کتاب اللہ سے استدلال - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

کتاب اللہ سے استدلال

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 3 از 3
یعنی ہمارے علماء نے امام باقرؒ اور جعفر صادق ؒسے روایت کیا ہے کہ تحقیق "اولو الامر" یہی آل محمد کے ائمہ ہیں۔ ان کی اطاعت اللہ نے مطلقاً واجب کر دی ہے جیسے اس نے اپنی اطاعت اور اپنے رسولﷺ کی واجب کی ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ اس صورت میں آیت مندرجہ کا معنیٰ صحیح ہے یا نہیں؟
آیتِ ہٰذا میں تدبر کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مطالب ہرگز درست نہیں ہیں۔
1: اول بات تو یہ ہے کہ شیعہ دوست "اولو الامر" سے سیدنا علی المرتضیٰؓ کو مراد لیتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ وہ اپنے زمانہ کے واحد امام ہیں پھر ان کے بعد سیدنا حسنؓ بن علی المرتضٰیؓ اپنے زمانہ کے واحد امام ہیں پھر ان کے بعد سیدنا حسینؓ زمانہ میں واحد امام ہیں ہکذا آخر تک۔ اور "اولو الامر" جمع کا صیغہ ہے اور یہ قاعدہ ہے کہ حمل الجمع على الفرد خلاف الظاہر ہے یعنی جمع کے کلمہ کو واحد پر حمل کرنا اگر کوئی قرینہ صارفہ موجود نہ ہو تو ظاہر کے خلاف ہے اگر اس عبارت سے مراد ایک شخص ہے تو جمع کے صیغہ کے بجائے واحد کا صیغہ استعمال ہونا چاہیے۔ اس وجہ سے ان کا معنیٰ تجویز کردہ صحیح نہیں ہے۔
1: احکام القرآن صفحہ 258 جلد 2 تحت الآیتہ اولی الامر
2: تفسیر کبیر رازی صفحہ 359 جلد 3 تحت آیتہ اولی الامر
2: دوم یہ چیز ہے کہ اگر آیتِ ہٰذا میں "اولو الامر سے مراد امام معصوم مفترض الطاعۃ مراد لیا جائے تو یہ مفہوم نسقِ آیت کے خلاف ہونے کی وجہ سے بالکل درست نہیں ہے۔ وجہ یہ ہے کہ آیت میں فرمایا گیا ہے اگر تمہارے درمیان کسی معاملہ میں تنازع ہو جائے تو اس فیصل کی صورت یہ ہے کہ اس معاملہ کو صرف اللہ اور رسول کی طرف لوٹا دو۔ یہ نہیں فرمایا کہ اس تنازع فیہ معاملہ کو امام کی طرف بھی لوٹایا جائے۔ اگر یہاں اولو الامر سے مراد امام معصوم، مفترض الطاعۃ (جس کی تابعداری واجب ہو) تو  عند التنازع فردده الى الامام یا فردده الى اولی الامر کی تصریح چاہیے تھی مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ تو معلوم ہوا کہ اولو الامر سے ائمہ اثناء عشر مراد لینا ہرگز درست نہیں ہے۔
(احکام القرآن جصاص و تفسیر کبیر راہی تحت آیتہ ہذا)
3: سوم یہ عرض ہے کہ نبی کریمﷺ کے زمانہ اقدس میں اولو الامر کی تابعداری کے لیے لوگ مامور تھے اور یہ ایک کھلی ہوئی حقیقت ہے کہ ان ایام میں سیدنا علیؓ امام نہیں تھے یقیناً معلوم ہوا کہ اس عہدِ نبوت کے دور میں اولو الامر نبی کریمﷺ کے امراء تھے جن کی اطاعت و تابعداری لوگوں پر واجب تھی بشرطیکہ وہ کسی معصیت کا حکم نہ دیں۔(احکام القرآن جصاص تحت الآیۃ)
4: چہارم یہاں سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے اولو الامر معصوم نہیں ہوں گے وجہ یہ ہے کہ کسی "معصوم شخصیت" کا خلاف کرنا اور اس سے کسی معاملہ میں تنازع کرنا بالکل روا نہیں جیسے پیغمبر اور رسولﷺ کی ذات کے ساتھ خلاف و تنازع جائز نہیں یہاں بھی اسی طرح ہوتا لیکن یہاں تو ارشاد ہے:
یعنی اولو الامر اور تمہارا کسی بات میں تنازع ہو جائے تو کتاب اللہ اور سنتِ رسولﷺ کی طرف رجوع کیا جائے۔
معلوم ہوا ان سے کسی مرحلہ پر تنازعہ بھی ہو سکتا ہے۔ اور اگر اولو الامر معصوم علی الاطلاق اور واجب الطاعۃ ہوتے تو ان کے ساتھ تنازع اور خلاف کرنے کا کوئی مطلب نہیں رہ جاتا۔
ان چیزوں میں غور و فکر کرنے سے صاف عیاں ہوتا ہے کہ آیت ہٰذا کا معنیٰ اور مفہوم وہی صحیح ہے جو اہل سنت والجماعۃ نے پیش کیا ہے اور جو شیعہ دوستوں نے یہاں بارہ امام معصوم و واجب الطاعت مراد لے رکھے ہیں یہ کسی صورت میں درست نہیں۔

صفحہ 3 از 3