Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

سلام بحضور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین

  جناب خان محمد کمترؔ

سلام بحضور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم

اِذَا جَآئَکَ الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِاٰیٰتِنَا فَقُلْ سَلاَمٌ عَلَیْکُمْ

(سورۃ الانعام: آیت، 54)

ترجمہ: جب تیرے پاس وہ آئیں جو ایمان لائے ہیں ہماری باتوں پر، تو ان پر سلام کہہ دے

سیدِ کونینؐ تیرے جاں نثاروں کو سلام

یعنی گردونِ نبوت کے ستاروں کو سلام

انبیاء کے بعد شہرہ ہے انھیں کے نام کا

جن کی ہمت سے پھلا پھولا چمن اسلام کا

اُن حجازی غازیوں کو شہسواروں کو سلام

جن کی ہیبت سے لرزتے کفر کے ایوان تھے

جن سے لرزاں شام و رُوم و فارس و ایران تھا

اُن خلافتِ راشدہ کے تاجداروں کو سلام

جن کا حملہ دشمنوں کو موت کا پیغام تھا

اِس زمیں پر کفر جن سے لرزہ براندام تھا

حق کی خوشنودی کے مخلص خواستگاروں کو سلام

جب کہیں باطل سے ٹکراتے تھے حق کے پاسبان

حق پرستوں کے تماشے دیکھتا تھا آسمان

اُن کی تیغوں کی چمکتی تیز دھاروں کو سلام

ان کی کوشش سے ہمیں قرآن کی دولت ملی

ان کی ہمت سے رسول اللہﷺ کی سنت ملی

اُن رسولِ ہاشمیﷺ کے رازداروں کو سلام

ان میں صدیقؓ و عمرؓ کی امتیازی شان ہے

سو گئے اُس گھر میں جس پر خُلد بھی قربان ہے

گنبدخضریٰ کی رونق کو بہاروں کو سلام

ہر قدم اُن کا خدا کے حکم کی تعمیل تھی

اُن کے ہر قول وعمل میں دین کی تکمیل تھی

دعوتِ دینِ اِلٰہ کے شاہکاروں کو سلام

دین کی خاطر نہ کمترؔ فکر مال وجان کی

ان صحابہؓ کی محبت جزو ہے ایمان کی

رحمۃ للعالمینﷺ کے پاسداروں کو سلام