حدثنا ابراهيم بن مرزوق ثنا ابو عامر العقدی ثنا يزيد بن كثير عن محمد بن عمر بن علی عن ابيه عن علی ان النبی صلى اللہ عليه وسلم حضر الشجر بخم فخرج اخذاً بید علی فقال ياايها الناس الستم تشهدون ان اللّٰه ربكم قالوا بلٰى الستم تشهدون ان اللّٰه ورسوله اولى بكم من انفسكم وان الله ورسوله مولاكم قالوا بلٰى قال من كنت مولاه فعلى مولاه انى قد تركت فيكم ما ان اخذتم لن تضلوا بعدى كتاب اللّٰه بايديكم واهل بيتی۔
(مشکل الآثار لابی جعفر الطحاوی: جلد 2 صفحہ 307 جلد طبع دائرۃ المعارف دکن)
روایت ہٰذا کا ترجمہ ابن جریر طبری کی روایت کے تحت گزر چکا ہے، اس لیے دوبارہ درج کی حاجت نہیں ہے۔
البتہ اس اسناد کے متعلق ذیل میں مندرجہ گزارشات لائقِ توجہ ہیں:
1: یہ حوالہ ہمارے دوستوں میں سے صاحبِ فلک النجاة و صاحبِ عبقات وغیرہما کسی صاحب نے ذکر نہیں کیا۔ ہم نے اپنی تلاش سے اس کو حاصل کرکے پیشِ خدمت کر دیا ہے اگر قبولیت کے لائق ہو تو اس کو قبول کیا جائے ورنہ نہیں۔
2: مندرجہ بالا سند کی اسناء الرجال سے تحقیق کی گئی ہے۔ اس سند میں ایک شخص یزید بن کثیر تشریف فرما ہے۔ یہ حضرت باکل مجہول الذات و مجہول الحال ہے۔ رجال و طبقات کی مندرجہ ذیل کتب میں تاحال اس کا کہیں سراغ نہیں مل سکا۔ بڑی کوشش کے باوجود ہم اس نام کی تلاش میں ناکام رہے ہیں:
1:تقریب التہذیب،
2:تہذیب التہذیب،
3:لسان المیزان،
4:تاریخ صغیر امام بخاریؒ،
5:تاریخ کبیر امام بخاریؒ،
6:كتاب الجرح والتعديل لابن ابی حاتم رازیؒ،
7:طبقات ابن سعدؒ،
8:حلیة الاولیاء اصفہانی،
9:اخبار اصفہان لابی نعيم،
10: تاريخ جرجان سہمی،
11:تاريخ بغداد خطيب بغدادی،
12:تذکرة الحفاظ ذہبی،
13:میزان الاعتدال ذہبی،
14:تہذیب الكمال خزرجی،
15:تعجيل المنفعة لابن حجر،
16:تاريخ ابن خلکان وغیرہ وغیرہ کی کافی ورق گردانی کی گئی ہے، مگر یہ بزرگ تاحال مخفی ہی ہیں۔
3: اہل علم کی آگاہی کے لیے عرض کیا جاتا ہے کہ یزيد بن کثیر شیعہ رجال میں بھی مفقود ہے۔ مندرجہ ذیل کتب اس نام کی تلاش کی خاطر اپنے اپنے مقام میں دیکھ لی گئی ہیں یہ حضرت روپوش ہی ہیں کہیں دکھائی نہیں دیتے۔
1:رجال کشی،
2:رجال نجاشی،
3:رجال تفرشی،
4:رجال مامقانی،
5:رجال ابن علی منتہی المقال،
6:رجال حلی،
7:جامع الرویاة اردبیلی۔
8:ملخص المقال فی تحقيق احوال الرجال،
9:روضات الجنات خوانساری،
10:قصص العلماء
11:تحفۃ الاحباب شیخ عباس قمى،
12:تتمۃ المنتهى شيخ عباس قمى،
13:احسن ابو ديعۃ فی تراجم الشيعہ،
14:مجالس المؤمنين شوشتری۔
ان چہار ده کتب تراجم و رجال میں کہیں اس کا دیدار نصیب نہیں ہو سکا۔ ان گزارشات کے بعد منصف مزاج حضرات خود ہی فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کیا ایسی روایت قابلِ قبول ہو سکتی ہے جس کے رواۃ متداول کتابوں میں لاپتہ و مفقود الخبر ہوں۔
4: اس سند کے متعلق آخر میں ایک رائے پیش کی گئی ہے اگر پسند خاطر ہو تو قبول کر لی جائے ورنہ چھوڑ دی جائے۔ وہ یہ ہے اسناد بالا میں یزيد بن کثیر کے نام میں رواۃ کی طرف سے یا ناقلین کی جانب سے قلب واقع ہو گیا ہے۔ اصل نام کثیر بن زید درست ہے یہاں وقوعِ قلب کو دوسرے قرائن کے ذریعہ معلوم کیا گیا ہے۔ ایک تو مسند اسحٰق بن راہویہ کی سند میں (اسی روایت الثقلین میں) محمد بن عمر علی کا شاگرد کثیر بن زید ہے۔
اسناد بھی واحد ہے، روایت بھی یہی ہے. دوسرا جہاں کتب رجال میں محمد بن عمر بن علی کے شاگردوں کی فہرست شمار ہوتی ہے اور وہاں اس کے شاگردوں میں کثیر بن زید بھی ملتا ہے، یزيد بن کثیر مذکور نہیں ہے۔ اور اس کثیر بن زید کے متعلق اسناد اسحٰق بن راہویہ کی روایت کے تحت مفصل کلام گزر چکا ہے، وہاں ملاحظہ فرما لیا جائے۔ یہ شخص مجروح ہے۔ روایت میں خطا کرنے والا ہے۔ لہٰذا اس کی روایت درجہ صحت کو نہیں پہنچ سکتی۔