روايت اول:حدثنا ابوبكر محمّد بن الحسين بن مصلح ن الفقيه بالری، ثنا محمّد بن ايوب، ثنا يحيى بن المغيرة السّعدی، ثنا جرير بن عبد الحميد، عن الحسن بن عبد اللّٰه النخعی، عن مسلم بن صبيح، عن زيد بن ارقم قال: قال رسول اللّٰه صلّى اللّٰه عليه وسلّم: انی تارك فيكم الثقلين كتاب اللّٰه
اللّٰه واهل بيتی وانهما لن يتفرقا حتىٰ يردا علی الحوض۔(مستدرک حاکم: جلد 3 صفحہ 148، مناقب اہل بیت)
واضح ہو کہ مستدرک حاکم میں روایت ثقلین تین بار مروی ہے اگرچہ دوستوں نے حوالہ جات میں کثرت پیدا کرنے کے لیے چار مرتبہ اس روایت کا مستدرک حاکم میں پایا جانا شمار کیا ہے مگر یہ چیز واقعات اور انصاف کے خلاف ہے۔ فلہٰذا ہم پہلے ان روایات کی صحت یا عدم صحت کی جانب توجہ کرنا چاہتے ہیں بعد میں اس چوتھی روایت کی متعلقہ گفتگو بھی پیش خدمت کی جائے گی۔ (ان شاءاللہ تعالیٰ)
مذکورہ سند میں دو شخص ایسے موجود ہیں جن کی وجہ سے تمام روایت درجہ قبولیت سے گر گئی ہے ایک ابوبکر محمد بن الحسین بن مصلح الفقیہ بالری دوسرا جریر بن عبد الحمید ہے ہر ایک کی تفصیلی پوزیشن ذیل میں درج کی جاتی ہے۔
ابوبکر محمد بن الحسین:ابوبکر محمد بن الحسین بن مصلح الفقیہ بالری، یہ حضرت سنی کتب رجال متداولہ سے تلاش کیا گیا ہے اس کا پتہ نہیں چل سکا یعنی مجہول ہے پھر شیعہ رجال سے کوشش کی گئی ہے کہ کہیں سے دستیاب ہو جائے مگر یہ شخص روپوش ہی رہا ہے۔
اہل علم پر واضح ہو کہ عام کتب رجال کے علاوہ خاص کنی کی کتابوں (کتاب الكنى دو لابی و کتاب الكنى امام بخاریؒ) میں ابوبکر کے نام سے جہاں جہاں کنیات مذکور ہیں، وہاں سب جگہ باوجود تلاش کے نہیں مل سکا۔ اللہ اعلم۔
یہ کیسا مجہول الحال بزرگ ہے۔
جریر بن عبدالحمید الضبی سنی رجال میں:دوسرا بزرگ جو يحيٰ بن المغيرة السعدی کا استاد ہے، اور حسن بن عبداللہ نخعی کا شاگرد ہے۔ یعنی جریر بن عبدالحمید بن القرظ الضبی الرازی۔
1: قال قتيبة حدثنا جريرن الحافظ المقدم لكنی سمعته يشتم معاوية علانية(تهذيب: جلد 2 صفحہ 77)
2: واجمعوا علٰى نفيه ورمی بالتسيّع
(قانون الموضوعات للطاهر الفتنی: صفحہ 246)
3: مقدمہ فتح الباری لابن حجر عسقلانیؒ میں ہے:
ونسبه قتيبة الى التشيّع المفرط(مقدمہ فتح الباری: جلد 2 صفحہ 121)
ہر سہ حوالہ جات کا خلاصہ یہ ہے کہ جریر بن ضبی رازی شیعہ ہیں اور شیعہ بھی سخت قسم کے ہیں۔ سیدنا امیر معاویہؓ کو علی الاعلان سبّ و شتم کرتے تھے۔
جریر بن عبد الحمید الضبی الرازی شیعی رجال میں:
1: جرير بن عبد الحمید الضبی الكوفی نزل الرّی (ق) (مح) (جامع الرواة: جلد 1 صفحہ 147)
2: اقول مقتضىٰ عدّالشيخ ره الرجل فی طیّ رجال الشّيعة دون قدح فی مذهبه كونه اماميّا
(مامقانی رجال: جلد 1 صفحہ 210)
حاصل یہ ہے کہ جریر بن ضبی کوفی نے مقام ری میں قیام کیا اور یہ صاحب سیدنا جعفر صادقؒ کے اصحاب میں شمار کیے جاتے ہیں۔ محمد مرزا استر آبادی نے ان کو اپنے رجال میں درج کیا ہے۔ مامقانی کہتے ہیں کہ شیخ طوسی کا اس شخص کو بغیر کسی مذہبی جرح کے اپنے شیعہ رجال میں شمار کر لینا اس کے امامی المذہب ہونے کا متقاضی ہے۔
مذكورہ مندرجہ روایت کے اسناد میں مزید بھی کلام ہو سکتا ہے مگر ہم نے اسی مقدار پر اکتفا کرنا مناسب خیال ہے پس مجہول الحال راویوں کی روایت کو صحیح نہیں کہا جا سکتا، خدا جانے حاکم نیشا پوری بزرگ نے اس کو صحیح الاسناد کیسے فرض کر لیا ہے۔ نیز روایت کے رواۃ میں جب تشیع موجود ہے اور تشیع بھی جس میں سب و شتم تک نوبت پہنچ چکی ہے، تو قبولِ روایت کی بحث خود بخود طے ہو گئی۔