سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ شہر گھر کون میں ایک بنگلہ ہے، یعنی پنچایتی ایک عمارت، جس میں کئی سالوں سے تعزیہ وغیرہ بنتا ہے اور سال بھر اِسی کے کام میں لیا جاتا ہے، اب اس محلہ میں مسجد نہ ہونے کی وجہ سے اہلِ محلہ کا اس جگہ پر مسجد بنانے کا ارادہ ہے، جب کہ اس میں سے ایک کمرہ تعزیہ کے لیے بھی نکالنا چاہتے ہیں۔ تو ایسی جگہ پر مسجد تعمیر کر سکتے ہیں؟
جواب:تعزیہ بنانا جائز نہیں ہے، یہ کھلی ہوئی بدعت ہے۔ اس لیے صورت مسئولہ میں جس عمارت میں تعزیہ رکھا جاتا ہے اگر اُس عمارت کے مالکین و متصرفین راضی ہوں تو اُس جگہ مسجد بنانا شرعاً جائز ہے۔ اور مسجد بنے یا نہ بنے تعزیہ کا سلسلہ بہرصورت ختم ہونا چاہیے۔(کتاب النوازل: جلد 13 صفحہ 191)