ینابیع المودۃ کی روایات کی تحقیق - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

ینابیع المودۃ کی روایات کی تحقیق

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

ینابیع المودۃ کی روایات کی تحقیق(سنہ تالیف 1291 ہجری)

کتاب ینابیع المودۃ کی مندرجہ روایات متعلقہ ثقلین کے جوابات سے قبل ہم چاہتے ہیں کہ خود اس تصنیف اور صاحب تصنیف کے متعلق کچھ گذارشات اپنے اہل السنت حضرات کی خدمت میں واضح کر دیں۔ ہو سکتا ہے کہ جن لوگوں نے اس کتاب کو اور اس کے مصنف کو نہیں پہچانا وہ کسی غلط فہمی میں مبتلا ہوں اور اسے لائق اعتماد سمجھ بیٹھیں۔
1: کتاب کا مکمل نام ایسے ہے "ینابیع المودۃ لذی القربیٰ من اہل العبا" اور اس کے مرتب کا نام "سلیمان بن ابراہیم المعروف" بخواجہ کلاں" ابن محمد معروف المشتر بیابا خواجہ ابن ابراہیم بن محمد معروف ابن الشیخ السيد ترسون الباقی الحسینی البلخی القندوزی" "شیخ سلیمان قندوزی کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے اور اس تصنیف کے اختتام پر لکھا ہے کہ تم بحمداللہ و فضلہ تالیف ینابیع المودۃ لذی القربیٰ من اہل العباء الخ
وقت الضحیٰ يوم الاثنین اليوم التاسع من شهر رمضان سنۃ الف ومائتين واحدى و تسعين
(ينابيع: جلد 3 صفحہ 206 طبع ثانی بيروت 1391ھ)
2: ہمارے سامنے جو نسخہ ینابیع المودۃ ہے۔ وہ طبع ثانی بیروت کے "مکتبہ العرفان" کا مطبوعہ ہے۔ یہ کتاب متعدد بار چھپ چکی ہے جب تک اس کتاب کا مطالعہ نہیں کیا تھا اور ہمارے پاس نہیں پہنچی تھی تو ہم اس کے حوالہ جات سے مرعوب تھے بلکہ پریشان تھے۔ مخالف حضرات ہمیشہ اس کو اہل سنت کی معتبر کتاب تجویز کرکے پیش کیا کرتے تھے مطالعہ کتاب کے بعد جو کچھ تاثرات ہم نے اخذ کئے ہیں ان سے ہم ناظرین کرام کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔
اولاً: مصنف نے 1291 ہجری یعنی تیرھویں صدی میں یہ فضائل و مناقب کی کتاب مرتب کی ہے۔ فضائل و مناقب کی کتب (شیعہ کی مرتب شدہ ہیں یا اہل السنتہ کی) سب سے اس نے مواد مہیا کیا ہے۔ بعض خاص کتب تو خالص شیعی ذہن کی پیداوار ہیں، ان سے بےشمار مواد حاصل کرکے اس نے اپنی تصنیف مرتب کی ہے۔ ان میں سے چند ایک کے نام شمار میں لائے جاتے ہیں۔ مثلاً:
1: کتاب سلیم بن قیس الہلالی
2: کتاب الموالاۃ لابن عقدۃ
3: کتاب مقتل ابی مخنف (لوط بن یحییٰ)
4: کتاب الغیبۃ للشيخ محمد بن علی بن حسین
5: کتاب المناقب لاخطب خوارزم
6: وکتاب البيان فی اخبار صاحب الزمان شیخ محمد بن یوسف کنجی 
7: کتاب كشف الغمۃ لشيخ علی بن عیسیٰ الاربیلی وغیرہ وغیرہ
یہ کتابیں تو خالص شیعی مسلک کی ہیں اس کے ماسوا اور بھی بہت سی کتابوں سے جن میں فضائل و مناقب کی ہر قسم کی روایات پائی جاتی ہیں، انہوں نے اس تصنیف کو مدون کیا ہے. صحیح، غیر صحیح، قوی، ضعیف و منکر و موضوع ہر درجہ کی روایات کا یہ کتاب ایک کشکول ہے اور رطب و یابس روایات کا ذخیرہ ہے۔
ثانياً: یہ عرض کرنا ہے کہ صاحبِ کتاب (ینابیع المودۃ) کے خیالات کس قسم کے ہیں؟ مطالعہ کتاب سے معلوم ہوا کہ یہ مندرجہ ذیل معتقدات کے قائل ہیں:
1: یہ کہ نبی کریمﷺ کے بعد 12 عدد "وصی" مفترض الطاعت ہیں جن میں سے اول وصی سیدنا علی المرتضیٰؓ ہیں۔ آخر وصی محمد مہدی ہیں اور یہ آخری وصی (مہدی) اہل بیت کے مخالفین سے قتال کرکے بدلہ لے گا۔ اس مدعیٰ کو ثابت کرنے کے لیے اس نے جزء ثالث میں ایک مستقل باب (الباب الثالث والتسعون) مرتب کیا ہے وہاں دلائل (بزعم خود) پیش کئے ہیں۔
2: یہ کہ محمد مہدی امام حسن عسکری کا بلاواسطہ بیٹا ہے اس مطلب کے لیے بھی انہوں نے ایک مستقل باب مقرر کیا ہے یعنی باب السادس والثمانون (86) جزء ثالث اس باب میں حوالہ جات پیش کرکے بزعم خویش مہدی کو ولد حسن عسکری بلاواسطہ ثابت کرنے کی سعی کی ہے۔
3: یہ کہ مہدی پیدا ہوئے پھر اپنی زندگی میں غائب ہوگئے اور غیبوبتہ کے بعد بھی بعض خواص لوگوں سے ملاقات اس کی ہوتی رہتی ہے اور ان کے بارہ عدد خاص وکیل ہیں (ان کے نام فرداً فرداً ذکر کئے ہیں)، جو غیبوبتہ صغریٰ میں مہدی سے ملتے رہتے ہیں اس چیز کے لیے انہوں نے ایک علیحدہ باب باندھا ہے۔ یہ باب الثالث والثمانون (83) جزء ثالث میں ہے۔
ناظرین کرام ان مندرجات کو معلوم کرنے کے بعد خود فیصلہ کر سکتے ہیں کہ یہ خیالات و نظریات اہل السنت حضرات کے ہیں یا شیعہ لوگوں کے عقائد ہیں یہ کوئی مغلق بات اور معمہ نہیں ہے جو سمجھ میں نہ آسکے صاحبِ کتاب کا مسلک شیعی ہے اور خالص شیعی نظریات کے حامل ہیں؛ اگرچہ انہوں نے اپنی تصنیف میں اپنے مسلک کو صرف محب اہلبیت ظاہر کیا ہے شیعہ ہونا ظاہر نہیں کیا۔ یہ تقیہ شریف تو پرانا حربہ ہے، جس نے بڑے بڑے کام کیے ہیں۔ اس کے موافق اس تصنیف کی مہم بھی سر کی گئی ہے بنابریں حالات قواعد و ضوابط اہل السنت کے بغیر اس تصنیف کی روایات پر اعتماد کرنا ہرگز درست نہیں۔
ان گذارشات کے بعد ہم ان روایاتِ ثقلین کی طرف روئے سخن پھیرتے ہیں جن کو صاحب ینابیع نے بڑی کوشش سے مدون کیا ہے اور کتاب ہٰذا جزء اول میں ایک مستقل باب رابع مقر ر کیا ہے اس باب رابع میں اگرچہ اور روایات فضیلت مرتضوی مثلاً حدیث سفینہ نوح و حدیث غدیر وغیرہ) بھی جمع کی ہیں مگر خاص "روایت ثقلین" کو بڑی سعی بلیغ سے مرتب کیا ہے۔
اولاً: یہ واضح ہو کہ اس باب رابع میں جو روایات مفہوم ثقلین کے متعلق منقول و مندرج ہیں۔ صرف ان کے متعلق مناسب حال کلام کیا جائے گا باب کی تمام روایات سے کوئی سروکار نہیں۔
ثانياً: یہ معلوم ہوکہ اس باب میں کثرت سے روایات ثقلین تو بعینہٖ وہی مندرج ہیں جن کا ہم قبل ازیں جواب مرتب کر چکے ہیں۔ مثلاً روایت مسلم شریف و روایت ترمذی شریف و مسند احمد کی روایات، حکیم ترمذیؒ نوادر الاصول کی روایت، ثعلبی کی روایت، ابن المغازنی کی روایات، اخطب خوارزم کی روایت طبرانی کے معاجم کی روایات، ابو یعلیٰ موصلی کی روایات، اسحق بن راہویہ کی روایت، الصنیا المقدسی کی روایت وغیرہ وغیرہ۔ ان سب کا جواب دیا جا چکا ہے البتہ بقايا روايات جو قابل جواب ہیں ان کا جواب عرض کرنا مقصود ہے اور پھر بعض ایسی روایات بھی جمع کی ہوئی ہیں جن کا مدعیٰ و مقصود (یعنی کتاب و عترت ہر دو کے ساتھ تمسک کا واجب ہونا) سے کچھ مساس نہیں۔ تکثیر مواد کی خاطر ان کو فراہم کیا گیا ہے۔ اب اس باب میں جو قابل جواب "ثقلین" کے متعلقہ روایات ہو سکتی ہیں ان کا ذکر کر کے جواب پیش کیا جائے گا۔ ان شاءاللہ تعالیٰ 
ترتیب وار ان تمام روایات کو پہلے نقل کر دیا ہے اس کے بعد جواب بالترتیب عرض کیا جائیگا۔