اسانید نسائی - ردِ رافضیت | دفاع اسلام

اسانید نسائی

  محقق کبیر مولانا نافع رحمہ اللہ

صفحہ 1 از 3
واضح ہو کہ محدث ابو عبدالرحمٰن احمد بن شعیب نسائیؒ متوفی 303 ھ سے یہ روایت الثقلین دو طریقوں سے مروی ہے۔ ایک طریقہ وہ ہے جو ان کی کتاب خصائص سیدنا علیؓ میں مذکور ہے اور دوسرا طریقہ وہ ہے جو ان کی مشہور تصنیف السنن الكبرىٰ میں مرقوم ہے اور موجودہ سنن نسائی میں جو اس کبریٰ سنن کا خلاصہ ہے، نہیں ہے۔ اب پہلے ہم ان تصانیف میں سے ہر دو طریق روایت کو سندِ کامل کے ساتھ نقل کرتے ہیں۔
اسناد اول:اخبرنا احمد بن المثنّى، قال حدثنا يحیى بن معاذ، قال اخبرنا ابو عوانة عن سليمان، قال حدثنی حبيب ابن ثابت عن ابی ثابت عن ابی الطّفيل عن زيد بن ارقمؓ قال لما وفع النبی صلى اللّٰه عليه وسلّم عن حجّة الوداع ونزل غدیر خم، امر بدوحات فقھمن ثم قال كانی دعیت فاجبت وانی تارك فیكم الثّقلين احدهما اكبر من الاٰخر كتاب اللّٰه وعترتی اهل بيتی فانظروا كيف تخلفونی فيهما فانّهما لن یتفرّقا حتّى يردا على الحوض ثم قال ان اللّٰه مولای وانا ولی کل مؤمن ثم انہ اخذ بيد علی رضی اللّٰه عنه فقال من كنت وليه فهذا ولیه اللهم وال من والاه وعاد من عاداه فقلت لزيد سمعته من رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلّم وانّه ماكان فی الدّوحات احد إالا راٰه بعينه وسمعه باذنیه۔(الخصائص للنسائی: صفحہ 21 طبع مصر)
اسناد ثانی:قد روى النسائی فی سننه عن محمد بن المثنى عن يحيى بن حماد عن ابی معاوية عن الاعمش عن حبيب بن ابی ثابت عن ابی الطفيل عن زيد بن ارقمؓ قال لما رجع رسول اللّٰه صلّى اللّٰه عليه وسلّم من حجّة الوداع ونزل بغدیر خم، امر بدوحات فقھمن ثم قال كانی دعيت فاجبت انی قد تركت فيكم الثقلين كتاب اللّٰه وعترتی اهل بیتی فانظرُوا كیف تخلفونی فيهما فانّهما، لن يتفرقا حتى يردا على الحوض، ثم قال اللّٰه مولای وانا ولى كل مؤمن ثم أخذ بيد علی فقال من كنت مولاه فهذا وليّهٗ اللّهم وال من والاه و عاد من عاداه فقلت لزيد سمعته من رسول اللّٰه صلّی اللّٰه عليه وسلّم فقال ما كان فی الدّوحات احد الّا راٰه بعينه وسمعه باذنیه تفرد به النسائی من هذا الوجهِ
(البدايہ والنهايہ: جلد 5 صفحہ 20ۃ للحافظ ابن كثير الدمشقى)
ہر دو روایات کا حاصل یہ ہے کہ:سیدنا زيد بن ارقمؓ کہتے ہیں کہ نبی کریمﷺ حجہ الوداع سے واپسی پر جب تالابِ خم کے پاس فروکش ہوئے تو درختہاۓ کلاں کی صفائی کا حکم صادر فرمایا۔ اس کے بعد حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا: مجھے دعوتِ اجل پہنچے گی، میں اسے قبول کروں گا۔ تحقیق میں تمہارے پاس دو بھاری چیزیں چھوڑ رہا ہوں، ایک چیز دوسری چیز سے بڑی ہے وہ اللہ کی کتاب ہے اور میری اولاد، میری اہلیت ہیں۔ اس بات کا خیال کرنا کہ میرے بعد ان کے ساتھ کیا معاملہ کرو گے؟ یہ دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گے، حتیٰ کہ میرے پاس حوض پر پہنچیں۔ پھر فرمایا: اللہ تعالیٰ میرے سردار اور مہربان ہیں اور میں ہر مومن کا دوست ہوں۔ پھر آپ نے سیدنا علیؓ کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا، جس شخص کا میں دوست ہوں، یہ علی المرتضیٰ بھی اُس کے دوست ہیں۔ اے اللہ! جو اس کے ساتھ دوستی رکھے اس کو تو بھی دوست رکھ اور جو شخص اس کے ساتھ دشمنی رکھے تو بھی اس کے ساتھ عداوت رکھ!
ابوطفیلؓ کہتے ہیں کہ میں نے زید بن ارقمؓ کو کہا کہ تو نے یہ بات حضور علیہ السلام سے سنی ہے؟ تو اس نے کہا کہ جو شخص بھی ان درختوں میں حاضر تھا، اس نے یہ چیز اپنی دونوں آنکھوں سے دیکھی اور اپنے دونوں کانوں سے سنی۔
روایات مندرجہ بالا کا حاصل ترجمہ ذکر کرنے کے بعد ان کی متعلقہ گزارشات پیش خدمت ہیں:
1:پہلی روایت علامہ نسائی کے رسالہ "خصائص سیدنا علیؓ" میں مذکور ہے۔ اس سے پہلے دو نام احمد بن مثنیٰ اور اُس کا شیخ یحییٰ بن معاذ مطبع والوں کی طرف سے غلط چھپ گئے ہیں اور رجال کی کتابیں (جو متداول ہیں)، اُن میں ان کا کہیں سراغ نہیں ملتا۔ بڑی تلاش کی گئی ہے۔ پھر شیعہ رجال بھی دیکھے گئے ہیں، وہاں بھی یہ دونوں نام لاپتہ ہیں۔ اس کے بعد خصائص کے دیگر نسخوں کی طرف رجوع کیا گیا تو معلوم ہوا کہ کاتبِ و طابع کی مہربانی سے یہ ہر دو نام غلط طبع ہوئے ہیں۔ احمد بن المثنیٰ کی جگہ محمد بن المثنیٰ صحیح نام ہے اور یحییٰ بن معاذ کی بجائے یحییٰ بن حماد درست نام ہے۔ علامہ نسائیؒ نے خصائص ہٰذا میں صحتِ روایات کا بالکل التزام نہیں کیا، بہت سی ضعیف روایات بھی اس میں آگئی ہیں اور متہم بالوضع اور متہم بالتشیع اور کئی قسم کے مجروح رواۃ سے اس کی روایات مدون ہیں۔
ہیں اور دوسری روایت حافظ ابن کثیر عماد الدین نے البدایہ والنہایہ جلد پنجم صفحہ 209 میں نسائی کی السنن الكبرٰى سے نقل کی ہے اور فرمایا کہ تفرد به النسائی من هذا الوجه مطلب یہ ہے کہ روایت ہذا کو اس طریقہ سے ذکر کرنے میں فاضل نسائی متفرد ہیں۔ اس طریقہ میں اور محدثین اس کے شریک نہیں ہیں۔ امام ترمذیؒ نے روایتِ ثقلین کو غریب کے لقب سے یاد کیا ہے جیساکہ عنقریب گزرا ہے اور ابو موسیٰ مدینی نے اس کو غریب جداً سے تعبیر کیا ہے جیسا کہ عنقریب اپنے مقام پر آ رہا ہے اور حافظ ابن تیمیہؒ نے بھی عترتی اہل بیتی والی روایت کو ضعیف و غیر صحیح کہا ہے جیسا کہ ترمذی کی روایت کے آخر میں واضح طور پر لکھا گیا ہے۔
2:نیزواضح ہو کہ السنن الكبرٰى کی روایت کو صاحب فلک النجاة اور صاحب عبقات وغیرہ ہما ان کے مجتہدین نے نہیں ذکر کیا۔ ہم نے اپنی تلاش کے موافق اس کی جستجو کرکے، اس کو پیش کر دیا ہے۔ قصد یہ ہے کہ اس نوع کی روایات جس قدر مل سکتی ہیں، وہ سب یکجا کر دی جائیں تاکہ صحیح و سقیم و ضعیف و قوی کا درست اندازہ ہو سکے اور اس کا صحیح محمل قائم اور متعین ہو سکے۔
3:یہ ہر دو روایات مندرجہ بالا دراصل ایک ہی روایت ہے، اسناد میں صرف ایک راوی کا فرق ہے اس طرح کہ خصائص میں یحییٰ بن حماد کا شیخ ابو عوانتہ ہے اور سننن میں یحییٰ بن حماد کا شیخ ابو معاویہ ہے۔ باقی تمام اسناد ایک جیسا ہے اور متن بھی۔ ہر دو اسانید سے پہلی سند کے متعلق ہم کوئی کلام نہیں کرتے۔ البتہ ابو معاویہ کے متعلق ذرا سخت الفاظ پائے جاتے ہیں، ان کو سامنے لا دینا ٹھیک ہے۔
امام ذہبی ؒنے میزان الاعتدال جلد سوم صفحہ 382 میں ابو معاویہ کے حق میں لکھا ہے کہ:
صفحہ 1 از 3