عبقات صفحہ 255 جلد اول پر قاضی عیاض کی کتاب "الشفاء فی حقوق المصطفٰى" کے حوالے سے روایت مذکور درج ہے۔ ناظرین کرام پر واضح ہو کہ قاضی عیاض اہل السنت میں بڑے پایہ کے عالم دین ہیں۔ ہمارے مسلم ثقہ آدمی ہیں صاحب عبقات نے پورے چودہ صفحات کلاں اپنی کتاب کے ان کی تعریف و توثیق جمع کرنے میں پر کر ڈالے ہیں اس بیكار تطویل کا آخر کیا حاصل ہے؟ ہمارے ہاں جب کہ ان پر جرح نہیں ہے مسلم عالم دین ہیں تو ان کی تعریف میں اتنے زور لگانے کی کیا ضرورت درپیش ہے؟
اہل علم پر واضح ہے کہ "الشفاء" مذکور میں حدیثوں کی تخریج نہیں ہے نہ مصنف سند لایا کرتے ہیں نہ ہی روایت کا مآخذ درج کرتے ہیں۔ صاحب عبقات نے تو اس روایت کو لفظاً و معنیٰ متواتر ثابت کرنا ہے ان کو شفاء کا حوالہ پیش کرنا بےسود ہے جس میں سند نہیں ہے اور نہ ہی کسی محدث کا حوالہ دیا گیا ہے۔ صاحب شفا تو خود ناقل حدیث ہیں، صاحب تخریج نہیں۔ ضرورت اس چیز کی ہے کہ سند صحیح کے ساتھ اس روایت کو کسی محدث سے نقل کیا جائے، نقل در نقل کرنے والے علماء کی روایات پیش کرنا بےسود ہیں اور بحث کے قواعد کے پیشِ نظر ناظرین علماء کے جواب کی حاجت ہی نہیں ہے۔