فقيہ ملت علامہ جلال الدین احمد امجدی کا فتویٰ - فتاویٰ جات…

فقيہ ملت علامہ جلال الدین احمد امجدی کا فتویٰ


تعزیہ پرست امام کی امامت کا حکم

سوال: زید جو کہ سنی صحیح العقیدہ ہے اور مسجد کا امام ہے مگر محرم کے مہینہ میں ڈھول بجاتا ہے اور سمجھانے پر نہیں مانتا ہے۔ چوک کے اوپر تعزیہ کے سامنے کھانا رکھ کر فاتحہ کرتا ہے۔ تو چوک کے اوپر کھانا رکھ کر فاتحہ کرنا کیسا ہے؟ اور زید کے پیچھے نماز پڑھنا کیسا ہے؟ ایسے امام کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے؟

جواب:مروجہ تعزیہ ناجائز و حرام ہے اور ڈھول بجانا بھی حرام ہے۔ لہٰذا زید جو کہ ڈھول بجاتا ہے اور تعزیہ کے چوک پر کھانا رکھ کر فاتحہ کر کے ایک ناجائز امر میں جاہلوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور سمجھانے پر بھی نہیں مانتا بہت گنہگار مستحق عذابِ نار ہے۔ اس کی اقتداء میں نماز مکروہِ تحریمی ہے۔ اسے چاہیے کہ علانیہ توبہ و استغفار کرے تاکہ لوگ بھی اس سے عبرت حاصل کریں۔ حدیث شریف میں ہے: توبة السر بالسر والعلانية بالعلانية یعنی نہاں گناہ کی توبہ نہاں اور عیاں گناہ کی توبہ عیاں طور پر ضروری ہے۔ (فتاوىٰ فقيہ ملت: جلد 1 صفحہ 53)