اسناد مسند ابی یعلی احمد بن المثنىٰ التميمی الموصلی متوفی…

اسناد مسند ابی یعلی احمد بن المثنىٰ التميمی الموصلی متوفی 307ھ

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

"حدثنا بشر بن ولید ثنا محمد بن طلحة عن الاعمش عن عطية بن سعد عن ابی سعید الخدری ان النبی صلى اللّٰه عليه وسلم قال انی اوشك ان ادعىٰ فاجيب وانی تارك فيكم الثقلين كتاب اللّٰه حبل ممدود بين السماء والارض وعترتی اهل بيتی وان اللطيف الخبير اخبرنی انهما لن يفترقا حتى يردا على الحوض فانظروا بما تخلفون فيما"
(مسند ابی یعلی الموصلی: صفحہ 42 قلمی کتب خانہ سعیدیہ حیدرآباد دکن)
واضح ہو کہ ابو یعلیٰ موصلی کا یہ مسند نوادراتِ زمانہ میں سے ہے۔ بڑی جستجو کے بعد حیدرآباد دکن کے کتب خانہ سعیدیہ میں ملا ہے۔ وہاں کے ثقہ اور معتمد علیہ مشہور اہل علم مولانا ابوالوفأ افغانی مدیر لجنة احیاء معارف النعمانیہ دکن کے ذریعے یہ روایت منگائی گئی ہے جو بلفظہ و بعینہ یہاں مندرج ہے۔ اس اسناد کی طرف توجہ کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس سند میں بعض بزرگ ایسے تشریف رکھتے ہیں جن کی وجہ سے سند ساقط الاعتبار ہو چکی ہے۔ یہ صاحب عطیہ بن سعد عوفی کوفی ہیں۔ یہ ضعیف الحدیث ہے۔ کثیر الخطا ہے، مشہور مدلس ہے۔ (جس سے روایت لیتا ہے اس کا اصلی نام واضح نہیں کرتا) اس کے ساتھ ساتھ اس کا شیعانِ کوفہ میں شمار ہے اور "دوستوں" کا عمدہ نمائندہ ہے۔ محمد بن سائب الکلبی جو مشہور کذاب ہے، سے اس شخص نے جعلی روایات کا بہت بڑا ذخیرہ (ابو سعید کنیت تجویز کرکے) اُمت میں پھیلا دیا ہے تہذیب التہذیب و میزان الاعتدال  امام ذہبیؒ وغیرہ میں استاد و شاگرد دونوں کے حالات ملاحظہ فرما کر تسلی کر لی جائے۔ اندریں حالات ان کی مرویات کو قبول کر لینا قواعد اہل سنت کے بالکل برعکس ہے۔
نیز اگر ہم اس روایت کو علی سبیل الفرض صحیح تسلیم کر لیں تو بھی دوستوں کا مدعیٰ و مطلوب اس سے حاصل نہیں ہو سکتا اس لیے کہ روایت ہٰذا میں کوئی ایسا لفظ موجود نہیں ہے جس سے اہل بیت و عترت کی وجوبِ اطاعت ثابت ہوتی ہو:
1: نہ اس متن مندرجہ بالا میں تمسک کا حکم دیا گیا ہے.
2: نہ اس میں یہ حکم ہو رہا ہے کہ عترت کا قول و فعل قبول نہ کرو گے تو گمراہ ہوجاؤ گے۔
3: نہ ہی یہاں خلافت کا مسئلہ بیان ہو رہا ہے۔
البتہ یہاں کتاب اللہ کی اہمیت ایک تمثیل کے ساتھ مذکور ہے اور حقوقِ اہل بیت کی رعایت رکھنے کی ترغیب مندرج ہے اور بس۔
اسی طرح مسند ابی یعلیٰ جلد اول تحت مسندات ابی سعید الخدری میں ثقلین کی ایک اور روایت بعینہٖ اسی نوع کی منقول ہے وہ بھی عطیہ عوفی (عن ابی سعید الخدری) کی وجہ سے مجروح و مقدوح ہے اہل علم کی تسلی کے لیے یہ وضاحت کر دی گئی ہے۔
اسناد محمد بن جریر طبری المتوفی 310 ھ
(بحوالہ کنز العمال: جلد 1)
عن محمد بن عمر بن علی عن ابیہ عن ابی طالب قال ان النبی صلى اللّٰه عليه وسلم حضر الشجرة بخم فخرخ اخذًا بيد علی فقال ياايها الناس الستم تشهدون ان اللّٰه ربكم قالوا بلٰى قال الستم تشهدون ان اللّٰه ورسوله اولى بكم من انفسكم وان اللّٰه ورسوله مولاكم قالوا بلى قال من كنت مولاه فعلى مولاه انى قد تركت فيكم ما ان اخذتم لن تضلوا بعدى كتاب اللّٰه بايديكم واهل بيتی۔(كنز العمال: جلد 1 صفحہ 94 طبع اول تختی کلاں)
ترجمہ روایت ہٰذا:یعنی نبی کریمﷺ خم کے پاس درختوں میں تشریف لائے، (قیام فرمایا) پھر علی کا ہاتھ پکڑتے ہوئے اپنی قیام گاہ سے باہر تشریف لا کر فرمایا کہ اے لوگو! کیا تم اس بات کی گواہی نہیں دیتے کہ اللہ تمہارا رب ہے۔ لوگوں نے عرض کیا جی ہاں! ہم گواہی دیتے ہیں۔ پھر حضرت نے ارشاد فرمایا، کیا تم اس بات کی گواہی نہیں دیتے کہ اللہ اور اس کا رسول تمہارے نفسوں سے بھی تمہارے ساتھ زیادہ حق رکھتے ہیں۔ اور اللہ اور رسول تمہارے مولا ہیں۔ لوگوں نے کہا جی ہاں صحیح ہے۔ پھر فرمایا جس کا مولا میں ہوں اس کے علی مولا ہیں۔ تحقیق میں تم میں ایسی چیز کو چھوڑ رہا ہوں کہ اگر اس کو پکڑو گے میرے بعد ہرگز گمراہ نہ ہوگے وہ اللہ کی کتاب ہے تمہارے ہاتھوں میں اور میرے اہل بیت ہیں۔
واضح ہو کہ اس روایت مندرجہ بالا کی کامل سند تلاش کے باوجود کہیں سے دستیاب نہیں ہو سکی جس کا ہمیں ازحد افسوس ہے۔ ممکن ہے طبری کی کتاب "تہذیب الآثار" میں یہ مکمل سند مل سکے۔ ہم کو اس کا نسخہ کہیں سے دستیاب نہیں ہے۔ پھر ہم نے یہ تلاش کی ہے کہ یہ روایت سیدنا علیؓ کے پوتے محمد بن عمر بن علی کے واسطہ سے جن جن محدثین (صاحب تخریج) نے روایت کی ہے ان کے ہاں سلسلہ روایت ہٰذا کس طرح پایا گیا ہے، اس جستجو کے ذریعے یہ بات ثابت ہوئی کہ محمد بن عمر بن علی سے روایت کرنے والا راوی اس جگہ کثیر بن زید ہے جو بلاواسطہ محمد بن عمر مذکور سے راوی ہے۔ اب کثیر بن زید تک سلسلہ روایت واحد ہے۔ اس سے نیچے اسناد ہٰذا میں اختلاف شروع ہوتا ہے۔ یہ چیز ہم کو محمد بن جریر طبری کے ہم زمان اور قریب زمانہ والے لوگوں کے اسانید میں دستیاب ہو گئی ہے۔ ایک تو محدث اسحٰق بن راہویہ کے مسند میں روایت ہٰذا اسی اسناد کے ساتھ میر ہو گئی ہے۔
دوسرا ابوجعفر امام طحاوی کی مشکل الآثار جلد 2 صفحہ 307 میں بھی یہی روایت ہے اسی اسناد کے ساتھ مذکور ہے اور الفاظ روایت بعینہٖ ابن جریر طبری والے ہیں۔ فلہٰذا ان قرائن سے یہ بات پایۂ ثبوت تک پہنچتی ہے کہ محمد بن عمر بن علی کے تحت کثیر بن زید راوی ہے اور کثیر ہذا کے حق میں مندرجہ ذیل الفاظ جرح علماء نے درج کیے ہیں:
ضعیف، فیہ لین، ليس بشئ، ليس بقوى لا يحتج بنقله۔ 
ترجمہ: یعنی یہ شخص کثیر بن زید محدثین کے نزدیک ضعیف ہے، قوی نہیں، اس میں ضعف ہے یہ کچھ بھی نہیں ہے جو چیز یہ نقل کرے، وہ قابلِ حجت و دلیل نہیں ہے۔ اسی طرح جامع صغیر سیوطی کی شرح فیض القدیر میں عبدالرؤف منادیؒ نے اس کثیر کو مجروح قرار دے دیا ہے (ملاحظہ ہو فیض القدیر: صفحہ 387 جلد 6) 
تحت حدیث لا تبکوا علی الدين الخ) قبل ازیں ہم نے مسند اسحٰق بن راہویہ کی سند کے تحت الفاظ جرح پورے حوالہ جات کے ساتھ لکھ دیے ہیں، رجوع کر لیا جائے۔
اب قاعده الجرح مقدم علی التعدیل اس کثیر کی اگرچہ بعض حضرات توثیق بھی نقل کریں تو لائق التفات نہ ہوگی۔ اور یہ روایت درجۂ صحت کو نہ پہنچ سکے گی۔ مقام استدلال میں صحیح روایت صحیح سند کے ساتھ مطلوب ہے۔