روئیداد مناظرہ باگڑ سرگانہ ضلع ملتان - سنی شیعہ مناظرے |…

روئیداد مناظرہ باگڑ سرگانہ ضلع ملتان

  مولانا عبدالستار تونسوی

صفحہ 11 از 12

2: اگر تحریف کی روایات ضعیف ہیں تو آپ کے بزرگوں اور مشائخ کا اعتقادِ تحریفِ قرآن کے متعلق کیوں ہے؟ مولوی اسماعیل صاحب کس منہ سے کہہ رہے ہیں کہ مولوی عبد الستار کو مغالطہ ہے؟ کیا آپ کے مشائخ اور بزرگوں کو بھی مغالطہ ہے؟

اب میں مولوی اسمعیل صاحب سے پوچھتا ہوں: اگر روایاتِ تحریف کمزور ہیں اور تحریفِ قرآن کا اعتقاد غلط ہے، تو آپ کے یہ مشائخ محمد بن یعقوب کلینی اور علی بن ابراہیم قمی وغیرہ وغیرہ جو تحریفِ قرآن کا اعتقاد رکھتے تھے، وہ کافر تھے یا مومن؟ اگر آپ تحریفِ قرآن کا اعتقاد رکھنے والوں کو کافر سمجھتے ہیں تو آپ اپنے مشائخ کے متعلق کفر کا فتویٰ لکھ دیجیے آپ کا ہمارا مناظرہ اسی پر ختم ہے۔

جب علامہ محمد عبد الستار صاحب تونسوی مدظلہ نے اس فتوے کا مطالبہ کیا تو شیعہ علماء جتنے موجود تھے سب کے چہرے فق ہو گئے اور مولوی امیر محمد صاحب صدرِ شیعہ نے اٹھ کر کہا کہ بس! اس موضوع پر کافی بحث ہو چکی ہے اس موضوع کو ختم کر دینا چاہیے۔

تو علامہ تونسوی نے کہا کہ آپ ان مشائخ کے متعلق کفر کا فتویٰ لکھ دیجیے، بس مناظرہ ختم ہے مگر علماءِ شیعہ نے لا جواب ہو کر انتہائی رسوائی برداشت کی اور علامہ تونسوی مدظلہ کے استدلال کا کوئی جواب نہ دے سکے نہ روایت کا کوئی جواب تھا، اور نہ اپنے علماء اور مشائخ کو کافر کہنے کی جرأت تھی، اور نہ اپنے ان مشائخ کا دامن تحریفِ قرآن کے عقیدے سے پاک و صاف کر سکے۔

علامہ تونسوی مدظلہ نے فرمایا کہ شیعہ کی معتبر کتاب فصل الخطاب صفحہ 67 میں ہے:  

كان لامير المؤْمنين عليه السلام قراٰنا مخصوصاجمعه بنفسہٖ بعد وفات رسول اللهﷺ وعرضہ على القوم فاعرضوا عنه فججبہ عن اعينهم وكان عند ولدہ عليه السلام يتوارثہ امام عن امام كسائر خصائص الامامۃ و خزائن النبوۃ وهو عندالحجۃ عجل اللّٰه فرجہ يظهرہ للناس بعد ظهورہ ويامرھم بقراءتہٖ وهو مخالف لھٰذا القراٰن الموجود من حيث التاليف و ترتيب السور و الاٰيات بل الكلمات ايضا و من جھۃ الزيادۃ والنقيصۃ۔

ترجمہ: حضرت علی المرتضیٰؓ کا ایک مخصوص قرآن تھا جس کو انہوں نے رسول اللہﷺ کی وفات کے بعد خود جمع کیا تھا اور وہ قرآن مخصوص لوگوں کے سامنے پیش کیا تو انہوں نے منہ موڑ لیا پس انہوں نے اس قرآن کو ان کی آنکھوں سے چھپا لیا اور وہ آپ کی اولاد میں سے صرف اماموں کے پاس تھا جو ایک امام کے بعد دوسرا امام اس کو لے لیتا تھا، جس طرح کہ وہ دوسرے خصائصِ امامت اور خزائنِ نبوت لیتا تھا اور وہی مخصوص قرآن حجۃ اللہ امام مہدی کے پاس ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو جلدی غار سے باہر لائے۔ امام مہدی اس قرآن کو لوگوں کے لیے ظاہر کریں گے اور وہ اس موجودہ قرآن کے مخالف ہے: الفاظ کی ترتیب میں، اور سورتوں اور آیتوں کی ترتیب میں، بلکہ خود کلمات اور لفظوں میں بھی مخالف ہے، اور زیادتی اور کمی کے باعث بھی مخالف ہے۔

دیکھیے! یہ ہے آپ کے شیعہ مذہب کا اعتقاد جو آپ کی کتابوں میں صراحتاً درج ہے مجھے کیا مغالطہ ہے؟

مناظر شیعہ:مولوی عبد الستار صاحب! آپ کی معتبر کتاب تحفہ اثناءِ عشریہ میں شاہ عبد العزیز صاحب محدث دہلویؒ لکھتے ہیں کہ امامیہ کی تمام روایات میں موجود ہے کہ اہلِ بیتؓ اسی قرآن کو پڑھتے تھے تو اگر ائمہ اہلِ بیتؓ کے نزدیک یہ قرآن غلط ہوتا تو اس کو کیوں پڑھتے؟

باقی مولوی عبد الستار نے اصولِ کافی کی جو روایت سترہ ہزار آیات کی پیش کی، اس میں ناسخ و منسوخ مراد ہیں یعنی کل ناسخ و منسوخ آیات مل کر سترہ ہزار تھیں مگر جب منسوخ آیات نہ رہیں تو پھر موجودہ یہی چند ہزار آیات رہ گئیں تو اس روایت سے موجودہ قرآن کے غیر مکمل ہونے پر استدلال کیسے ہو سکتا ہے؟

مناظر اہل سنت :تحفہ اثناءِ عشریہ میں شاہ عبد العزیز رحمۃاللہ نے امامیہ کے اس غلط عقیدہ تحریفِ قرآن کی تردید میں یہ استدلال کیا ہے یہ استدلال آپ کے شیعہ مذہب کے بانیانِ موجدین کی تردید میں ہے، جنہوں نے ائمہ اہلِ بیتؓ کی طرف روایاتِ تحریف کو منسوب کر کے تحریفِ قرآن کا عقیدہ گھڑا تھا  

تو حضرت شاہ محدث دہلویؒ ان کی تردید میں فرما رہے ہیں کہ اگر ائمہ کرام تحریف کے قائل ہوتے تو خود تمہاری روایات میں یہ کیوں ثابت ہے کہ وہ اسی قرآن کو پڑھتے پڑھاتے تھے۔

تو شاہ صاحبؒ کے استدلال کا یہ مقصد ہے کہ شیعہ مذہب کا جو تحریفِ قرآن کے متعلق عقیدہ ہے وہ غلط ہے اہلِ سنت و الجماعت کے علماء کو یہ حق ہے کہ عقیدہ تحریف کے مقابلے میں اہلِ بیتؓ کے اس قرآن کو پڑھنے پڑھانے سے صداقتِ قرآن پر استدلال کریں۔

مگر شیعہ مذہب کا مولوی اپنی کتابوں کی زائد از دو ہزار روایاتِ متواترہ صریحہ جو مثبتِ تحریفِ قرآن ہیں، ان کو چھوڑ کر صرف اہلِ بیتؓ کے پڑھنے پڑھانے سے شیعہ مذہب کا عقیدہ عدمِ تحریف کے متعلق کیسے ثابت کر سکتا ہے؟ جب کہ ان کے نزدیک ائمہ اہلِ بیتؓ کے پڑھنے پڑھانے کی تاویل خود شیعہ کتابوں میں یوں کی گئی ہے کہ امامِ مہدی کی آمد تک کسی کو اصلی قرآن پڑھنے پڑھانے کی اجازت نہیں۔

جیسا کہ اصولِ کافی صفحہ 671 پر ہے: سیدنا جعفر صادقؒ نے ایک شخص سے اصلی قرآن کے کچھ الفاظ سنے تو امام نے فرمایا:  

كف عن هذه القراءة، اقرا كما يقرا الناس حتى يقوم القائم عليه السلام، فاذا قام القائم قرا كتاب اللّٰه علٰى حدهٖ۔ 

ترجمہ: کہ اس قرأت سے باز رہو اور اس طرح پڑھو جس طرح لوگ پڑھتے ہیں، یہاں تک کہ امامِ مہدی آ جائے جس وقت امامِ مہدی آئیں گے تو کتاب اللہ کو اصلی طریقہ پر پڑھیں گے۔

مقبول ترجمہ صفحہ 1067 پر ہے: حضرت علیؓ نے فرمایا: آج اس کا موقع نہیں ہے کہ قرآنِ مجید کی اصلاح کر کے عوام کو ہیجان میں لایا جائے ائمہ میں یہ حق مخصوص جنابِ صاحب العصر امامِ مہدی کا حق ہے کہ قرآنِ مجید کو اسی حد پر پڑھوائیں گے جس حد پر وہ زمانہ رسولِ اللہﷺ میں پڑھا جاتا تھا۔

مولوی اسماعیل صاحب! آپ ہم سے پوچھتے ہیں کہ ائمہ اہلِ بیتؓ اس کو کیوں پڑھتے تھے؟ تو دیکھیں، خود آپ کے مذہب نے اس کی وجہ ظاہر کر دی کہ امامِ مہدی کے سوا دوسرے اماموں کو اصلی قرآن پڑھوانے کا حق نہیں تھا اس لیے وہ اس قرآن کو پڑھتے تھے، نہ کہ اس لیے پڑھتے تھے کہ یہ قرآن کامل و مکمل ہے۔

صفحہ 11 از 12