تتمہ بحث ینابیع المودۃ - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

تتمہ بحث ینابیع المودۃ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 2 از 3
اس کا حاصل مطلب یہ ہے کہ حضور علیہ السلام نے جب ثقلین کا بیان فرمایا تو ہم ثقلین کا مطلب نہ سمجھ سکے۔ حتیٰ کہ مہاجرین میں سے ایک شخص کھڑا ہوا۔ اس نے عرض کیا فداہ ابی و امی ثقلین کیا چیز ہے؟ تو نبی کریمﷺ نے فرمایا ان دونوں میں سے بڑی چیز تو اللہ کی کتاب ہے اس کی ایک جانب اللہ کریم کے دست قدرت میں ہے دوسری تمہارے ہاتھوں میں ہے پس اس سے تمسک کرو گے تو نہ پھسلو گے اور نہ ہی گمراہ ہوگے۔ اور ان دونوں ثقیل چیزوں میں سے جو اصغر ہے وہ اولاد نبی ہے۔ ان کو قتل نہ کرنا۔ ان پر قہر تشدد نہ کرنا۔ ان پر قہر تشدد نہ کرنا میں نے اپنے رب سے سوال کیا کہ یہ مجھے حوض پر ملیں تو یہ سوال منظور ہوا۔ ان پر قہر کرنا ان کو رسوا و ذلیل کرنا، گویا میرے ساتھ یہ معاملہ کرنا ہے جو دونوں بھاری چیزوں کا دوست ہے۔ وہ ہمارا دوست ہے جو ان کا دشمن ہے، وہ ہمارا بھی دشمن ہے۔
اہل انصاف کی خدمت میں گزارش ہے کہ کشف الغمہ کی روایت ہٰذا میں کس صراحت کے ساتھ یہ مضمون موجود ہے کہ ثقلین میں سے کتاب اللہ کے ساتھ تمسک کرو گے، اس کو اخذ کرو گے تو تمہار ا قدم نہ پھسلے گا اور نہ تم گمراہ ہو گے اور ثقلین میں سے جو اصغر ہے اس کو قتل نہ کرنا، ان پر سختی اور قہر نہ کرنا جو ان سے یہ معاملہ کرے گا گویا اس نے ہمارے ساتھ یہ معاملہ کیا۔ ان کے ساتھ دوستی یا عداوت ہمارے ساتھ دوستی یا عداوت ہے۔ مختصر یہ ہے کہ کتاب اللہ کے متعلق اخذ اور تمسک کرنے کا ارشاد ہوا ہے تاکہ گمراہی نہ آئے اور اہل بیت کے ساتھ حسن سلوک کا حکم صادر ہوا ہے ان کی وجوب اطاعت کا حکم نہیں ہوا۔
ناظرین کرام غور و خوض فرما کر کشف الغمہ کی روایت مندرجہ بالا کی روشنی میں فیصلہ کریں کہ جو اہل سنت علماء کرام نے روایت ثقلین کا مفہوم بیان فرمایا ہے کیا اس کی پوری طرح تائید ہوتی ہے یا نہیں؟
تائید ثانی:دوستوں کے مشہور فاضل علی بن ابراہیم قمی اپنی مشہور "تفسیر قمی: يَّوۡمَ تَبۡيَضُّ وُجُوۡهٌ وَّتَسۡوَدُّ وُجُوۡهٌ (سورۃ آل عمران: آیت 106) کے تحت ایک روایت لائے ہیں۔ اس روایت کو خمسہ روایات (پانچ جھنڈوں) والی روایت کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ روایت بھی صاف بتلاتی ہے۔ روایت ثقلین کا جو مفہوم اہل سنت نے بیان کیا ہے وہی درست اور صحیح ہے۔ شیعہ حضرات جو مدعی اور مقصد اس روایت سے ثابت کرنے کے خواہاں ہیں وہ ہرگز درست نہیں ہے۔ ذیل میں پہلے روایت درج کی جاتی ہے اس کے بعد اس کا ترجمہ جو شیعہ دوستوں کے مشہور مولوی مقبول احمد دہلوی نے اپنے حواشی کے ضمیمہ جات میں لکھا ہے وہ بلفظہ پیش خدمت ہے۔ منصف طبائع انصاف خود فرما سکیں گے ہماری تشریحات کی حاجت نہ ہوگی۔
ثم ترد علی رأیۃ مع امام المتقین و سید المسلمین وقائد الغر المحجلین و وصی رسول رب العالمين فا قول لهم ما فعلتم بالثقلين من بعدى فيقولون اما الاكبر فاتبعناه واطعناه واما الاصغر فاجيناه و والیناه و ازرناه و نصرناه حتٰى اهرقت فيهم دمائنا فا قول ردوا الجنة روا مروتین مبيضۃ وجوهکم ثم تلا رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم يوم يَّوۡمَ تَبۡيَضُّ وُجُوۡهٌ وَّتَسۡوَدُّ وُجُوۡهٌ (تفسیر قمی: صفحہ 59 طبع ایران)
ترجمہ: حضور علیہ السلام نے فرمایا، پھر پانچواں جھنڈا امام المتقین سید الوصیین قائد غر المحجلین وصی رسول رب العالمين کا میرے پاس وارد ہوگا۔ میں ان سے دریافت کروں گا کہ تم میرے بعد "ثقلین" کے ساتھ کس طرح پیش آئے وہ جواب میں عرض کریں گے کہ ثقلِ اکبر کی ہم نے پیروی اور اطاعت کی اور ثقلِ اصغر سے ہم نے محبت و موالات کی اور ان کو یہاں تک مدد دی کہ ان کے بارے میں ہمارے خون تک بہا دیئے گئے۔ پس ان سے میں کہوں گا کہ تم سیر و سیراب ہو کر سفید رو بن کر جنت میں چلے جاؤ اس کے بعد آنحضرتﷺ نے یہ آیتیں تلاوت فرمائیں۔(ضمیمہ صفحہ 58 از مولوی مقبول احمد صاحب دہلوی)
قمی کی اس روایت نے مسئلہ صاف کر دیا کہ اطاعت اور تابعداری کا حکم ثقل اکبر (کتاب اللہ) کے لیے مخصوص ہے اور ثقلِ اصغر (اہل بیت) کے ساتھ محبت اور دوستی کرنے کا ارشاد تو ہے لیکن ان کی مستقل اطاعت اور وجوبِ تمسک کا حکم نہیں ہے۔
تائید ثالث:اب تیسری تائید میں ہم سیدنا حسنؓ کی وہ روایت (ارشاد نبویﷺ) نقل کرتے ہیں جو انہوں نے خود حضور علیہ السلام سے نقل فرمائی ہے اور ایک منکرین کی جماعت پر امام موصوف نے یہ بطور احتجاج پیش کی ہے۔ دوستوں کے مسلم مجتہد شیخ احمد بن علی بن ابی طالب طبرسی نے اس کو اپنی تصنیف الاحتجاج صفحہ 139 میں درج فرمایا ہے۔ روایت کے الفاظ یہ ہیں:
"قال سیدنا الامام الحسنؓ، انشدکم باللّٰه اتعلمون ان رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه و آله وسلم قال فى حجة الوداع ايها الناس انى قد تركت فيكم ما لن تضلوا بعده کتاب اللّٰه وعترتی فاحلوا حلاله وحرموا حرامه واعملوا بمحکمه واٰمنوا بمتشابه وقولوا اٰمنا بما انزل اللّٰه من الكتاب و احبوا اهل بيتى و عترتی و والوامن وا لاھم وانصروا على من عاداهم وانهما لن يزا لا فیکم حتى يردا على الحوض يوم القيامة(احتجاج طبرسی: صفحہ 139)
(احتجاج الحسن بن علی علی جماعۃ من المنکرین)
یعنی امام حسنؓ نے اپنے مخاطبین کو قسم دے کر فرمایا کہ تم جانتے ہو کہ رسول اللہﷺ نے حجتہ الوداع میں فرمایا اے لوگو! میں تم میں اس چیز کو چھوڑا ہے، جس کے بعد تم گمراہ نہ ہوگے، وہ اللہ کی کتاب ہے اور میری اولاد ہے۔ کتاب اللہ کے حلال کو حلال جانو اور اس کے حرام کو حرام جانو اور اس کے محکم کے ساتھ عمل کرو اور متشابہ پر ایمان رکھو اور کہو کہ اللہ نے جو کتاب اتاری ہے اس کے ساتھ ہم ایمان لائے اور اہل بیت کے ساتھ محبت رکھو اور جو شخص ان کے ساتھ دوستی رکھے اس کے ساتھ دوستی رکھو اور جو ان کے ساتھ دشمنی رکھے اس کا خلاف کرو اور یہ دونوں تم میں رہیں گے حتیٰ کہ قیامت کے روز میرے پاس حوض پر پہنچیں۔
صفحہ 2 از 3