مفتی محمد ذوالفقار خان نعيمی کكرالوى کا فتویٰ - فتاویٰ جات…

مفتی محمد ذوالفقار خان نعيمی کكرالوى کا فتویٰ


صفحہ 1 از 6
ایک مقرر کی تقریریں جو رافضیت زدہ ہے، ایسے مقرر کی عبارات کا شرعی حکم اور ایسے مقرر کو واعظ یا امام بنا نے اور اس کے پیچھے نماز پڑھنے کا حکم:
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ زید جو کہ ایک پیشہ ور مقرر ہے، آئے دن اپنی تقریروں میں خلاف اہل سنت نظریات بیان کرتا رہتا ہے، اہل تشیع کی مخترعہ روایات بیان کرتا ہے۔ زید کی چند تقریروں میں انبیائے کرام علیہم السلام و فرشتگان عظام سے متعلق توہین آمیز فقرات فی الحال سوشل میڈیا پر کافی گردش میں ہیں۔ ہم نے بھی ان موضوع روایات توہین آمیز فقرات کو سنا ہے۔ زید کی ان تقریروں میں سے درج ذیل و چند ہفوات سے متعلق ہمیں حکم شرعی درکار ہے۔ امید ہے کہ جواب دے کر ممنون فرمائیں گے اور عند اللہ ماجور اور عند الناس مشکور ہوں گے۔
سوالات
1 الفاظ مقرر: علامہ ابن عساکؒر فرماتے ہیں ایک دن اللہ تعالیٰ جل شانہ کے نبی حضور اکرمﷺ سے پوچھا گیا، یا رسول اللہﷺ کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیائے کرام علیہم السلام تشریف لائے کتنے آئے؟ ایک لاکھ چوبیس ہزار آئے۔ وہ کیوں آئے؟ ان کے آنے کا مقصد کیا تھا؟ تو میرے رسولﷺ فرماتے ہیں: ان کے آنے کا مقصد یہ تھا، ایک تو وہ میری نبوت کا اعلان کرے، دوسرا یہ کہ حضرت علیؓ کی ولایت کا اعلان کرے۔ ان کا مقصد تو توحید تھا ہی اور اللہ تعالیٰ سے جوڑنا تھا ہی لیکن اللہ تعالیٰ جل شانہ بےنیاز ہے اس نے اپنے نبیوں کو اس مقصد کے لیے بھیجا کہ جاؤ میرے محبوب کی نبوت کے ڈنکے بجاؤ اور میرے علی کی ولایت کے ڈنکے بجاؤ۔ ولایت کا مطلب مولائیت، وہ انبیائے کرام علی کی مولائیت کے ڈنکے بجانے آئے تھے۔(شہادت مولا علی: 9 جولائی 2015ء مالیگاؤں، مہاراشٹرا)
2 ارشاد ہوا: آدم! ان پانچوں کے نام یاد کر لے کام آجائیں گے۔ آدم! ان پانچوں کے نام یاد کر لے کام آجائیں گے۔ آدم! ان پانچوں کے نام یاد کر لے کام آجائیں گے۔ اللہ میں تیری شان کے قربان کہ تو اپنا نام یاد کرنے کی بات نہیں کرتا۔ تو آدم کو پانچ نام یاد کراتا ہے۔ کیونکہ قدرت کے علم میں یہ بات ہے کہ میرا نام اس کو فائدہ دے گا جو یہ پانچ نام والا ہو گا۔ آدم پانچ نام یاد کر۔
(محفل یوم مباہلہ و شب اعلان ولایت مولائے کائنات تعزیہ کمیٹی مالیگاؤں: 9 ستمبر 2017)
آدم تین سو سال یا دو سو سال تک دعا کرتے رہے جواب نہیں آیا۔ ایک دن کہا: اے اللہ! وہ پنجتن کا واسطہ (سبحان اللہ سبحان اللہ) یہ ہیں پنجتن۔
(محفل یوم مباہلہ و شب اعلان ولایت مولائے کائنات تعزیہ کمیٹی مالیگاؤں: 9 ستمبر 2017ء)
آدم کی پریشانی کو کوئی مجبوری کا نام دے کر یہ نہ سوچے کہ معاذاللہ آدم نے یوں ہی لے لیا تھا۔ آج آدم نے لیا ہے اور دورِ رسالت ختمی مرتبت کے اندر محبوب کو اس شان کے ساتھ لے جانے کا حکم دوں گا کہ پہلے حسن کا دامن، انگلی محمد عربی نے پکڑی ہوئی ہے بلکہ پکڑائی ہوئی ہے، ہاتھ میں حسین کو لیا ہوا ہے، حسین کو لیا ہوا ہے، پیچھے فاطمۃ الزہراء ہے، بعد میں علی مرتضیٰ ہے، یہ چل رہا ہے۔ گویا کہ نبی بتا رہے ہیں کہ آدم نے جو وسیلہ لیا تھا یہ یوں ہی نہیں لیا تھا بلکہ اس وقت تو یہ پنجتن آدم کی ضرورت تھے اور آج یہ پنجتن اللہ کے دین کی ضرورت ہیں (سبحان اللہ، سبحان اللہ) ہیں پنجتن۔ (محفل یوم مباہلہ و شب اعلان ولایت مولائے کائنات: تعزیہ کمیٹی مالیگاؤں: 9 ستمبر 2017ء)
3 الفاظ مقرر: توجہ ہے آپ کی؟ علی کی شان جانتا ہے بیٹھے ہو نا تو سن لو! علی کو نہلا کون رہا ہے؟حضور حضور کے ہاتھ ہیں۔ آپ قرآن سے پوچھو یہ نبی کے ہاتھ کس کے ہاتھ ہیں؟ سبحان اللہ! قرآن سے پوچھو نبی کا ہاتھ کس کا ہاتھ ہے؟ قرآن کہتا ہے: يَدُ اللّٰهِ فَوۡقَ اَيۡدِيۡهِمۡ‌: اے نبی! یہ تیرا ہاتھ نہیں خدا کا ہاتھ ہے۔ سبحان اللہ
کون سا ہاتھ نہلا رہا ہے علی کو؟ خدا کے گھر میں پیدا ہوئے ہیں اور نہلا کون رہا ہے؟ محبوب خدا دست رسول نہلا رہے ہیں، اگر کر یہ کہو کہ دستِ مصطفیٰ میں دستِ خدا کام کر رہا ہےتو یہ میری عقیدت کا غلو نہیں بلکہ حقیقت ہے۔
(سیرت علی بن ابی طالب : 19 جولائی 2014ء مالیگاؤں: مہاراشٹرا)
4 الفاظ مقرر: فاطمۃ الزہراء وہ فاطمہ ہے کہ جس کے دروازہ پر بھیک مانگنے والا جبرئیل ہے
(واہ واہ!) جب اسی طرح کی باتیں ہوتی ہے تو لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے کہ جبرئیل کو بھکاری کہہ دیا کہتے ہیں۔ قرآن اُٹھا کر دیکھ کبھی مسکین بن کر کبھی یتیم بن کر کبھی اسیر بن کر (واہ واہ!) کوئی آنے والا آتا ہے تو افطار کے وقت بھیک مانگتا ہے، صد الگاتا ہے۔
(تاجدار کربلا کانفرنس سنی دعوت اسلامی اجتماع: 22 ستمبر 2017)
الفاظ مقرر:اور مریم کے گھر میں جبرئیل بیٹا دینا آتا ہے اور فاطمہ کے گھر میں جبرئیل بھیک مانگنے آتا ہے (ذکر تاجدار کربلا) نعرہ تکبیر، نعرۂ رسالت، شانِ اہل بیت، ذکر تاجدارِ کربلا یہ میری زور خطابت نہیں ہے، یہ میری زور خطابت نہیں ہے۔ یہ حقیقت ہے ور نہ قرآن اُٹھا کر دیکھ لو ایک دن میں مسکین ہوں دوسرے دن آیا میں فقیر ہوں میں اسیر ہوں تیسرے دن آیا اور اس کے بعد فاطمہ بھیک دیتی ہے، جب یہ انداز گزر گیا آقا نے کہا علی فاطمہ تمہارے گھر تین دن سے فقیر اسیر بھیک مانگنے آرہا تھا وہ کون تھا؟ عرض کی حضور آپ بتائیں کون تھا؟ آقا فرماتے ہیں مکہ مدینہ کا صحرائے عرب کا کوئی بدو نہیں تھا جو بھیک لینے آیا تھا وہ بلبل سدرہ تھا جو تیری چوکھٹ پہ مانگنے آیا تھا۔(دوسر دن محرم: 2013)
5: فاطمہ کون ہے؟ فاطمہ کون ہے، جو پنجتن میں پانچواں تن ہے۔ بلکہ یہ کہوں کہ پنجتن میں پہلا تن فاطمہ لیکن میں نے چونکہ عورت ہونے کے حساب سے پانچواں بیان کیا۔ ترتیب کے اعتبار سے تو وہ پہلی ہے لیکن میں نے پانچویں نمبر پہ بیان کیا۔ یہ فاطمہ کون ہے؟ فاطمہ کون ہے؟ ایک جملہ میں منقبت فاطمہ۔
(محفل یوم مبابلہ و شب اعلان ولایت مولائے کائنات تعزیہ کمیٹی مالگیاؤں: 8 ستمبر 2017)
6: کائنات کو دینے والا رسول، کائنات کو دینے والا رسول حجرۂ فاطمہ میں ہاتھ پھیلا کر یوں داخل ہوتا ہے۔
(ذکر حسین و فضائل اہل بیت مالیگاؤں: 17 اکتوبر 2016)
صفحہ 1 از 6