اسانید نسائی - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

اسانید نسائی

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 3 از 3
3:جب روایتِ ہٰذا کے الفاظ کے اعتبار سے مولیٰ کا معنیٰ دوست و محب متعین ہو گیا تو اب غور فرماتے ہیں کہ یہ دلیل اثباتِ خلافت بلا فصل کے لیے کہاں تک مثبت ہوسکتی ہے اور جو دلیل اپنے دعویٰ کو ثابت نہ کرے کہ وہ تقریب تام نہیں ہے دعویٰ تو یہ ہے کہ سیدنا علی المرتضیٰؓ نبوت کے بلافصل خلیفہ ہیں اور اس دعویٰ کے اثبات کے لیے یہ حجت اور دلیل پیش کی گئی ہے اس میں وارد ہے کہ جس شخص کا نبیﷺ دوستدار ہے علی بھی اسی کا دوستدار ہے۔ اے اللہ! جو شخص علیؓ کے ساتھ محبت رکھے تو اس کے ساتھ محبت رکھ، جو علیؓ کے ساتھ دشمنی رکھے تو اس کے ساتھ دشمنی رکھ!
آپ ہی انصاف فرمائیں کیا ایسی دلیل سے دعویٰ مذکور ثابت ہو سکتا ہے جس میں خلافتِ بلافصل کے لیے ایک کلمہ بھی وارد نہیں ہے۔امام نسائی ؒکی روایات کا خلاصہ یہ ہوا کہ روایات ہٰذا اگر صحیح ہیں تو مدعیانِ حب اہل بیتؓ کے لیے مفید نہیں اور مسلکِ اہلِ سنت کے لیے مضر نہیں کیونکہ روایتِ ہذا کو صحیح تسلیم کرنے کی صورت میں یہاں صرف فضیلتِ مرتضوی ثابت ہوتی ہے، اس کے ہم قائل و معترف ہیں۔ خلافتِ بلافصل نہیں ثابت ہوتی جس سے ان کا مدعا پورا ہو سکتا۔
تنبیہ: تحقیق کے شائقینِ اہل علم کی آگاہی کے لیے لکھا جاتا ہے کہ میر حامد حسین مجتہد شیعی لکھنوی نے جس طرح روایتِ ثقلین پر دو ضخیم جلدیں عبقات الانوار کی مرتب کی ہیں اور اپنے زعم میں اس کو متواتر ثابت کرنے کے لیے تمام تر قوت بےفائدہ صرف کر دی ہے، ٹھیک اسی طرح میر صاحب نے روایتِ "ولایت" من كنت مولاه الخ کو بھی لفظاً و معناً متواتر ثابت کرنے کی خاطر اپنی کتاب عبقات الانوار کی کلاں جلدیں مدون کر دی ہیں اور اپنی جانب سے انہوں نے اس مقصد پر ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہے۔ لیکن علماء حق کو اللہ تعالیٰ نے ان چیزوں کے جواب کی بھی توفیق عطا فرمائی ہے۔ چنانچہ حضرت مولانا تھانویؒ مرحوم نے اپنی تصنیف بیان القرآن بارہ ششم آیت  يٰۤاَيُّهَا الرَّسُوۡلُ بَلِّغۡ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَيۡكَ (سورۃ المائدة آیت 67) کے حواشی مسمیٰ بہ تصحیح الاغلاط متعلقہ جلد سوم مطبوعہ مجتبائی دہلی میں اس روایت "ولایت" (من کنت مولاہ فعلی مولاہ) کی عربی عبارت میں طویل بحث کی ہے جس میں اس روایت کے تمام طرق و اسانید جمع کرکے محققانہ تنقید فرمائی ہے وہاں صاحبِ عبقات کی تمام مساعی کو خوب رد کیا ہے۔ ہم تحقیق کے طلبگار لوگوں سے گزارش کریں گے کہ اگر اس روایت کی کماحقہ تحقیق دیکھنی مطلوب ہو تو اس مقام سے ضرور فائدہ اٹھائیں، وہاں بڑے بڑے عجیب علمی انکشاف حاصل ہوں گے اور شیعی استدلال کی پوری حقیقت بھی واضح ہو جائے گی۔

صفحہ 3 از 3