عبقات جلد اول میں لکھا ہے کہ سخاوی در استجلاء گفتہ:
رواہ الجعابی من حديث عبداللّٰہ بن موسىٰ عن ابيه عن عبداللّٰہ بن حسن عن ابيه عن جده عن علی رضی اللّٰه عنه ان رسول اللّٰہ صلى اللّٰه عليه وسلم قال: إن مخلف فيكم ما ان تمسكتم به لن تضلوا كتاب اللّٰه عز وجل طرفہ بيد اللّٰه وطرفه بايديكم وعترتی اهل بيتی ولن يتفرقا حتىٰ يردا على الحوض۔
ونور الدين سہمودی در جواهر العقدین در ذکر طرق ایں حدیث شریف گفتہ۔(عبقات الانوار: جلد 1 صفحہ 181)
ناظرین کے سامنے عبقات کی عبارت بلفظہ پیش کی گئی ہے۔ استجلاء سخاوی یا جواہر القرآن سہمودی ہمارے ہاں موجود نہیں ہیں۔ باوجود تلاش کے نہ مل سکی۔ مقصد یہ تھا کہ ابن الجعابی کی مکمل سند میسر ہو سکے تاکہ اس کی صحت و سقم و قوت ضعف کا اندازہ ہو سکے۔ میر حامد حسین عبقات نے جعابی کی پوری سند روایت ہٰذا نہیں نقل کی صرف حوالہ سخاوی و سہمودی کا حوالہ دے کر بات ختم کر دی ہے کتب بالا یہاں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پوری سند حاصل کرنا دشوار ہے۔ فلہٰذا ہم اس روایت کے صحت و سقم کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے۔ روایت مذکورہ مکمل اسناد کے ساتھ سامنے لائی جائے اگر صحیح ہوئی یعنی اسناداً و متناً تو قبول کرنے میں دریغ نہ ہوگا۔
جن حضرات کو عبقات الانوار کے مطالعہ کا اتفاق ہوا وہ خوب جانتے ہیں کہ صاحب عبقات نے بہت سے مصنفین و محدثین کی جانب سے اس روایت کو منسوب کیا مگر حوالہ مکمل نہیں پیش کیا۔ حالانکہ جب وہ اس روایت کو لفظاً و معناً متواتر ہماری کتب سے ثابت کرنا چاہتے ہیں تو ان پر لازم ہے کہ اس روایت کو مکمل اسانید صحیحہ کے ساتھ پیش کریں نامکمل اسانید کو جمع کرنا یا اسانید مکمل ہوں غیرصحیحہ ہوں ان کو فراہم کرنا یہ مقصد کے لیے بالکل غیر مفید ہے۔