واضح ہو کہ محدث ابو عبدالرحمٰن احمد بن شعیب نسائیؒ متوفی 303 ھ سے یہ روایت الثقلین دو طریقوں سے مروی ہے۔ ایک طریقہ وہ ہے جو ان کی کتاب خصائص سیدنا علیؓ میں مذکور ہے اور دوسرا طریقہ وہ ہے جو ان کی مشہور تصنیف السنن الكبرىٰ میں مرقوم ہے اور موجودہ سنن نسائی میں جو اس کبریٰ سنن کا خلاصہ ہے، نہیں ہے۔ اب پہلے ہم ان تصانیف میں سے ہر دو طریق روایت کو سندِ کامل کے ساتھ نقل کرتے ہیں۔
اسناد اول:اخبرنا احمد بن المثنّى، قال حدثنا يحیى بن معاذ، قال اخبرنا ابو عوانة عن سليمان، قال حدثنی حبيب ابن ثابت عن ابی ثابت عن ابی الطّفيل عن زيد بن ارقمؓ قال لما وفع النبی صلى اللّٰه عليه وسلّم عن حجّة الوداع ونزل غدیر خم، امر بدوحات فقھمن ثم قال كانی دعیت فاجبت وانی تارك فیكم الثّقلين احدهما اكبر من الاٰخر كتاب اللّٰه وعترتی اهل بيتی فانظروا كيف تخلفونی فيهما فانّهما لن یتفرّقا حتّى يردا على الحوض ثم قال ان اللّٰه مولای وانا ولی کل مؤمن ثم انہ اخذ بيد علی رضی اللّٰه عنه فقال من كنت وليه فهذا ولیه اللهم وال من والاه وعاد من عاداه فقلت لزيد سمعته من رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلّم وانّه ماكان فی الدّوحات احد إالا راٰه بعينه وسمعه باذنیه۔(الخصائص للنسائی: صفحہ 21 طبع مصر)
اسناد ثانی:قد روى النسائی فی سننه عن محمد بن المثنى عن يحيى بن حماد عن ابی معاوية عن الاعمش عن حبيب بن ابی ثابت عن ابی الطفيل عن زيد بن ارقمؓ قال لما رجع رسول اللّٰه صلّى اللّٰه عليه وسلّم من حجّة الوداع ونزل بغدیر خم، امر بدوحات فقھمن ثم قال كانی دعيت فاجبت انی قد تركت فيكم الثقلين كتاب اللّٰه وعترتی اهل بیتی فانظرُوا كیف تخلفونی فيهما فانّهما، لن يتفرقا حتى يردا على الحوض، ثم قال اللّٰه مولای وانا ولى كل مؤمن ثم أخذ بيد علی فقال من كنت مولاه فهذا وليّهٗ اللّهم وال من والاه و عاد من عاداه فقلت لزيد سمعته من رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلّم فقال ما كان فی الدّوحات احد الّا راٰه بعينه وسمعه باذنیه تفرد به النسائی من هذا الوجهِ
(البدايہ والنهايہ: جلد 5 صفحہ 20ۃ للحافظ ابن كثير الدمشقى)
ہر دو روایات کا حاصل یہ ہے کہ:سیدنا زيد بن ارقمؓ کہتے ہیں کہ نبی کریمﷺ حجہ الوداع سے واپسی پر جب تالابِ خم کے پاس فروکش ہوئے تو درختہاۓ کلاں کی صفائی کا حکم صادر فرمایا۔ اس کے بعد حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا: مجھے دعوتِ اجل پہنچے گی، میں اسے قبول کروں گا۔ تحقیق میں تمہارے پاس دو بھاری چیزیں چھوڑ رہا ہوں، ایک چیز دوسری چیز سے بڑی ہے وہ اللہ کی کتاب ہے اور میری اولاد، میری اہلیت ہیں۔ اس بات کا خیال کرنا کہ میرے بعد ان کے ساتھ کیا معاملہ کرو گے؟ یہ دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے، حتیٰ کہ میرے پاس حوض پر پہنچیں۔ پھر فرمایا: اللہ تعالیٰ میرے سردار اور مہربان ہیں اور میں ہر مومن کا دوست ہوں۔ پھر آپ نے سیدنا علیؓ کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا، جس شخص کا میں دوست ہوں، یہ علی المرتضیٰ بھی اُس کے دوست ہیں۔ اے اللہ! جو اس کے ساتھ دوستی رکھے اس کو تو بھی دوست رکھ اور جو شخص اس کے ساتھ دشمنی رکھے تو بھی اس کے ساتھ عداوت رکھ!
ابوطفیلؓ کہتے ہیں کہ میں نے زید بن ارقمؓ کو کہا کہ تو نے یہ بات حضور علیہ السلام سے سنی ہے؟ تو اس نے کہا کہ جو شخص بھی ان درختوں میں حاضر تھا، اس نے یہ چیز اپنی دونوں آنکھوں سے دیکھی اور اپنے دونوں کانوں سے سنی۔
روایات مندرجہ بالا کا حاصل ترجمہ ذکر کرنے کے بعد ان کی متعلقہ گزارشات پیش خدمت ہیں:
1:پہلی روایت علامہ نسائی کے رسالہ "خصائص سیدنا علیؓ" میں مذکور ہے۔ اس سے پہلے دو نام احمد بن مثنیٰ اور اُس کا شیخ یحییٰ بن معاذ مطبع والوں کی طرف سے غلط چھپ گئے ہیں اور رجال کی کتابیں (جو متداول ہیں)، اُن میں ان کا کہیں سراغ نہیں ملتا۔ بڑی تلاش کی گئی ہے۔ پھر شیعہ رجال بھی دیکھے گئے ہیں، وہاں بھی یہ دونوں نام لاپتہ ہیں۔ اس کے بعد خصائص کے دیگر نسخوں کی طرف رجوع کیا گیا تو معلوم ہوا کہ کاتبِ و طابع کی مہربانی سے یہ ہر دو نام غلط طبع ہوئے ہیں۔ احمد بن المثنیٰ کی جگہ محمد بن المثنیٰ صحیح نام ہے اور یحییٰ بن معاذ کی بجائے یحییٰ بن حماد درست نام ہے۔ علامہ نسائیؒ نے خصائص ہٰذا میں صحتِ روایات کا بالکل التزام نہیں کیا، بہت سی ضعیف روایات بھی اس میں آگئی ہیں اور متہم بالوضع اور متہم بالتشیع اور کئی قسم کے مجروح رواۃ سے اس کی روایات مدون ہیں۔
ہیں اور دوسری روایت حافظ ابن کثیر عماد الدین نے البدایہ والنہایہ جلد پنجم صفحہ 209 میں نسائی کی السنن الكبرٰى سے نقل کی ہے اور فرمایا کہ تفرد به النسائی من هذا الوجه مطلب یہ ہے کہ روایت ہذا کو اس طریقہ سے ذکر کرنے میں فاضل نسائی متفرد ہیں۔ اس طریقہ میں اور محدثین اس کے شریک نہیں ہیں۔ امام ترمذیؒ نے روایتِ ثقلین کو غریب کے لقب سے یاد کیا ہے جیساکہ عنقریب گزرا ہے اور ابو موسیٰ مدینی نے اس کو غریب جداً سے تعبیر کیا ہے جیسا کہ عنقریب اپنے مقام پر آ رہا ہے اور حافظ ابن تیمیہؒ نے بھی عترتی اہل بیتی والی روایت کو ضعیف و غیر صحیح کہا ہے جیسا کہ ترمذی کی روایت کے آخر میں واضح طور پر لکھا گیا ہے۔
2:نیزواضح ہو کہ السنن الكبرٰى کی روایت کو صاحب فلک النجاة اور صاحب عبقات وغیرہ ہما ان کے مجتہدین نے نہیں ذکر کیا۔ ہم نے اپنی تلاش کے موافق اس کی جستجو کرکے، اس کو پیش کر دیا ہے۔ قصد یہ ہے کہ اس نوع کی روایات جس قدر مل سکتی ہیں، وہ سب یکجا کر دی جائیں تاکہ صحیح و سقیم و ضعیف و قوی کا درست اندازہ ہو سکے اور اس کا صحیح محمل قائم اور متعین ہو سکے۔
3:یہ ہر دو روایات مندرجہ بالا دراصل ایک ہی روایت ہے، اسناد میں صرف ایک راوی کا فرق ہے اس طرح کہ خصائص میں یحییٰ بن حماد کا شیخ ابو عوانتہ ہے اور سننن میں یحییٰ بن حماد کا شیخ ابو معاویہ ہے۔ باقی تمام اسناد ایک جیسا ہے اور متن بھی۔ ہر دو اسانید سے پہلی سند کے متعلق ہم کوئی کلام نہیں کرتے۔ البتہ ابو معاویہ کے متعلق ذرا سخت الفاظ پائے جاتے ہیں، ان کو سامنے لا دینا ٹھیک ہے۔
امام ذہبی ؒنے میزان الاعتدال جلد سوم صفحہ 382 میں ابو معاویہ کے حق میں لکھا ہے کہ:
وقد اشتهر عنه الغلو فی التشيع یعنی غالی شيعہ تھے۔ ان کا غلو فی التشیع مشہور تھا
4:واضح رہے کہ نسائی کی یہ روایات صحیح مسلم اور اُس کے ساتھ جمع کردہ روایات (یعنی مسند احمد کی روایتِ ہشتم اور دارمی کی روایت) سے کم درجہ رکھتی ہیں۔مسلم اور اُس کے ساتھ والی دونوں روایات میں صحت کے شرائط کماحقہ پائے جاتے ہیں اور یہاں وہ موجود نہیں ہیں البتہ ان کو ہم ہر سہ روایات مذکورہ کے بعد کا درجہ دے سکتے ہیں۔
اب ہم ہر دو روایاتِ نسائی کے متن کے متعلق گزارش کرتے ہیں:
روایتِ نسائی کے دو حصے ہیں: روایت کا پہلا حصہ عترت، واہلبیت کے وجوبِ اطاعت اور وجوبِ تمسک کے لیے پیش کرتے ہیں۔ یہ حصہ حتّى يردا على الحوض تک ختم ہو جاتا ہے. پھر دوسرا اللّٰه مولای وانا ولى كل مؤمن الخ علی المرتضٰیؓ کی خلافت بلافصل کی خاطر تجویز کیا کرتے ہیں۔ یہ آخر روایت تک چلا گیا ہے مختصر یہ ہے کہ ان ہر دو دعاویٰ پر روایاتِ مندرجہ بالا کو دلیلِ صریح کے درجہ میں رکھا جاتا ہے۔ اب متن میں غور کر لیا جائے کہ اس سے مذکورہ دعاوی کا اثبات اور استنباط کہاں تک درست ہے؟
اولاً: روایات مندرجہ کے پہلے حصے میں بہ نظر انصاف تدبر کیا جائے، اس میں کہیں ایسے الفاظ موجود نہیں جن سے مسئلہ وجوبِ اطاعت ثابت ہوتا ہو، مثلاً یہاں عترت و اہل بیت کے اقوال و اعمال کو عمل درآمد کے لیے اخذ کرنے کا حکم دیا گیا ہو۔
2: یا اُن کے ساتھ تمسک کا فرمان جاری کیا گیا ہو۔
3: یا متن روایت کے کسی لفظ سے اُن کی اطاعت کا لزوم معلوم ہوتا ہو۔
4: یا یوں ارشاد فرمایا گیا ہو کہ اگر ان کا فرمان مانو گے تو ہرگز گمراہ نہ ہوگے وغیرہ
بہرکیف اس نوعیت کا کوئی حکم یہاں موجود نہیں ہے۔ پس یہ دلیل دوستوں کے اثباتِ مدعیٰ کے لیے ہرگز مفید نہیں یعنی تقريب تام ندارد۔ اس حصے میں صرف کتابُ اللہ کی اہمیت بیان کی گئی ہے اور اہلِ بیت کے ساتھ حسنِ معاملہ کے متعلق توجہ دلائی گئی ہے اور یہ واضح کیا گیا ہے کہ قرآن مجید سے اہل بیت ہمیشہ ہمیشہ نہ جدا ہوں گے اور یہ کہ یہ مستقل نشان بیان کیا گیا کہ قرآن مجید کا ساتھ یہ لوگ دائماً نہ چھوڑیں گے، اُن کی کچھ نہ کچھ تعداد ضرور قرآن سے وابستہ رہے گی۔
ثانياً: روایتِ ہٰذا کے حصہ ثانی کی طرف رجوع فرمائیے جس کو سیدنا علی المرتضیٰؓ کی خلافتِ بلافصل کے لیے واضح ثبوت قرار دیا جاتا ہے۔ اُن کے نزدیک یہ دلیل اس دعویٰ کے اثبات کے لیے روزِ روشن سے بھی زیادہ درخشندہ ہے۔
تمام بحث کا دارو مدار یہاں لفظ ولی اور مولیٰ پر ہے۔ اُن کے نزدیک یہ الفاظ یہاں خلیفہ بلافصل کے معنیٰ میں مستعمل ہیں اور حضور نبی کریمﷺ نے سیدنا علیؓ کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا کہ جس کا میں مولیٰ ہوں، علی بھی اُس کے مولیٰ اور ولی ہیں۔ فلہٰذا اس روایت سے ثابت ہوا کہ سیدنا علی المرتضیٰؓ تمام مسلمانوں کے لیے خلیفۂ بلافصل ہیں۔
الجواب:یہاں چند چیزیں قابلِ توجہ ہیں:
اہل السنۃ میں سے بہت سے اکابر علماء جیسے امام بخاریؒ، ابن ابی حاتم رازیؒ، ابراہیم الحربیؒ، ابن ابی داؤدؒ، ابن حزمؒ وغیرہم کو غدیر خم کے واقعہ کی تفصیلات (مثلاً علی المرتضیٰؓ کا ہاتھ پکڑنا اور فرمانا کہ جس کا میں مولا ہوں، علی بھی اس کے مولا ہیں وغیرہم) کی صحت میں کلام ہے۔ اس بنا پر جن صحیح اسانید کے ساتھ یہ واقعہ منقول ہے (مثلاً صحیح مسلم وغیرہ میں)، وہاں یہ تفاصیل مذکور نہیں ہیں، مفقود ہیں اور جہاں اس نوعیت کی تفصیلات دستیاب ہوتی ہیں، وہاں کے بیشتر طرق متکلم فیہ اور قابلِ نقد ہیں۔
صحتِ روایت کے معیار پر نہیں اتر سکتے۔ فلہٰذا یہ روایتِ ولایت عند العلماء قابلِ بحث بن گئی ہے۔ بہت سے علماء اس کی عدمِ صحت کی طرف ہیں جس طرح اوپر اُن میں سے بعض کا ذکر کیا گیا ہے اور بعض حضرات اس کے صحیح ہونے کے قائل ہیں اور جو اکابر روایتِ ہٰذا کو درست تسلیم کرتے ہیں، اُن کے نزدیک بھی روایت کا معنیٰ اور مفہوم وہی معتبر ہے جو عنقریب ہم پیش کر رہے ہیں یعنی اس موقع پر دوستی و محبت بیان کرنا مقصود تھا، خلافت بلافصل ہرگز مراد نہیں تھی اور خلافت کے متعلق کوئی تذکرہ وہاں جاری نہیں تھا۔
2: دوسری عرض یہ ہے کہ اگر نسائی کی روایات کے متن پر غور کیا جائے تو یہ معلوم کرنا مقصد ہے کہ یہاں لفظ مولىٰ اور ولی کا کون سا معنیٰ درست ہے؟ اہل علم جانتے ہیں کہ مولى ٰکے متعدد معانی لغت عربی میں پائے جاتے ہیں۔ چنانچہ ابن اثیر جزری نے اپنی کتاب "النهايۃ" جو لغتِ حدیث میں مشہور ہے میں لفظ مولى کے سولہ عدد معانی درج کئے ہیں اور "المنجد" میں بیس اکیس معانی لکھے ہیں مگر ان تمام معانی میں لفظ مولى کا معنیٰ خلیفہ بلافصل کہیں بھی دستیاب نہیں۔
اب رہا یہ سوال کہ مولىٰ کے اتنے کثیر معانی میں جب بلافصل خلیفہ کا مفہوم نہیں پایا گیا تو ان معانی میں سے کون سا معنیٰ یہاں روایت ہٰذا میں درست ہو گا تو اس اشکال کا حل خود اس روایت نے کر دیا ہے اس طرح کہ من كنت مولاه فعلی مولاه کے متصلاً بعد اس روایت میں یہ الفاظ موجود ہیں اللّهم وال من والاه وعاد من عاداه یعنی اے اللہ! جو علیؓ کے ساتھ دوستی رکھتے تو اُس کے ساتھ دوستی رکھ! اور جو علیؓ کے ساتھ دشمنی رکھتے تو بھی اُس کے ساتھ عداوت رکھ! ان کلمات میں موالاۃ ایک دوسرے سے دوستی رکھنا اور معاداة ایک دوسرے سے دشمنی رکھنا ہر دو کو ایک دوسرے کے مقابلہ میں ذکر کیا گیا ہے، اُن کا بہ تقابل ذکر کیا جانا یہ بات کا واضح قرینہ ہے کہ اس مقام میں مولى اور ولی دوستی و محبت کے معنیٰ میں ہی مستعمل ہے کوئی دوسرا معنیٰ خلیفہ بلا فصل یہاں مراد نہیں ہے ورنہ یہ جملہ اللهم وال من والاه وعاد من عاداه ماقبل کے ساتھ بے جوڑ ہو کر رہ جائے گا۔ ایک مادہ ولی کے ایک ہی روایت میں دو معنیٰ متنافر قائم ہونے کی وجہ سے معنوی تشتت رونما ہو گا جو بلاغتِ کلام کے منافی ہے۔
3:جب روایتِ ہٰذا کے الفاظ کے اعتبار سے مولیٰ کا معنیٰ دوست و محب متعین ہو گیا تو اب غور فرماتے ہیں کہ یہ دلیل اثباتِ خلافت بلا فصل کے لیے کہاں تک مثبت ہوسکتی ہے اور جو دلیل اپنے دعویٰ کو ثابت نہ کرے کہ وہ تقریب تام نہیں ہے دعویٰ تو یہ ہے کہ سیدنا علی المرتضیٰؓ نبوت کے بلافصل خلیفہ ہیں اور اس دعویٰ کے اثبات کے لیے یہ حجت اور دلیل پیش کی گئی ہے اس میں وارد ہے کہ جس شخص کا نبیﷺ دوستدار ہے علی بھی اسی کا دوستدار ہے۔ اے اللہ! جو شخص علیؓ کے ساتھ محبت رکھے تو اس کے ساتھ محبت رکھ، جو علیؓ کے ساتھ دشمنی رکھے تو اس کے ساتھ دشمنی رکھ!
آپ ہی انصاف فرمائیں کیا ایسی دلیل سے دعویٰ مذکور ثابت ہو سکتا ہے جس میں خلافتِ بلافصل کے لیے ایک کلمہ بھی وارد نہیں ہے۔امام نسائی ؒکی روایات کا خلاصہ یہ ہوا کہ روایات ہٰذا اگر صحیح ہیں تو مدعیانِ حب اہل بیتؓ کے لیے مفید نہیں اور مسلکِ اہلِ سنت کے لیے مضر نہیں کیونکہ روایتِ ہذا کو صحیح تسلیم کرنے کی صورت میں یہاں صرف فضیلتِ مرتضوی ثابت ہوتی ہے، اس کے ہم قائل و معترف ہیں۔ خلافتِ بلافصل نہیں ثابت ہوتی جس سے ان کا مدعا پورا ہو سکتا۔
تنبیہ: تحقیق کے شائقینِ اہل علم کی آگاہی کے لیے لکھا جاتا ہے کہ میر حامد حسین مجتہد شیعی لکھنوی نے جس طرح روایتِ ثقلین پر دو ضخیم جلدیں عبقات الانوار کی مرتب کی ہیں اور اپنے زعم میں اس کو متواتر ثابت کرنے کے لیے تمام تر قوت بےفائدہ صرف کر دی ہے، ٹھیک اسی طرح میر صاحب نے روایتِ "ولایت" من كنت مولاه الخ کو بھی لفظاً و معناً متواتر ثابت کرنے کی خاطر اپنی کتاب عبقات الانوار کی کلاں جلدیں مدون کر دی ہیں اور اپنی جانب سے انہوں نے اس مقصد پر ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہے۔ لیکن علماء حق کو اللہ تعالیٰ نے ان چیزوں کے جواب کی بھی توفیق عطا فرمائی ہے۔ چنانچہ حضرت مولانا تھانویؒ مرحوم نے اپنی تصنیف بیان القرآن بارہ ششم آیت يٰۤاَيُّهَا الرَّسُوۡلُ بَلِّغۡ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَيۡكَ (سورۃ المائدة آیت 67) کے حواشی مسمیٰ بہ تصحیح الاغلاط متعلقہ جلد سوم مطبوعہ مجتبائی دہلی میں اس روایت "ولایت" (من کنت مولاہ فعلی مولاہ) کی عربی عبارت میں طویل بحث کی ہے جس میں اس روایت کے تمام طرق و اسانید جمع کرکے محققانہ تنقید فرمائی ہے وہاں صاحبِ عبقات کی تمام مساعی کو خوب رد کیا ہے۔ ہم تحقیق کے طلبگار لوگوں سے گزارش کریں گے کہ اگر اس روایت کی کماحقہ تحقیق دیکھنی مطلوب ہو تو اس مقام سے ضرور فائدہ اٹھائیں، وہاں بڑے بڑے عجیب علمی انکشاف حاصل ہوں گے اور شیعی استدلال کی پوری حقیقت بھی واضح ہو جائے گی۔