قرآن مجید میں جہاں اللہ جل مجدہ کی اطاعت کا ذکر فرمایا گیا ہے۔ وہاں اس کے رسولﷺ کی مستقل اطاعت کا ذکر بھی ساتھ ساتھ موجود ہے اور ان ہر دو اطاعت کا متصلًا ذکر قرآن مجید میں قریباً انیس مقامات میں پایا گیا ہے۔ پھر ان مقامات میں سے خاص وہ مقام جہاں صیغۂ امر کے ساتھ اطاعت کا حکم فرمایا ہے وہ حسنِ اتفاق سے اثناء عشر مقام ہیں۔
پھر ان اثناء عشر مواضع میں سے ایک جگہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کے بعد اُولِى الۡاَمۡرِ کی اتباع کا حکم بھی بیان کیا گیا ہے۔ عنقریب آیت ہٰذا کی بقدرِ ضرورت تشریح باقی آیات کے آخر میں درج ہوگی اور یہ چیز بھی مسلمات میں سے ہے کہ اللہ جل شانہ کی اطاعت کا مفہوم یہ ہے کہ قرآن مجید کی اطاعت کی جائے اور اس کے ساتھ تمسک کیا جائے اور رسولﷺ کی اطاعت کا مقصد یہ ہے کہ نبی کریمﷺ کی سنتِ طیبہ کو اخذ کیا جائے اور اس پر عمل درآمد کیا جائے۔
1: قال فی روح المعانی فان المراد باطاعة اللّٰہ العمل بالكتاب وباطاعة الرسول بالسنة
(روح المعانی: جلد 5 صفحہ 24)
2: سیدنا علیؓ کا جو فرمان نہج البلاغہ صفحہ 24 جلد 2 میں وارد ہے وہاں بھی اس امر کی تصریح موجود ہے۔ آئندہ شیعی مسلمات کے ماتحت یہ فرمان مرتضوی بھی نمبر چہارم میں مندرج ہوگا۔ ان شاءاللہ تعالیٰ
اب ذیل میں وہ آیات ملاحظہ ہوں جن میں اللہ اور رسول اللہﷺ کی اطاعت کا بین حکم صادر فرمایا گیا ہے:
آیت اول:قُلۡ اَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَالرَّسُوۡلَ فَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّ اللّٰهَ لَا يُحِبُّ الۡكٰفِرِيۡنَ۞ (سورۃ آل عمران: آیت 32)
ترجمہ: کہہ دو کہ اللہ اور رسول کی اطاعت کرو، پھر بھی اگر منہ موڑو گے تو اللہ کافروں کو پسند نہیں کرتا۔
آیت دوم:وَاَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَالرَّسُوۡلَ لَعَلَّكُمۡ تُرۡحَمُوۡنَ۞ (سورۃ آل عمران: آیت 132)
ترجمہ: اور اللہ اور رسول کی بات مانو، تاکہ تم سے رحمت کا برتاؤ کیا جائے۔
آیت سوم:وَاَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَاَطِيۡعُوا الرَّسُوۡلَ وَاحۡذَرُوۡا فَاِنۡ تَوَلَّيۡتُمۡ فَاعۡلَمُوۡۤا اَنَّمَا عَلٰى رَسُوۡلِنَا الۡبَلٰغُ الۡمُبِيۡنُ۞ (سورۃ المائدة: آیت 92 پارہ 7)
ترجمہ: اور اللہ کی اطاعت کرو، اور رسول کی اطاعت کرو، اور (نافرمانی سے) بچتے رہو۔ اور اگر تم (اس حکم سے) منہ موڑو گے تو جان رکھو کہ ہمارے رسول پر صرف یہ ذمہ داری ہے کہ وہ صاف صاف طریقے سے (اللہ کے حکم کی) تبلیغ کر دیں۔
آیت چہارم:فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَاَصۡلِحُوۡا ذَاتَ بَيۡنِكُمۡ وَاَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَرَسُوۡلَهٗۤ اِنۡ كُنۡتُمۡ مُّؤۡمِنِيۡنَ ۞ (سورۃ الانفال: آیت 1)
ترجمہ: لہٰذا تم اللہ سے ڈرو، اور آپس کے تعلقات درست کرلو، اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، اگر تم واقعی مومن ہو۔
آیت پنجم:يٰٓاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَرَسُوۡلَهٗ وَلَا تَوَلَّوۡا عَنۡهُ وَاَنۡتُمۡ تَسۡمَعُوۡنَ۞ (سورۃ الانفال آیت 20)
ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ اور اس کے رسول کی تابع داری کرو، اور اس (تابع داری) سے منہ نہ موڑو، جبکہ تم (اللہ اور رسول کے احکام) سن رہے ہو۔
آیت ششم:وَاَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَرَسُوۡلَهٗ وَلَا تَنَازَعُوۡا فَتَفۡشَلُوۡا وَتَذۡهَبَ رِيۡحُكُمۡ (سورۃ الانفال: آیت 46)
ترجمہ: اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، اور آپس میں جھگڑا نہ کرو، ورنہ تم کمزور پڑجاؤ گے، اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی۔
آیت ہفتم: قُلۡ اَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَاَطِيۡعُوا الرَّسُوۡلَ فَاِنۡ تَوَلَّوۡا فَاِنَّمَا عَلَيۡهِ مَا حُمِّلَ وَعَلَيۡكُمۡ مَّا حُمِّلۡتُمۡ (سورۃ النور: آیت 54)
ترجمہ: (ان سے) کہو کہ: اللہ کا حکم مانو اور رسول کے فرمانبردار بنو، پھر بھی اگر تم نے منہ پھیرے رکھا تو رسول پر تو اتنا ہی بوجھ ہے جس کی ذمہ داری ان پر ڈالی گئی ہے، اور جو بوجھ تم پر ڈالا گیا ہے، اس کے ذمہ داری تم خود ہو۔
آیت ہشتم: وَاَقِمۡنَ الصَّلٰوةَ وَاٰتِيۡنَ الزَّكٰوةَ وَاَطِعۡنَ اللّٰهَ وَرَسُوۡلَهٗ(سورۃ الاحزاب: آیت 33)
ترجمہ: اور نماز قائم کرو، اور زکوٰۃ ادا کرو، اور اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرو۔
آیت نہم:يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَاَطِيۡعُوا الرَّسُوۡلَ وَلَا تُبۡطِلُوۡۤا اَعۡمَالَكُمۡ (سورۃ محمد: آیت 33)
ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ کی اطاعت کرو، اور رسول کی اطاعت کرو، اور اپنے اعمال کو برباد نہ کرو۔
آیت دہم:فَاَقِيۡمُوا الصَّلٰوةَ وَ اٰتُوا الزَّكٰوةَ وَاَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَ رَسُوۡلَهٗ وَاللّٰهُ خَبِيۡرٌ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ۞ (سورۃ المجادلہ :آیت 13)
ترجمہ: تو تم نماز قائم کرتے ہو، اور زکوٰۃ دیتے رہو، اور اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرتے رہو۔ اور جو کام بھی تم کرتے ہو اللہ اس سے پوری طرح باخبر ہے۔
آیت یازدہم:وَاَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَاَطِيۡعُوا الرَّسُوۡلَ فَاِنۡ تَوَلَّيۡتُمۡ فَاِنَّمَا عَلٰى رَسُوۡلِنَا الۡبَلٰغُ الۡمُبِيۡنُ۞ (سورۃالتغابن: آیت 12)
ترجمہ: اور تم اللہ کی فرمانبرداری کرو، اور رسول کی فرمانبرداری کرو۔ پھر اگر تم نے منہ موڑا تو ہمارے رسول کی ذمہ داری صرف یہ ہے کہ وہ صاف صاف بات پہنچا دے۔
يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اَطِيۡعُوا اللّٰهَ وَاَطِيْعُوا الرَّسُوۡلَ وَاُولِى الۡاَمۡرِ مِنۡكُمۡ فَاِنۡ تَنَازَعۡتُمۡ فِىۡ شَىۡءٍ فَرُدُّوۡهُ اِلَى اللّٰهِ وَالرَّسُوۡلِ اِنۡ كُنۡـتُمۡ تُؤۡمِنُوۡنَ بِاللّٰهِ وَالۡيَوْمِ الۡاٰخِرِ ذٰلِكَ خَيۡرٌ وَّاَحۡسَنُ تَاۡوِيۡلًا ۞ (سورۃ النساء :آیت 59)
ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ کی اطاعت کرو اور اس کے رسول کی بھی اطاعت کرو اور تم میں سے جو لوگ صاحبِ اختیار ہوں ان کی بھی۔ پھر اگر تمہارے درمیان کسی چیز میں اختلاف ہو جائے تو اگر واقعی تم اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہو تو اسے اللہ اور رسول کے حوالے کردو۔ یہی طریقہ بہترین ہے اور اس کا انجام بھی سب سے بہتر ہے۔
ان تمام آیاتِ قرآنی میں اس مسئلے کو صاف کر دیا گیا ہے کہ اسلام میں مستقل اطاعت صرف اللہ جل مجدہ کی ہے۔ اس کے بعد نبی کریمﷺ کی اتباع ہے اور حضورﷺ کے وصال کے بعد آپﷺ کی "سنتِ مقدسہ" کی اطاعت واجب ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کی جانب سے کسی امر کے لیے ایک اشارہ بھی کافی ہے اور یہاں مقصدِ ہٰذا کی خاطر تو مکمل بارہ عدد اوامر کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا ہے۔
اب غور کا مقام ہے کہ قرآن مجید کے ان تمام مواضع میں جہاں جہاں اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت کا مسئلہ ذکر ہوا ہے۔ کہیں ایک جگہ بھی اہل بیت اور عترت کی اطاعت کا ذکر نہیں ملتا۔ خواہ بالاستقلال ان کی اطاعت مراد لی جائے خواہ بالتبع ہو، تو معاملہ بالکل واضح ہو گیا کہ اہل بیت و عترت کی اطاعت کا مسئلہ قرآن مجید میں کسی ایک مقام میں بھی مذکور نہیں۔ البتہ کسی روایت سے اس کو ثابت کرنے کی کوشش کی جائے تو الگ بات ہے۔
اب یہ چیز قابلِ وضاحت ہے کہ قرآن مجید کی آیت ہٰذا سورۃ نساء کے رکوع ہشتم پارہ پنجم میں جو اولو الامر کی اطاعت کا حکم موجود ہے۔
1: یہاں اولو الامر کا مفہوم کیا ہے؟
2: اس مقام میں اولو الامر سے کون مراد ہیں؟
3: اگر یہاں دوستوں کے مقتضیٰ کے موافق اولو الامر سے مراد "ائمہ اثناء عشر" ہوں تو کیا یہ معنیٰ درست ہو سکتے ہیں یا نہیں؟
یہ چند چیزیں قابلِ تفصیل ہیں۔ ذیل میں ان کی بقدرِ ضرورت تفصیلات عرض کی جاتی ہیں:
1: پہلی گزارش یہ ہے کہ لفظ "اولو" جمع من غير لفظہٖ ذو کی ہے۔ مذکر میں اس کا استعمال ہوتا ہے۔ جیسے اولو العلم، اولو الفضل اور "اولات" جمع مؤنث کے لیے مستعمل ہے اور یہ جمع بھی من غير لفظہٖ ہے۔ جب ذات کی جمع لانے کی ضرورت ہو تو اولات لایا کرتے ہیں۔ جیسے "اولات الاحمال" (مختار الصحاح)، اور "امر" کے معنیٰ شی اور حکم کے ہوتے ہیں اور "اولو الامر" یعنی حکم والا، صاحبِ حکم۔
2: دوسری چیز یہ ہے کہ آیتِ ہٰذا میں اولو الامر سے مراد جمہور اہل السنت کے نزدیک مسلمان حکام و مسلمان امراء ہیں اور اسلام کی شرط لفظ منکم سے خوب واضح ہے۔ بعض اہل العلم کے نزدیک علماء دین بھی اس سے مراد ہو سکتے ہیں۔ جیسا کہ اسی سورت کے گیارہویں رکوع میں بڑے بڑے اہل علم صحابہ پر "اولو الامر" کا اطلاق پایا گیا ہے۔
وَاِذَا جَآءَهُمۡ اَمۡرٌ مِّنَ الۡاَمۡنِ اَوِ الۡخَـوۡفِ اَذَاعُوۡا بِهٖ وَلَوۡ رَدُّوۡهُ اِلَى الرَّسُوۡلِ وَاِلٰٓى اُولِى الۡاَمۡرِ مِنۡهُمۡ لَعَلِمَهُ الَّذِيۡنَ يَسۡتَنۡۢبِطُوۡنَهٗ مِنۡهُمۡ۞ (سورۃ النساء: آیت 83)
ترجمہ: اور جب ان کو کوئی بھی خبر پہنچتی ہے، چاہے وہ امن کی ہو یا خوف پیدا کرنے والی، تو یہ لوگ اسے (تحقیق کے بغیر) پھیلانا شروع کردیتے ہیں۔ اور اگر یہ اس (خبر) کو رسول کے پاس یا اصحاب اختیار کے پاس لے جاتے تو ان میں سے جو لوگ اس کی کھوج نکالنے والے ہیں وہ اس کی حقیقت معلوم کرلیتے۔
بہرکیف مسلمان حکام و امراء ہوں یا علماء دین ہوں ان کی تعداد مقررہ نہیں ہے اور نہ کسی خاص قبیلہ و خاندان کے لوگ مراد ہیں۔ جو بھی مسلمان امراء ہوں یا علماء ہوں، ان کی اطاعت کتاب و سنت کی روشنی میں لازم ہے اور یہ مضمون حدیث شریف میں بھی وارد ہے فرمایا کہ:
ومن اطاع امیری فقد اطاعنی ومن عصا امیری فقد عصانی (مسلم)
و علماء امتی کانبیاء بنی اسرائیل بھی عوام میں بہت مشہور ہے۔
یعنی جس نے میرے امیر کی اطاعت کی اس نے میری اطاعت کی اور جس نے میرے امیر کی نافرمانی کی اس نے میری نافرمانی کی۔
دوسری جگہ ہے کہ میری امت کے علماء بنی اسرائیل کے نبیوں کی طرح ہیں۔
یعنی جس کی قدر و منزلت اور ان کا مقام قوم میں وہی ہیں جو انبیاء نبی اسرائیل کا تھا۔
اب قرآن و حدیث کی اس تعمیم میں حضور علیہ السلام کے قریبی رشتہ دار اور آپ کی اولاد سب شامل ہے۔ آپ کے اقارب یا اولاد میں کوئی حاكم یا امیر جس دور میں ہو اس کی تابعداری لازم ہے اسی طرح نبی کریمﷺ کے خاندان شریف کے علماء دین کی فرمانبرداری بھی لازم ہے جیسا کہ ان کے ماسوا علماء و احکام کی اتباع واجب ہے۔ مگر مسلمان حاکم اور عالم دین کی اس اتباع کے ساتھ یہ شرط ہمیشہ ملحوظ ہے کہ ان کی اطاعت میں کتاب و سنت کی نافرمانی نہ پائی جائے جیساکہ حدیث میں وارد ہے کہ:
لا طاعة لمخلوق فی معصية الخالق، وانماالطاعة فی المعروف
یعنی مخلوق کی اس چیز میں اطاعت نہ کی جائے جس میں خالق کی نافرمانی ہوتی ہو۔ اور تابعداری صرف بہتر کام میں جائز ہے۔ ان کے ہر کام کی چیز مشروط اتباع ہرگز نہ کی جائے گی۔
مشاہیر علماء اور مصنفین نے اپنی تصانیف میں اس شرط کو بطورِ قاعدہ مندرج کیا ہے۔ فرماتے ہیں:
1: ثم ان وجوب الطاعة لهم ما داموا على الحق فلايحب طاعتهم فيما خالف الشرع
(روح المعانی: صفحہ 66 جلد 5)
2: وكذالك حكمھم بعد النبی صلى اللّٰه عليه وسلم فی لزوم اتباعهم وطاعتهم ومالو تكن معصية
(احكام القرآن: صفحہ 258 جلد 2 تحت باب فی طاعة اولی الامر)
حاصل یہ ہے کہ حاکم جب تک حق پر رہیں ان کی تابعداری لازم ہے۔ جس بات میں وہ خلاف شرع کر ڈالیں یا اس میں ان کی کچھ اطاعت واجب نہیں۔
نیز قرآن مجید کی اس آیت میں غور کرنے سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ اولو الامر کی اطاعت اور اللہ و رسولﷺ کی اطاعت میں فرق ہے اس لیے کہ اللہ و رسول کی اطاعت کے لیے اطيعوا کا صیغہ مستقل طور پر الگ الگ دو دفعہ لایا گیا ہے اور اولو الامر کی اطاعت کو عطف کے ذریعہ رسول کی اطاعت کے ضمن میں درج کیا گیا ہے۔ ان کے لیے اطيعوا کا صیغہ باوجود دوسرے نمبر پر الگ لائے جانے کے یہاں تیسری دفعہ الگ نہیں لایا گیا۔ اس اسلوب سے معلوم ہوا کہ اللہ و رسول کی اطاعت اور اولو الامر کی اطاعت میں بین فرق ہے۔
3: تیسری یہ چیز ہے کہ شیعہ احباب کا گمان ہے کہ اولو الامر سے مراد ائمہ اثناء عشر ہیں ان کی مشہور تفسیر مجمع البیان ابو علی طبرسی میں آیت ہٰذا کے تحت مندرج ہے کہ:
و اما اصحابنا فانھم ردوا عن الباقر والصادق ان اولى الامر هم الائمة من آل محمد اوجب الله طاعتهم بالاطلاق كما او جب طاعته وطاعة رسوله
(مجمع البیان طبرسی: صفحہ 269 تحت الايتہ اولی الامر)
یعنی ہمارے علماء نے امام باقرؒ اور جعفر صادق ؒسے روایت کیا ہے کہ تحقیق "اولو الامر" یہی آل محمد کے ائمہ ہیں۔ ان کی اطاعت اللہ نے مطلقاً واجب کر دی ہے جیسے اس نے اپنی اطاعت اور اپنے رسولﷺ کی واجب کی ہے۔
دیکھنا یہ ہے کہ اس صورت میں آیت مندرجہ کا معنیٰ صحیح ہے یا نہیں؟
آیتِ ہٰذا میں تدبر کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مطالب ہرگز درست نہیں ہیں۔
1: اول بات تو یہ ہے کہ شیعہ دوست "اولو الامر" سے سیدنا علی المرتضیٰؓ کو مراد لیتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ وہ اپنے زمانہ کے واحد امام ہیں پھر ان کے بعد سیدنا حسنؓ بن علی المرتضٰیؓ اپنے زمانہ کے واحد امام ہیں پھر ان کے بعد سیدنا حسینؓ زمانہ میں واحد امام ہیں ہکذا آخر تک۔ اور "اولو الامر" جمع کا صیغہ ہے اور یہ قاعدہ ہے کہ حمل الجمع على الفرد خلاف الظاہر ہے یعنی جمع کے کلمہ کو واحد پر حمل کرنا اگر کوئی قرینہ صارفہ موجود نہ ہو تو ظاہر کے خلاف ہے اگر اس عبارت سے مراد ایک شخص ہے تو جمع کے صیغہ کے بجائے واحد کا صیغہ استعمال ہونا چاہیے۔ اس وجہ سے ان کا معنیٰ تجویز کردہ صحیح نہیں ہے۔
1: احکام القرآن صفحہ 258 جلد 2 تحت الآیتہ اولی الامر
2: تفسیر کبیر رازی صفحہ 359 جلد 3 تحت آیتہ اولی الامر
2: دوم یہ چیز ہے کہ اگر آیتِ ہٰذا میں "اولو الامر سے مراد امام معصوم مفترض الطاعۃ مراد لیا جائے تو یہ مفہوم نسقِ آیت کے خلاف ہونے کی وجہ سے بالکل درست نہیں ہے۔ وجہ یہ ہے کہ آیت میں فرمایا گیا ہے اگر تمہارے درمیان کسی معاملہ میں تنازع ہو جائے تو اس فیصل کی صورت یہ ہے کہ اس معاملہ کو صرف اللہ اور رسول کی طرف لوٹا دو۔ یہ نہیں فرمایا کہ اس تنازع فیہ معاملہ کو امام کی طرف بھی لوٹایا جائے۔ اگر یہاں اولو الامر سے مراد امام معصوم، مفترض الطاعۃ (جس کی تابعداری واجب ہو) تو عند التنازع فردده الى الامام یا فردده الى اولی الامر کی تصریح چاہیے تھی مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ تو معلوم ہوا کہ اولو الامر سے ائمہ اثناء عشر مراد لینا ہرگز درست نہیں ہے۔
(احکام القرآن جصاص و تفسیر کبیر راہی تحت آیتہ ہذا)
3: سوم یہ عرض ہے کہ نبی کریمﷺ کے زمانہ اقدس میں اولو الامر کی تابعداری کے لیے لوگ مامور تھے اور یہ ایک کھلی ہوئی حقیقت ہے کہ ان ایام میں سیدنا علیؓ امام نہیں تھے یقیناً معلوم ہوا کہ اس عہدِ نبوت کے دور میں اولو الامر نبی کریمﷺ کے امراء تھے جن کی اطاعت و تابعداری لوگوں پر واجب تھی بشرطیکہ وہ کسی معصیت کا حکم نہ دیں۔(احکام القرآن جصاص تحت الآیۃ)
4: چہارم یہاں سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے اولو الامر معصوم نہیں ہوں گے وجہ یہ ہے کہ کسی "معصوم شخصیت" کا خلاف کرنا اور اس سے کسی معاملہ میں تنازع کرنا بالکل روا نہیں جیسے پیغمبر اور رسولﷺ کی ذات کے ساتھ خلاف و تنازع جائز نہیں یہاں بھی اسی طرح ہوتا لیکن یہاں تو ارشاد ہے:
یعنی اولو الامر اور تمہارا کسی بات میں تنازع ہو جائے تو کتاب اللہ اور سنتِ رسولﷺ کی طرف رجوع کیا جائے۔
معلوم ہوا ان سے کسی مرحلہ پر تنازعہ بھی ہو سکتا ہے۔ اور اگر اولو الامر معصوم علی الاطلاق اور واجب الطاعۃ ہوتے تو ان کے ساتھ تنازع اور خلاف کرنے کا کوئی مطلب نہیں رہ جاتا۔
ان چیزوں میں غور و فکر کرنے سے صاف عیاں ہوتا ہے کہ آیت ہٰذا کا معنیٰ اور مفہوم وہی صحیح ہے جو اہل سنت والجماعۃ نے پیش کیا ہے اور جو شیعہ دوستوں نے یہاں بارہ امام معصوم و واجب الطاعت مراد لے رکھے ہیں یہ کسی صورت میں درست نہیں۔