اسناد ثقلین از تفسیر معالم التنزیل بغوی رحمۃاللہ - ردِ…

اسناد ثقلین از تفسیر معالم التنزیل بغوی رحمۃاللہ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

(الحسين بن مسعود ابو محمد الفراء محی السنۃ بغوی شافعی رحمۃاللہ متوفی 516ھ)
اخبرنا ابو سعيد احمد بن محمد بن العباس الحميدیؒ اخبرنا ابو عبيداللّٰہ محمد بن عبداللّٰہ الحافظ انا ابو الفضل الحسن بن يعقوب بن يوسف العدل اخبرنا ابو احمد محمد بن عبد الوهاب العبدی انا ابو جعفرؒ بن عوف (صحیح جعفر بن عونؒ ہے) اخبارنا ابو حيان يحيىٰ بن سعيد بن حيان عن يزيد بن حيان قال سمعت زيد بن ارقمؓ قال قام فينا رسول اللّٰهﷺ صلى اللّٰه عليه وسلّم ذات يوم خطيباً فحمداللّٰه و اثنٰى عليه ثم قال ايها الناس انما انا بشر يوشك ان ياتينی رسول ربی فاجيبہ و انا تارك فيكم الثقلين اولهما كتاب اللّٰه فيه الهدىٰ والنور فخذوا بكتاب اللّہ فاستمسكوا به فحث على كتاب اللّٰہ ورغب فيه ثم قال و اهل بيتی اذكركم اللّٰه فی اهل بيتی اذكركم اللّٰه فی اهل بيتی۔
(تفسير معالم التنزيل بغوى بهامش الخازن پاره چہارم رکوع اول کی آخری آیۃ وَكَيۡفَ تَكۡفُرُوۡنَ وَاَنۡتُمۡ تُتۡلٰى عَلَيۡكُمۡ اٰيٰتُ اللّٰهِ وَفِيۡكُمۡ رَسُوۡلُہٗ(سورۃ آل عمران: آیت 101)(صفحہ 32 جلد اول مصری طبع)
1: اس روایت میں پہلے نمبر پر یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ اس اسناد کے پہلے تینوں رواۃ یعنی ابو سعید، ابو عبیداللہ اور ابوالفضل مجہول الحال ہیں۔ ان کی بڑی تلاش کی گئی ہے کہ کہیں کتب متداولہ سے ان کا پورا پتہ چل سکے مگر کہیں سراغ نہیں مل سکا۔ تقریب تہذیب، میزان ذہبی لسان تہذیب الکمال، خزرجی، تاریخ بغداد، تاریخ اصفہانی لابن نعیم، تاریخ ابن خلکان، تاریخ جرجان للسہمی، الجرح والتعدیل لابن حاتم رازی وغیرہ کتب سے کافی جستجو کے باوجود یہ حضرات نہیں مل سکے۔ اور تاریخ صغیر امام بخاریؒ، تاریخ کبیر بخاری، کتاب الکنی دو لابی سے بھی تلاش کی جا چکی ہے بالکل مفقود الخبر ہیں۔
2: دوسری یہ گزارش ہے کہ اگر اس روایت کو باوجود ان مجاہیل رواۃ کے صحیح تسلیم کر لیا جائے تو اس روایت کی تمام عبارت متن روایت دارمی اور مسلم روایت کے ساتھ متفق اور موافق ہے لہٰذا دارمی و مسلم کی روایت کے تحت جو کچھ تشریح اور توجیہ بیان کی گئی ہے یہاں بھی وہی معتبر اور معتمد ہے پس وہاں رجوع کر کے ملاحظہ فرمائیں۔
3: تیسری اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ صاحب عبقات نے محی السنۃ فراء بغویؒ کی جانب اس ایک روایت کو چہار دفعہ الگ الگ منسوب کر کے دکھلایا ہے حالانکہ یہ واقعہ کے خلاف امر ہے کثرت حوالہ جات کا رعب قائم کرنے کے لیے ان کو اس قسم کی ناانصافیوں کی ضرورت ہے کہ گزرتے ہیں اور ذرہ برابر نہیں چوکتے۔ حقیقتاً امر اس طرح ہے کہ فراء بغویؒ نے اپنی تفسیر معالم التنزیل پارہ چہارم رکوع اول کے آخر میں آیت (وَكَيۡفَ تَكۡفُرُوۡنَ وَاَنۡتُمۡ تُتۡلٰى عَلَيۡكُمۡ اٰيٰتُ اللّٰهِ وَفِيۡكُمۡ رَسُوۡلُہٗ) الخ کے تحت یہ روایت ثقلین باسند خود ذکر کی ہے۔ جیسا کہ اوپر اس روایت کو ہم نے درج کیا ہے۔ ساتھ ہی سند جس درجے کی ہے (اس میں مجاہیل ہیں)، وہ عرض کیا گیا ہے بغوی موصوف نے ایک تو آیت مودۃ (قُلْ لَّاۤ اَسۡئَلُكُمۡ عَلَيۡهِ اَجۡرًا اِلَّا الۡمَوَدَّةَ فِى الۡقُرۡبٰى‌ پارہ 25) کے تحت آیتہ ہٰذا کا مفہوم بیان کرتے ہوئے اس روایت کو مختصر بطور حوالہ ان الفاظ کے ساتھ نقل کیا ہے کہ:
روینا عن یزید بن حیان عن زید بن ارقمؓ عن النبی صلی اللّٰه علیہ وسلم قال انی تارك فيكم الثقلين الخ اور مقصد اس جگہ مفہوم قربیٰ کی وضاحت ہے اور بس۔ دوسرا بغوی موصوف نے آیتہ: سَنَفۡرُغُ لَكُمۡ اَيُّهَ الثَّقَلٰنِ‌۞ کے تحت ثقل کا مفہوم بیان کرتے ہوئے اس روایت کو اس عبارت کے ساتھ نقل کیا ہے کہ قال اهل المعانی كل شیء له قدر دون ينافس فيه فهو ثقل قال النبی صلى اللّٰه عليه وسلم انی تارك فيكم الثقلين كتاب اللّٰہ وعترتی فجعلها ثقلين اعظاما لقد دهما۔
یہاں بھی مفہوم ثقل کی وضاحت کے لیے روایت معروفہ کو بطور تائید پیش کیا گیا ہے کسی الگ سند و اسناد کے ساتھ انہوں نے اسے ذکر نہیں کیا۔ اسی طرح محی السنۃ بغویؒ نے حدیث کی کتاب مصابیح السنۃ مرتب کی ہے اس میں مشہور محدثین کی تصنیفات کا خلاصہ مدون کیا ہے۔ سندات ان محدثین کی حذف کر دی گئی ہیں صرف ان کے متون جمع کر دیے ہیں مصابیح السنتہ میں کچھ روایات مزید ملا کر اور مخارج حدیث بیان کر کے مشکوٰة شریف تیار کی گئی ہے اہل علم حضرات دونوں کتابوں کو خوب جانتے ہیں۔
اس مصابیح السنتہ میں فاضل بغوی نے مناقب اہل بیتؓ کے باب میں یہ روایت ایک دفعہ سیدنا زید بن ارقمؓ صحابی سے مسلم شریف کے حوالہ سے نقل کی ہے دوسری دفعہ سیدنا جابرؓ صحابی سے ترمذی شریف کے حوالہ سے نقل کی ہے اب مصابیح میں یہ دونوں روایتیں مسلم و ترمذی کی منقول ہیں نہ کہ بغویؒ کی اپنی مستقل اسانید کے ساتھ مروی ہیں۔ فلہٰذا بغویؒ کی جانب اس روایت کو چہار اسانید کے ساتھ منسوب کرنا فضول امر ہے بلکہ غلط نسبت ہے جو واقع کے خلاف ہے۔ اس تصنیف کو ایسے بےفائدہ امور کے ترتیب سے مزین کیا گیا ہے اہل علم کی دیانت داری کے مناسب نہیں ہے اور ترمذی کی روایت پر بحث اپنی جگہ مکمل ہو چکی ہے وہاں ملاحظہ کر لی جائے۔
از روئے قواعد ترمذی کی روایت قابل تسلیم نہیں ہے اور مسلم کی روایت سنداً نہایت صحیح ہے مگر اس کا مفہوم اور محل اپنی جگہ درج کیا گیا ہے وہاں رجوع کر لیا جائے۔ اس مقام میں روایت ہٰذا کی مکمل تشریح قابل دید ہے۔