واضح ہو کہ جیسے و فی المناقب کے الفاظ سے چند روایات بےسند لکھ دی ہیں۔ اسی طرح مزید بھی چند ایک روایات اس باب میں لکھی ہیں، اور وہ بھی سب بےسند درج ہیں اور جن کتب کا حوالہ دیتے ہیں وہ بھی کوئی باسند کتابیں نہیں ہیں۔ وہاں بھی نقل در نقل چل رہی ہے مثلاً معالم العترة از حافظ عبد العزيز الاخضر اور مودۃ القربیٰ للمدانی وغیرہ۔ اب اس قسم کی بےسند روایات کو جو غیرمعتمد علیہ کتب سے فراہم کی گئی ہیں بلا چون و چرا تسلیم کرنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے اس طریقہ سے قبول روایت کے باب میں جو قواعد کی کتابیں تدوین کی گئی ہیں وہ سب بلاضرورت اور بیکار ٹھہرتی ہیں۔ ان ھذا الا هو خسران مبین۔
البتہ یہاں ایک کتاب "مسند بزار" جس کا حوالہ اس باب میں ثقلین کے متعلق پیش کیا گیا ہے اس کو آسانی سے رد نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ہمارے محدثین میں بڑے پایہ کے صاحبِ سند عالم ہیں اس کے متعلق یہ عرض کرنا ہے کہ مقام "ثقلین" میں دو جگہ صاحب ینابیع نے محدث بزار کے حوالہ کو درج کیا ہے ایک صفحہ 37 جلد 1 پر ان الفاظ کے ساتھ کہ:
روى البزار ولفظه: انى تركت فيكم الثقلين یعنی کتاب اللّٰه وعترتی اهل بيتی وانكم لن تضلوا ان تمسكتم بهما
دوسرے مقام جلد 1 صفحہ 38 پر لکھتے ہیں: و اخر ج البزار فی مسنده عن ام ہانی بنت ابی طالب قالت رجع رسول اللہﷺ عن حجته حتىٰ ترل بغدیر خم ثم قام خطيبا بالهاجرة فقال ايها الناس انی اوشك ان ادعى فاجيب وقد تركت فيكم الخ
پہلے حوالہ میں صحابی کا نام ندارد ہے کہ کون صحابی روایت کرنے والے ہیں، دوسرے حوالہ میں یہ تصریح ہے کہ سیدہ ام ہانیؓ سے یہ روایت منقول ہے۔ اس تفصیل کے بعد یہ عرض کرنا ہے کہ ہم نے اپنی جگہ مسند بزار کی روایات کی تحقیق کے سلسلہ میں یہ کوشش کی تھی کہ مسند موصوف سے سب سندیں مل جائیں لیکن اس میں صرف سیدنا علیؓ اور سیدنا ابو ہریرہؓ کی روایات تو دستیاب ہو گئی ہیں چنانچہ ہم ان کو اپنے اپنے مقام میں زیر بحث لائے ہیں۔ وہ سندیں صحیح نہیں ہیں، رواۃ پر جرح و قدح مفصل درج کی گئی ہے۔ مسند بزار (متوفی 292ھ) کی بحثیں دوبارہ ملاحظہ فرمانے سے تسلی ہو جائے گی۔
سیدہ ام ہانیؓ کی روایت مذکورہ اور عندالبعض سیدنا عبدالرحمٰن بن عوفؓ کی روایت یہ ہر دو مسند بزار سے نہیں ملتیں۔ پیر جھنڈا کے کتب خانہ (سندھ) ضلع نواب شاہ میں اس کا ایک نسخہ موجود ہے، لیکن بوسیدہ ہے۔ اس نسخہ میں بھی یہ دونوں روایات مفقود ہیں۔ دوسرا نسخہ حیدر آباد دکن کے ایک کتب خانہ میں محفوظ ہے، ہم نے ہر دو سندیں (سیدنا علیؓ و سیدنا ابو ہریرہؓ) والی روایات حضرت مولانا مفتی رحیم الدین شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ (شبلی گنج) کی وساطت سے حاصل کی ہیں، ان کے ہاں بھی مزید کسی صحابی سے یہ روایت نہیں مل سکی۔
اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ عدم ذکر الشیء سے عدم الشیء تو لازم نہیں آتا، ہو سکتا ہے کہ کسی دوسرے نسخہ میں یہ سیدہ ام ہانیؓ کی روایت مندرج ہو، تو اس کا جواب بالکل سہل ہے۔ ثقلین کو واجب التمسک قرار دینے والے احباب تھوڑی تکلیف فرما کر صحیح نسخہ تلاش کرکے اس سے سیدہ ام ہانیؓ کی روایت کی مکمل سند فراہم کر دیں، اگر سند صحیح ہوئی تو اپنی غلطی کا اعتراف کرنے میں دریغ نہیں کریں گے۔ اگر یہ نہ ہو سکے تو امید ہے ہم کو بھی بلا سند اور غیر صحیح روایات تسلیم کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
رسالہ ہٰذا کے آخری حصہ میں ہم چند تنبیہات ذکر کرنا چاہتے ہیں جن میں بحث ثقلین کی متعلقہ چند ضروری چیزوں کا ذکر کرنا مقصود ہے۔ جیسے رسالہ ہٰذا کی ابتداء میں چند "ضروری تمہیدات" ثبت کی گئی ہیں، اسی طرح یہاں آخر رسالہ میں ان تنبیہات کا اندراج بھی ضروری امر ہے۔
تنبیہ اول:ثقلین کی روایت کا جو معنیٰ اور مفہوم پیش کیا گیا ہے، یہ ہم نے اپنی جانب سے تصرف اور تغیر کر کے نہیں پیدا کیا بلکہ جمہور علماء اہل السنتہ کا مسلک یہی ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر یہ روایت صحیح ہے تو اس میں کتاب اللہ کے ساتھ تمسک کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اور کتاب اللہ کی اطاعت واجب قرار دی گئی ہے۔ اور نبی کریمﷺ کی بیویاں اور اولاد جن کو اہل بیت سے تعبیر کیا گیا ہے کے متعلق امت کو یہ وصیت فرمائی گئی ہے کہ ان کے ساتھ مودۃ و محبت و عمدہ سلوک و حسن معاملہ کیا جائے اور ان کے حقوق کی رعایت کی جائے ان پر مظالم اور سختی نہ کی جائے۔ اور روایت ہٰذا میں اہل بیتؓ اور ازواجِ مطہراتؓ کے حق میں یہ حکم موجود نہیں ہے کہ ان کے ساتھ تمسک واجب ہے یا ان کی اطاعت بالا مستقلاً واجب ہے، یا یہ کہ جو ان کے ساتھ تمسک نہ کرے گا، وہ گمراہ ہوگا ہدایت نہ پاسکے گا وغیرہ وغیرہ۔
اور مدعیان حب اہل بیتؓ نے جو اس روایت کا معنیٰ تجویز کیا ہے کہ قرآن مجید کتاب اللہ کی طرح اہل بیتؓ کی اطاعت اور تابعداری واجب ہے۔ اور اہل بیتؓ کتاب اللہ کی طرح خطا سے معصوم ہیں۔ روایت ہٰذا کا یہ مطلب صحیح نہیں ہے بلکہ اس روایت ثقلین کا مفہوم وہی صحیح ہے جو جمہور اہل سنت نے بیان کیا ہے۔ اس پر ہم چند ایسے مؤیدات پیش کرنا چاہتے ہیں جن سے ہمارے دوستوں کو بھی انکار نہ ہوگا اور وہ ان کے مسلمات میں سے ہوں گے۔
تائید اول:شیعہ علماء کی مشہور کتاب کشف الغمہ (از عیسیٰ اردبیلی) کے صفحہ 16 (مطبوعہ ایران) پر سیدنا زید بن ارقمؓ سے ثقلین کی متعلقہ مفصل روایت مروی ہے۔ (یہ روایت بڑی طویل و عریض ہے) اس میں مندرج ہے۔
"فلما ندر ماالثقلان حتى قام رجل من المهاجرين فقال بابى انت و امى ما الثقلان؟ فقال الاكبر منهما كتاب اللّٰہ سبب طرف بیدا اللّٰہ عزوجل وطرف بايدیکم فتمسكوا به لاتزلوا و الا تضلوا و الاصغر منهما عترتی لا تقتلوا هم و لاتفهو دا ھم فانى سألت اللطيف الخبيران ييردوا علی الحوض فاعطانی فقاھر ھما قاهری و خاذ لهما خاذلی و وليهما ولى وعدوھما عدوى۔
(كشف الغمہ: جلد 1 صفحہ 67 مع ترجمہ فارسی ترجمہ المناقب طبع جدید ایران)
(كشف الغمہ: صفحہ 74 جلد 1 مع ترجمہ فارسی ترجمہ المناقب طبع جدید، ایران)
اس کا حاصل مطلب یہ ہے کہ حضور علیہ السلام نے جب ثقلین کا بیان فرمایا تو ہم ثقلین کا مطلب نہ سمجھ سکے۔ حتیٰ کہ مہاجرین میں سے ایک شخص کھڑا ہوا۔ اس نے عرض کیا فداہ ابی و امی ثقلین کیا چیز ہے؟ تو نبی کریمﷺ نے فرمایا ان دونوں میں سے بڑی چیز تو اللہ کی کتاب ہے اس کی ایک جانب اللہ کریم کے دست قدرت میں ہے دوسری تمہارے ہاتھوں میں ہے پس اس سے تمسک کرو گے تو نہ پھسلو گے اور نہ ہی گمراہ ہوگے۔ اور ان دونوں ثقیل چیزوں میں سے جو اصغر ہے وہ اولاد نبی ہے۔ ان کو قتل نہ کرنا۔ ان پر قہر تشدد نہ کرنا۔ ان پر قہر تشدد نہ کرنا میں نے اپنے رب سے سوال کیا کہ یہ مجھے حوض پر ملیں تو یہ سوال منظور ہوا۔ ان پر قہر کرنا ان کو رسوا و ذلیل کرنا، گویا میرے ساتھ یہ معاملہ کرنا ہے جو دونوں بھاری چیزوں کا دوست ہے۔ وہ ہمارا دوست ہے جو ان کا دشمن ہے، وہ ہمارا بھی دشمن ہے۔
اہل انصاف کی خدمت میں گزارش ہے کہ کشف الغمہ کی روایت ہٰذا میں کس صراحت کے ساتھ یہ مضمون موجود ہے کہ ثقلین میں سے کتاب اللہ کے ساتھ تمسک کرو گے، اس کو اخذ کرو گے تو تمہار ا قدم نہ پھسلے گا اور نہ تم گمراہ ہو گے اور ثقلین میں سے جو اصغر ہے اس کو قتل نہ کرنا، ان پر سختی اور قہر نہ کرنا جو ان سے یہ معاملہ کرے گا گویا اس نے ہمارے ساتھ یہ معاملہ کیا۔ ان کے ساتھ دوستی یا عداوت ہمارے ساتھ دوستی یا عداوت ہے۔ مختصر یہ ہے کہ کتاب اللہ کے متعلق اخذ اور تمسک کرنے کا ارشاد ہوا ہے تاکہ گمراہی نہ آئے اور اہل بیت کے ساتھ حسن سلوک کا حکم صادر ہوا ہے ان کی وجوب اطاعت کا حکم نہیں ہوا۔
ناظرین کرام غور و خوض فرما کر کشف الغمہ کی روایت مندرجہ بالا کی روشنی میں فیصلہ کریں کہ جو اہل سنت علماء کرام نے روایت ثقلین کا مفہوم بیان فرمایا ہے کیا اس کی پوری طرح تائید ہوتی ہے یا نہیں؟
تائید ثانی:دوستوں کے مشہور فاضل علی بن ابراہیم قمی اپنی مشہور "تفسیر قمی: يَّوۡمَ تَبۡيَضُّ وُجُوۡهٌ وَّتَسۡوَدُّ وُجُوۡهٌ (سورۃ آل عمران: آیت 106) کے تحت ایک روایت لائے ہیں۔ اس روایت کو خمسہ روایات (پانچ جھنڈوں) والی روایت کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ روایت بھی صاف بتلاتی ہے۔ روایت ثقلین کا جو مفہوم اہل سنت نے بیان کیا ہے وہی درست اور صحیح ہے۔ شیعہ حضرات جو مدعی اور مقصد اس روایت سے ثابت کرنے کے خواہاں ہیں وہ ہرگز درست نہیں ہے۔ ذیل میں پہلے روایت درج کی جاتی ہے اس کے بعد اس کا ترجمہ جو شیعہ دوستوں کے مشہور مولوی مقبول احمد دہلوی نے اپنے حواشی کے ضمیمہ جات میں لکھا ہے وہ بلفظہ پیش خدمت ہے۔ منصف طبائع انصاف خود فرما سکیں گے ہماری تشریحات کی حاجت نہ ہوگی۔
ثم ترد علی رأیۃ مع امام المتقین و سید المسلمین وقائد الغر المحجلین و وصی رسول رب العالمين فا قول لهم ما فعلتم بالثقلين من بعدى فيقولون اما الاكبر فاتبعناه واطعناه واما الاصغر فاجيناه و والیناه و ازرناه و نصرناه حتٰى اهرقت فيهم دمائنا فا قول ردوا الجنة روا مروتین مبيضۃ وجوهکم ثم تلا رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم يوم يَّوۡمَ تَبۡيَضُّ وُجُوۡهٌ وَّتَسۡوَدُّ وُجُوۡهٌ (تفسیر قمی: صفحہ 59 طبع ایران)
ترجمہ: حضور علیہ السلام نے فرمایا، پھر پانچواں جھنڈا امام المتقین سید الوصیین قائد غر المحجلین وصی رسول رب العالمين کا میرے پاس وارد ہوگا۔ میں ان سے دریافت کروں گا کہ تم میرے بعد "ثقلین" کے ساتھ کس طرح پیش آئے وہ جواب میں عرض کریں گے کہ ثقلِ اکبر کی ہم نے پیروی اور اطاعت کی اور ثقلِ اصغر سے ہم نے محبت و موالات کی اور ان کو یہاں تک مدد دی کہ ان کے بارے میں ہمارے خون تک بہا دیئے گئے۔ پس ان سے میں کہوں گا کہ تم سیر و سیراب ہو کر سفید رو بن کر جنت میں چلے جاؤ اس کے بعد آنحضرتﷺ نے یہ آیتیں تلاوت فرمائیں۔(ضمیمہ صفحہ 58 از مولوی مقبول احمد صاحب دہلوی)
قمی کی اس روایت نے مسئلہ صاف کر دیا کہ اطاعت اور تابعداری کا حکم ثقل اکبر (کتاب اللہ) کے لیے مخصوص ہے اور ثقلِ اصغر (اہل بیت) کے ساتھ محبت اور دوستی کرنے کا ارشاد تو ہے لیکن ان کی مستقل اطاعت اور وجوبِ تمسک کا حکم نہیں ہے۔
تائید ثالث:اب تیسری تائید میں ہم سیدنا حسنؓ کی وہ روایت (ارشاد نبویﷺ) نقل کرتے ہیں جو انہوں نے خود حضور علیہ السلام سے نقل فرمائی ہے اور ایک منکرین کی جماعت پر امام موصوف نے یہ بطور احتجاج پیش کی ہے۔ دوستوں کے مسلم مجتہد شیخ احمد بن علی بن ابی طالب طبرسی نے اس کو اپنی تصنیف الاحتجاج صفحہ 139 میں درج فرمایا ہے۔ روایت کے الفاظ یہ ہیں:
"قال سیدنا الامام الحسنؓ، انشدکم باللّٰه اتعلمون ان رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه و آله وسلم قال فى حجة الوداع ايها الناس انى قد تركت فيكم ما لن تضلوا بعده کتاب اللّٰه وعترتی فاحلوا حلاله وحرموا حرامه واعملوا بمحکمه واٰمنوا بمتشابه وقولوا اٰمنا بما انزل اللّٰه من الكتاب و احبوا اهل بيتى و عترتی و والوامن وا لاھم وانصروا على من عاداهم وانهما لن يزا لا فیکم حتى يردا على الحوض يوم القيامة(احتجاج طبرسی: صفحہ 139)
(احتجاج الحسن بن علی علی جماعۃ من المنکرین)
یعنی امام حسنؓ نے اپنے مخاطبین کو قسم دے کر فرمایا کہ تم جانتے ہو کہ رسول اللہﷺ نے حجتہ الوداع میں فرمایا اے لوگو! میں تم میں اس چیز کو چھوڑا ہے، جس کے بعد تم گمراہ نہ ہوگے، وہ اللہ کی کتاب ہے اور میری اولاد ہے۔ کتاب اللہ کے حلال کو حلال جانو اور اس کے حرام کو حرام جانو اور اس کے محکم کے ساتھ عمل کرو اور متشابہ پر ایمان رکھو اور کہو کہ اللہ نے جو کتاب اتاری ہے اس کے ساتھ ہم ایمان لائے اور اہل بیت کے ساتھ محبت رکھو اور جو شخص ان کے ساتھ دوستی رکھے اس کے ساتھ دوستی رکھو اور جو ان کے ساتھ دشمنی رکھے اس کا خلاف کرو اور یہ دونوں تم میں رہیں گے حتیٰ کہ قیامت کے روز میرے پاس حوض پر پہنچیں۔
اس فرمان میں بھی کتاب اللہ کے ساتھ عمل درآمد کا حکم دیا گیا ہے، اور اہل بیتؓ کے متعلق موالات اور دوستی کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ لیکن ان کی وجوبِ اطاعت اور وجوبِ تمسک کا کوئی حکم نہیں صادر نہیں فرمایا گیا تو ان تمام مندرجہ بالا روایات سے صاف معلوم ہوا کہ روایتِ ثقلین کا جو مفہوم جمہورِ اہلسنت علماء نے بیان کیا ہے وہی درست ہے اور شیعہ حضرات کا مدعیٰ اس روایت سے ہرگز ثابت نہیں ہے۔
تنبیہ ثانی:شیعہ احباب "روایتِ ثقلین" کا جو کچھ مفہوم بیان کیا کرتے ہیں اس کا حاصل یہ ہے:
1: "اہلِ بیت" کتاب اللہ کی طرح واجب الاطاعت ہیں اور لازم التمسک ہیں۔ "حجتِ شرعی" ہونے کے لحاظ سے کتاب اللہ اور اہل بیتؓ میں کوئی فرق نہیں ہے جو شخص ان دونوں کے ساتھ تمسک کرے گا وہ ناجی ہوگا جو ان کے ساتھ ساتھ تمسک نہ کرے گا وہ گمراہ ہوگا۔
2: نیز روایتِ ہٰذا میں اہل بیتؓ سے مراد صرف بارہ امام ہیں جن کی تابعداری کرنا اور ان کے احکام پر عمل کرنا کتاب اللہ کی طرح لازم ہے۔
"روایتِ ثقلین" کا اگر یہ مفہوم صحیح ہے جو ان دوستوں نے تجویز کیا ہے تو پھر قدرتی طور پر چند سوالات وارد ہوں گے جن کا تسلی بخش جواب پیش کرنا دوستوں کے لیے لازم ہے اور ان کے متعلق ان مہربانوں کو اپنی جگہ غور و فکر کرنا ضروری امر ہے۔
اول: پہلی یہ چیز قابل توجہ ہے کہ جب نبی کریمﷺ نے یہ فرمانِ جاری فرمایا ہے۔ اس وقت روایتِ ہٰذا کے خطاب "انی تارک فیکم" میں خود اہل بیت و عترتِ نبی وعترت وعم رسول مخاطب ہیں یا نہیں؟
اگر باقی مخاطبین کی طرح وہ بھی اس خطاب کے مخاطب ہیں اور یہ خطاب ان کو بھی شامل ہے تو سب سے پہلے یہاں اتباعِ نفسہ و اطاعت لذاتہ کا مطلب قابلِ وضاحت ہے۔ اس کو حل کرنا چاہیے نیز یہ بھی بتلایا جائے کہ:
1: عم رسولﷺ سیدنا عباسؓ
2: عقیل برادر سیدنا علی المرتضیٰؓ نے سیدنا صدیقِ اکبرؓ کے ساتھ بیعت کر کے روایت ہٰذا کے فرمان کے خلاف کیسے عمل درآمد کر دیا۔
3: خود سیدنا علیؓ نے آخر کار سیدنا صدیقِ اکبرؓ سے بیعت کر کے فرمان ہٰذا کو کیوں فراموش کر دیا۔
4: سیدنا حسنؓ
5: سیدنا حسینؓ نے سیدنا امیر معاویہؓ سے بیعت کر کے اس فرمانِ رسالت کو کیوں متروک العمل ٹھہرایا۔
6: خود سیدنا حسینؓ نے اپنے برادر حقیقی امام معصوم امام حسنؓ کا اتباع نہ کر کے اس حدیث کا خلاف کیسے کر ڈالا؟ اور سیدنا امیر معاویہؓ سے بیعت کر لی۔
7: سیدنا علیؓ کے صاحبزادہ محمد بن الحنیفہؒ نے سیدنا زین العابدینؒ کی امامت تسلیم نہ کر کے اس حکم کو کیسے پسِ پشت ڈال دیا۔
8: اور سیدنا حسنؓ کے صاحبزادے سیدنا حسن مثنیٰؒ نے اپنے دعویٰ امامت کے دوران میں سیدنا زین العابدینؒ کی امامت کا عملاً انکار کر کے اس روایت ثقلین کو کیوں چھوڑ دیا۔
9: اسی طرح سیدنا زین العابدینؒ نے سیدنا حسن مثنیٰؒ کو امام نہ تسلیم کر کے اس ارشاد کی مخالفت کیوں کر ڈالی ہے؟ حالانکہ سیدنا حسن مثنیٰؒ اولادِ علیؓ و عترتِ نبیﷺ، و نسلِ بتولؓ ہیں۔ جس کے لیے اہل بیتؓ ہونے میں کوئی شبہ نہیں۔
10: اور سیدنا زین العابدینؒ کے صاحبزادے سیدنا زیدؒ نے اپنے وقت کے امام سیدنا محمد باقرؒ کی امامت کا انکار کر کے اس نبوی حکم کو عملاً کیوں فراموش کر دیا؟
11: اسی طرح سیدنا محمد باقرؒ نے اپنے برادر حقیقی سیدنا زیدؒ کی امامت کو نہ تسلیم کر کے اس نبوی حکم کو کیوں عملاً چھوڑ دیا؟
12: اور محمد بن عبداللہؒ محض بن حسن المثنیٰؒ بن سیدنا حسنؓ نے اپنی امامت کا دعویٰ کر کے سیدنا جعفر صادقؒ کو امام تسلیم نہ کرتے ہوئے اس فرمانِ رسالتﷺ کو کیوں متروک العمل بنا دیا؟
13: اسی طرح سیدنا جعفر صادقؒ نے سیدنا حسن مثنیٰؒ کی اولاد شریف (محمد بن عبداللہ محض) کی امامت نہیں تسلیم کی، حالانکہ یہ لوگ اولادِ علیؓ، عترتِ نبی اور نسلِ بتول ہیں، ان کی اطاعت نہ کرنا نبوی فرمانﷺ کے خلاف کرنا ہے۔ جیساکہ اس حدیث کا مقتضیٰ ہے۔ سیدنا جعفر صادقؒ کا یہ خلاف کرنا کیسے جائز ہوا؟
14: ابراہیم بن عبداللہ محض بن حسن مثنیٰؒ بن امام حسنؓ نے امام وقت سیدنا جعفر صادقؒ کی امامت نہ تسلیم کر کے روایتِ ٰہذا (ثقلین) کی کیسے مخالفت کر دی؟
حاصل یہ ہے کہ ان چودہ عدد "قرابت دارانِ رسول" اور "عترتِ رسولﷺ" اور "اہلبیبت رسولﷺ" اولادِ علیؓ و آلِ بتولؓ نے ہی روایتِ ثقلین کے مجوزہ مفہوم کے ہمیشہ خلاف عمل درآمد کیا ہے اور انہوں نے اہلبیبتؓ و عترت کی اتباع کو لازم اور واجب نہیں قرار دیا بلکہ غیر اہل یبتؓ کی اتباع کر ڈالی تو دوسری امت کو اس روایت پر عمل کی تلقین کرنا اور دعوت دینا کہاں تک صحیح اور درست ہے؟