کو بازاری قسم کی گالم گفتار کے لیے خاص سمجھنا درست نہیں۔ 
علامہ سخاوی فرماتے ہیں: ان الوصف لهم بغير العدالة سبّ۔( فتح المغیث: صفحہ 96 جلد 4)
یعنی ان کی طرف خلافِ عدالت کوئی بھی بات منسوب کرنا سبّ کے تحت آتا ہے۔ (حرمت صحابہؓ: صفحہ 34)
اسی طرح مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیعؒ سبّ کا معنیٰ بیان کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں کہ لفظ سبّ کا ترجمہ اردو میں عموماً، گالی دینا کیا جاتا ہے جو اس لفظ کا صحیح ترجمہ نہیں کیونکہ گالی کا لفظ اردو زبان میں فحش گالی کے لیے آتا ہے حالانکہ لفظِ سبّ عربی زبان میں اس سے زیادہ عام ہے۔ ہر اس کلام کو عربی میں سبّ کہا جاتا ہے جس سے کسی کی تنقیص ہوتی ہو۔ (مقامِ صحابہؓ: صفحہ 44)
فائدہ: ان اکابر کی تصریحات سے یہ بات معلوم ہوئی کہ عربی زبان میں سبّ کا معنیٰ فحش گالی نہیں ہے (کیونکہ فحش گالی کا حکم اس سے زیادہ سخت ہے) بلکہ ہر ایسا کلام مراد ہے جس میں کسی کی تنقیص ہو۔ کسی کی برائی ہو۔ اور اسی طرح حضرات صحابہ کرامؓ کا ایسا تذکرہ جو ان کی عدالت کے خلاف ہو وہ بھی سبّ ہے لہٰذا صحابہ کرامؓ پر اگر کوئی شخص سبّ کرنے سے بچنا چاہتا ہے (جیساکہ اسلامی تعلیمات بھی یہی ہیں) تو اُسے حضرات صحابہ کرامؓ کی برائی تنقیص اور عدالت کے خلاف بات کرنے سے رکنا ہوگا جیسا کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا ہے
لاَ تَسُبُّوْا أَصْحَابِی
(میرے صحابہ کو برا مت کہو) (بخاری شریف )
سبّ کی قسمیں اور ان کا حکم:
امام اہلسنت ، حامل علوم لکھنویؒ، استاذ محترم علامہ علی شیر حیدری شہیدؒ، حضرات صحابہ کرامؓ پر سبّ کرنے کی تفصیل بیان فرماتے ہیں کہ حضرات صحابہ کرامؓ پر سب و قدح کی تین قسمیں ہیں:
1: حضرات صحابہ کرامؓ کے دین اور عدالت میں سبّ کرنا اور قدح کرنا۔
حکم: ایسا شخص بالاتفاق کافر ہے۔
2: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ کے دین اور عدالت کے علاوہ میں سبّ و قدح کرتا ہے اور اس کو حلال اور جائز بھی سمجھتا ہے۔
حکم: یہ شخص بھی بالاتفاق کافر ہے۔
3: اگر کوئی شخص حضرات صحابہ کرامؓ کے دین اور عدالت کے علاوہ میں سبّ و قدح کرتا ہے اور اس کو حلال اور جائز بھی نہیں سمجھتا جیسا کہ کسی صحابی کو بزدل یا بخیل کہ دیا۔ نعوذ باللہ ۔
حکم: ایسا کرنے والا شخص پرلے درجے کا گمراہ ہے اور فاسق ہے اور حرام کا مرتکب ہے لیکن کافر نہیں ہے۔ (افادات حضرت حیدری شہیدؒ)
استادِ محترم حضرت حیدری شہیدؒ کی بیان کردہ یہی تین قسمیں شیخ الاسلام امام ابنِ تیمیہؒ نے بھی اپنی معروف کتاب الصارم المسلول علی شاتم الرسولﷺ میں تحریر فرمائی ہیں جسکی عربی عبارت یہ ہے۔
وقال القاضی ابو يعلى الذی عليه الفقهاء فى سب الصحابة ان كان مستحلاً لذالك كفر. وان لم يكن مستحلاً فسق ولم يكفر ان سبّهم سباً يقدح فی دينهم او عدالتهم كفر بذالك. وان سبهم سباً لا يقدح مثل ان يسب ابا احدهم او يسبّه سبا يقصد به غیظه و نحو ذالک لم يكفر۔(الصارم المسلول: صفحہ 421)
ترجمہ: قاضی ابو یعلیٰ فرماتے ہیں کہ صحابہؓ پر سبّ کرنے کے بارے میں فقہاء کا مذہب یہ ہے کہ اگر وہ اس کو حلال سمجھتا ہے تو کافر ہو گیا ہے اور اگر حلال نہیں سمجھتا ہو تو فاسق ہوا ہے کافر نہیں ہوا۔ اگر وہ ان کو ایسا سبّ کرے جس سے ان کے دین یا عدالت میں طعن ہوتا ہو تو اس سے وہ شخص کافر ہو گیا ہے اور اگر ایسا سبّ کرے جس سے (دین یا عدالت) میں طعن نہ ہوتا ہو تو اس سے وہ شخص کافر نہ ہو گا جیسے ان میں سے کسی کے والد کو سبّ کرنا ( بشرطیکہ والد صحابی نہ ہو یا اس لیے سبّ کرنا تاکہ وہ غصہ ہو۔
اسی طرح شیخ الاسلام امام ابنِ تیمیہؒ اپنی اس کتاب کے ایک اور مقام پر تحریر فرماتے ہیں کہ:
وامّا من سبّهم سباً لا يقدح فى عدالتهم ولا فی دينهم مثل وصف بعضهم بالبخل او الجبن او قلة العلم او عدم الزهد و نحو ذالك فهذا هو الذی" يستحق التاديب والتعذير ولا نحكم بكفره بمجرد ذالك وعلى هذا يحمل كلام من لم يكفر هم من اهل العلم واما من لعن و قبح مطلقا فهذا محل الخلاف فيهم لتردد الامر بين لعن الغيط ولعن الاعتقاد واما من جاز ذالک الى ان زعم انهم ارتدوا بعد رسول الله ﷺالا نفرا قليلا لا يبلغون بضعة عشر نفسا او انهم فسقوا عامتهم فهذا لا ريب ايضاً فی كفره لانه مكذب لما نصه القرآن فی غير موضع من الرضى عنهم والثناء عليهم بل من يشك فی كفر مثل هذا فان كفره متعين(الصارم المسلول: صفحہ 434)
صفحہ 1 از 2