صاحب عبقات لکھتے ہیں:
ابو المؤيد موفق بن احمد المعروف اخطب خوارزم در كتاب المناقب اخرج تسوده بايں اسناد اخبرنى الشيخ الزاهد ابوالحسن على بن محمد العاصمی الخوارزمی قال اخبرنا الشيخ اسماعيل بن احمد الواعظ قال اخبرنا ابوبكر احمد بن حسين البيهقی فقال اخبرنا ابو عبداللّٰه قال ثنا ابونصر احمد بن سهل الفقيه ببخارا قال ثنا صالح بن محمد الحافظ البغدادی قال ثنا خلف بن سالم المغرمى قال ثنا يحيى بن حماد ثنا ابو عوانة عن سليمان الاعمش قال ثنا حبيب بن ابی ثابت عن ابى الطفيل عن زيد بن ارقمؓ قال لما رجع رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم من حجة الوداع ونزل غدير خم امر بدوحات فقممن فقال كانی قد دعيت فاجبت انی قد تركت فيكم الثقلين احدهما اكبر من الاٰخر كتاب اللّٰه وعترتی فانظروا كيف تخلفونی فيهما فانهما لن يتفترقا حتى يردا على الحوض ثم قال ان اللّٰہ عز وجل مولای وانا مولى كل مؤمن ثم اخذ بيد علیؓ فقال من كنت مولاه فعلی مولاه فهذا وليه اللهم وال من والاه وعاد من عاده۔(عبقات الانوار: جلد 1 صفحہ 269)
یہاں چند گزارشات ناظرین کی خدمت میں پیش کی جاتی ہیں۔
1: اخطب خوارزم کے متعلق بعض علماء اہل السنت نے سخت تنقید کی ہے چنانچہ ہم نے بیہقیؒ کے اسناد کے سخت وہ تنقیدی فقرات بلفظہٖ درج کر دیے ہیں۔ حافظ ابن تیمیہؒ اور شاہ عبدالعزیز رحمۃاللہ نے تحفہ اثناء عشریہ میں لکھا ہے کہ یہ بزرگ زبردست زیدی شیعہ خیال کے آدمی ہیں ان کی تحقیقات اور مرویات برائے اہل سنت قابل اعتماد نہیں۔
2: صاحب عبقات (مير حامد حسين لکھنوی شیعی) نے جو اس تصنیف میں ناانصافیاں کی ہیں اس موقع پر بھی اس کا نمونہ ملاحظہ فرمائیے: یہ روایت مندرجہ بالا اسناداً و متناً وہی روایت ہے جو حاکم صاحبِ مستدرک کے دوسرے اسناد میں مندرج ہے۔ چونکہ صاحب عبقات سن وار علی الترتیب محدثین سے اس روایت کو پیش کر رہے ہیں بنابریں اس کو پہلے تو صاحب مستدرک حاکم نیشاپوریؒ متوفی 405ھ میں درج کی ہے اس کے بعد حاکم کے شاگرد بیہقیؒ متوفی 458ھ بھی چونکہ اسی روایت کے راوی ہیں پھر ان کے 458ھ میں بیہقیؒ کے اسناد کے نام سے اسی روایت کو الگ درج کر کے دکھایا ہے پھر جب اخطب خوارزم (متوفی 568ھ، 634ھ) کا موقع آیا ہے تو وہاں پھر اسی روایت کو درج کر کے اخطب خوارزم کے اسناد کے ساتھ مستقل روایت کو ذکر کیا ہے گویا اس روایت کو جتنے مصنفین اپنے اپنے طرق کے ذریعہ اپنی تالیفات میں مدون کرتے چلے آئیں یہ ان کے زعم میں مستقل روایات بمع اسانید ہیں۔ حالانکہ صاف بات ہے یہ ایک روایت ایک اسناد کے ساتھ مروی ہے اس کو متعدد بنانا اور بار بار درج کر کے دکھلانا اصولاً دیانت داری کے بالکل برخلاف ہے۔ یہ خانہ پوری ہے اور کثرت حوالہ کے طریقے سے اپنی تصنیف کا حجم ضخیم کرنا ہے اور بس!
3: ہم صاحب عبقات کی طرح ایک ہی بات کو بار بار دہرا کر بےفائدہ وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے مختصر یہ ہے کہ اس اسناد مندرجہ پر پہلے حاکم نیشاپوریؒ کے اسانید میں جرح و قدح ہو چکی ہے۔ اس میں خلف بن سالم المخرمی سخت مجروح ہے شیعہ ہے۔ لہٰذا روایت قابل قبول نہیں ہو سکتی۔ پورے حوالہ جات اسماء رجال کی کتب سے ہم پہلے درج کر چکے ہیں تسلی کرنی ہو تو مستدرک حاکم کے دوم اسناد کے تحت ملاحظہ فرمائے جا سکتے ہیں۔
اگر بالفرض روایت ہٰذا صحیح ہے تو اس کا مقصد وہی ہے جو متعدد دفعہ عرض کیا جا چکا ہے کہ عترت کے حق میں امت کو وصیت فرمائی گئی ہے کہ ان کے احترام و اکرام و حقوق کا خیال رکھا جائے اور سیدنا علی المرتضیٰؓ کے متعلق بعض شبہات بیجا پیدا ہوئے تھے ان کا ازالہ فرمایا دوسرا ان کے ساتھ دوستی و موالات و معاداۃ کا مقابلہ ذکر کیا جانا لفظ مولیٰ کے مفہوم کو بھی متعین کر رہا ہے کسی خارجی قرائن و شواہد کی حاجت ہی نہیں ہے۔ اگر اس مقام میں مولیٰ اور ولی کا کوئی دوسرا معنیٰ (مثلاً خلیفہ بلافصل وغیرہ) مراد لیا جائے تو ایک تو ایک جملہ "اللھم وال من والاه الخ" مقاتل سے بےجوڑ ہو کر رہ جائے گا۔ دوسرا ایک مادہ (ولی) کے ایک ہی روایت میں دو معنیٰ متغائر قائم ہونے کی وجہ سے معنوی تشتت رونما ہوگا۔ جو بلاغتِ کلام کے منافی ہے۔