روایت ثقلین حمیدی ابو عبداللہ محمد بن فتوح بن عبداللہ بن…

روایت ثقلین حمیدی ابو عبداللہ محمد بن فتوح بن عبداللہ بن حمید الازدی الاندلسی رحمۃاللہ القرطبی المتوفی 488ھ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صاحب عبقات الانوار نے حمیدیؒ موصوف سے روایت ثقلین ذکر کی ہے اور علامہ حمیدی محدث کی توصیف و توثیق میں پورے دس عدد صفحات عبقات کے پر کر دیے ہیں۔ جواباً گذارش ہے کہ:
1: الجمع بین الصحيحين میں حمیدی نے یہ روایت نقل کی ہے اس کتاب میں بخاری شریف اور مسلم شریف کے صرف متون کو جمع کیا گیا ہے اور ان کے اسناد کو ترک کر دیا گیا ہے صرف صحابی کا نام باقی رکھا گیا ہے اس صورت میں مسلم شریف کی روایت جو زید بن ارقمؓ صحابی سے مروی ہے وہی من و عن روایت جمع بین الصحيحين میں آ گئی ہے۔ یہ کوئی جدید روایت جدید سند کے ساتھ حمیدی نے پیش نہیں کی یہ صحیح مسلم کی ہی گذشتہ روایت ہے۔
2: دوسری گزارش یہ ہے کہ حمیدی کی توثیق و توثیق میں اتنا زور لگایا گیا ہے اور پورے دس عدد صفحات پر کلاں پر کر ڈالے ہیں حالانکہ ہمارے ہاں تو یہ فاضل پہلے سے مسلم و معتمد محدث ہیں۔ اہل سنت کی جانب سے کسی صاحب کی طرف سے ان پر کوئی جرح و قدح نہیں وارد کی گئی اور نہ ہی ان پر عدم اعتماد کا شبہ کیا گیا ہے۔ یہ تمام کارروائی آپ کی تکثیر حوالہ جات کی خاطر معلوم ہوتی ہے۔ اسی طرح بلاضرورت بحثوں کو طول دے کر کتاب طویل کی گئی ہے اور اپنے ہوا خواہوں سے مفت داد حاصل کی گئی ہے۔
3: تیسری عرض یہ ہے کہ اس کا محمل و مفہوم مسلم شریف کی روایت کے تحت جو بیان کیا گیا ہے وہی درست ہے الگ جواب کی حاجت ہی نہیں۔